بھنڈی سے پرہیز
بھنڈی ریاح پیدا کرتی ہے۔ گو کالی مرچوں سے کچھ مداوا ہوتا ہے مگر بادی، ریح اور قبض کے مریض کو حتی الامکان بھنڈی کا استعمال کم کرنا چاہیے۔ بلغمی کھانسی اور دمے والے مریضوں کے لیے بھی بھنڈی کا زیادہ استعمال مضر ہے۔
بھنڈی کا مزیدار سالن
بھنڈی آدھا کلو، پیاز ایک پاؤ، رائی اور سفید زیرہ ایک ایک چمچہ، کلونجی نصف چمچ، ہلدی نصف چمچ، لہسن پسا ہوا ایک چمچ، نمک، مرچ، تیل حسب ضرورت و ذائقہ۔
ترکیب: دھلی ہوئی خشک بھنڈی کاٹ کر فرائی پان میں تل لیں۔ تیل گرم کرکے کلونجی ڈالیں۔ سارے پسے ہوئے مسالے ڈال کر بھنڈیا اور پیاز ڈال دیں اور ہلکی آنچ پر پکائیں۔ آخر میں ہری مرچیں اور ہرا دھنیا ڈال کر اترا لیں۔ خوش ذائقہ سالن تیار ہے۔ خیال رہے کہ بھنڈیوں میں پانی قطعی استعمال نہیں ہوتا۔
بھنڈی کی بھجیا
بھنڈی ایک پاؤ، پیاز دو عدد درمیانی سائز، لہسن پسا ہوا ایک چمچ، ہلدی نصف چمچ، نمک مرچ حسبِ ذائقہ، ٹمامٹر ایک عدد بڑا، زیرہ سفید نصف چمچ، گھی یا تیل حسبِ ضرورت۔
ترکیب: بھنڈی دھوکر، خشک کرکے کاٹ لیجیے۔ تھوڑے سے گھی میں ہلکی سی تل کر نکال لیں۔ اب پیاز کاٹ کر اسے گھی میں تل لیں اور بھورا ہونے سے پہلے اتار لیں۔ گھی میں لہسن، نمک، مرچ، زیرہ، ہلدی اور ٹماٹر کے ٹکڑوں کو ڈال کر بھونیں۔ پھر اس میں بھنڈی اور پیاز ڈالیں اور ہلکی آنچ پر دم دیں۔ پھر بھون کو ہنڈیا اتارلیں۔ یاد رہے کہ مٹی کی ہنڈیا میں بھونا جائے، تو سب سے بہتر ہے۔
بھنڈی کے بیج اور قیمہ
بیج ایک پیالی، قیمہ آدھا کلو، ٹماٹر دو عدد درمیانے، بڑی الائچی دو عدد، سفید زیرہ ایک چمچ، کالی مرچ نصف چمچ، دار چینی درمیانے دو ٹکڑے، پیاز ایک عدد، گھی اور مسالے حسبِ ضرورت و ذائقہ۔
بھنڈی کے بیج فرائی پان میں معمولی سا تیل لگا کر ایک منٹ تک بھونیں پھر گھی میں پیاز ڈالیں۔ اس میں لہسن، مرچ، نمک، ٹماٹر، ہلدی اور گرم مسالہ ڈال کر قیمہ ملائیں اور ایک چوتھائی پانی ڈال کر قیمہ گلا لیں۔ وہ گل جائے تو اچھی طرح بھون کر بھنڈی کے بیج ڈالیں پھر ہلکی آنچ پر رکھیں۔ آخر میں بھون کر ادرک اور ہری مرچ کاٹ کر ملائیے۔ گھی کی جگہ تیل بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔
بھری ہوئی بھنڈی
بھنڈی آدھا کلو، پیاز ۲ عدد، ٹماٹر ایک عدد بڑا، انار دانہ دو چمچے، زیرہ نصف چمچ، سبز مرچ ۳ عدد
ترکیب: نرم درمیانی بھنڈی دھوکر خشک کرلیجیے۔ اسے درمیان سے چیر لیجیے۔ اناردانہ، زیرہ، نمک، مرچ، سبز مرچ پیس لیجیے۔ پیاز اور ٹماٹر بھی باریک کرلیجیے۔ یہ سب ملا کر کریلوں کے مانند بھنڈی میں بھرئیے۔ پھر گھی یا تیل میں تل لیجیے، ہلکی بھوری ہونے لگیں تو مسالہ ڈال کر دم دیجیے۔ جب مسالہ گھی سے الگ ہوجائے تو چولہے سے اتار لیں۔ بھری ہوئی بھنڈیاں ہمیشہ فرائی پان میں تلیں اور ان میں چمچہ بڑی احتیاط سے استعمال کریں۔ چمچ کے جائے اگر فرائی پان ہلالیں تو زیادہ بہتر ہے۔
اچاری بھنڈیاں
بڑا کچا آم ایک عدد، بھنڈی آدھا کلو، ہلدی ایک چمچ، نمک، مرچ حسبِ ذائقہ، کلونجی ایک چمچ، سفید زیرہ ایک چمچ، میتھی دانہ ایک چوتھائی چمچ، سونف ایک چمچ، لہسن (پسا ہوا) ایک چمچ۔
ترکیب: چھلے ہوئے لہسن کے چار ثابت دانے لے کر موٹے موٹے کاٹ لیجیے۔ ادرک کا ایک چھوٹا سا ٹکڑا بھی کاٹ لیں۔ چھ عدد ہری مرچیں ڈنڈی سمیت لے کر انھیں درمیان سے چیر دیجیے۔ چھوٹی بھنڈیوں کو دونوں طرف سے کام کر ثابت رہنے دیں۔ تیل گرم کیجیے۔ کچا آم چھیل کر لمبائی کے رخ ٹکڑے کیجیے، وہ زیادہ موٹے نہ ہوں۔ تیل میں نمک، مرچ، ہلدی، کلونجی، سفید زیرہ، میتھی دانہ، سونف، لہسن، کٹا ہوا لہسن اور ادرک ڈال دیجیے۔ ساتھ ہی کچا آم ڈال کر ایک چوتھائی پانی ملا کر ڈھانپ دیجیے۔ پانی خشک ہونے کے بعد ہری مرچ اور بھنڈیاں ڈال کر بھون لیجیے۔ ایک چوتھائی پیالی پانی ڈال کر ہلکی آنچ پر ڈھانپ کر پکائیے۔ پانی خشک ہوجائے تو بھون کر اتار لیں۔
دو پیازہ
بھنڈی کا دو پیازہ بھی بنتا ہے۔ اس میں بھنڈیاں اور پیاز ہم وزن ڈالا جاتا ہے۔ ایک بڑی کچی کیری کدوکش کرکے نمک، موٹی کٹی ہوئی ثابت مرچ، سفید زیرہ، ثابت لہسن اور ہلدی ملاتے ہیں۔ بھنڈیاں تل کر ہلکی فرائی کی جاتی ہیں۔ مسالہ بھون کر بھنڈی اور پیاز ڈال کر دم دیتے ہیں۔