رنگ نکھارنے کے لیے
٭ رات کو سونے سے پہلے لیموں، زعفران، روغنِ زیتون ملا کر ملنے سے رنگ سرخ و سفید ہوجاتا ہے۔
٭ رات کو اصلی شہد اور بالائی دونوں ملا کر چہرے پر لگائیں۔ اس سے دانے وغیرہ کے جو داغ چہرے پر ہوں گے وہ بھی صاف ہوجائیں گے اور رنگت بھی خوب نکھر آئے گی۔
٭ چرونجی کو کچے دودھ میں باریک پیس کر چہرے پر ملنے سے بھی رنگت نکھر جاتی ہے۔
٭ لیموں کا رس ایک تولہ، روغن زیتون ۲ تولہ، روغن بادام ایک تولہ۔ تینوں کے آمیزے کو رات کو سوتے وقت چہرے او رہاتھوں پر ملیں چند دن میں رنگت نکھر جائے گی۔
بالوں کے لیے
بال بڑھانے اور بالوں کو مضبوط کرنے کے لیے چند دنوں تک مندرجہ ذیل ترکیبوں میں سے کوئی استعمال کریں:
٭ بیری کے پتے لے کر انھیں چٹنی کی طرح باریک پیسیں، جھاگ نکال کر بیس منٹ تک سر میں خوب ملیں اور پھر سر دھو ڈالیں۔ صابن کا استعمال نہ کریں، اس سے بال چمکیلے، گھنے اور لمبے ہوجائیں گے۔
٭ سرسوں کی کھلی بھی سر کے بالوں کے لیے بہت مفید ہے۔ سر دھونے سے ۲ گھنٹے قبل پانی میں بھیگی ہوئی سرسوں کی کھلی کا پانی نتھار کر سر دھوئیں۔
٭ آملہ خشک، ہڑخورد، ریٹھ اور بیری کے پتے ہم وزن لے کر چار تولہ پانی میں جوش دیجیے۔ اور پھر ٹھنڈا کرکے رکھ لیجیے۔ اس سے ہر تیسرے روز بال دھونے سے بال لمبے اور سیاہ ہوجاتے ہیں۔
٭ سیکا کائی، ماش کی دال اور میتھی سل پر باریک چٹنی کی طرح پیس لیجیے پھر اس سے سر دھوئیے۔ اس سے بال جھڑنے بند ہوجائیں گے۔ بالو ںکا سفید ہونا بھی بند ہوجائے گا اور بال چمکدار بھی ہوجائیں گے۔
چہرے کے دانے
٭ اگر آپ کے چہرے پر دانے نکل آئے ہوں تو کالی مرچ کو بھگو کر گھڑے پر رگڑیں۔ گھڑے پر رگڑی ہوئی مرچ کے لعاب کو دانوں پر لگائیں۔ رات کو لگا کر سوجائیں۔ فوراً ٹھیک ہوجائیں گے اور کوئی تکلیف بھی نہ ہوگی۔
دانت چمکدار بنائیں
٭ پہلے برش کو لیموں کے رس میں بھگوئیں اور اس کے بعد سوڈا بائی کاربونیٹ میں ڈبوئیں۔ اب اپنے دانت برش کریں۔ آپ کے دانت موتیوں کی طرف چمکنے لگیں گے۔
٭ کڑوے تیل میں نمک ملا کر دانت صاف کیجیے۔ اس طرح بھی چمک پیدا ہوجائے گی۔ اگر آپ تیل کی بو سے ہچکچاہٹ محسوس کریں تو اس کے بعد کوئی اچھا سا منجن یا ٹوٹھ پیسٹ استعمال کریں۔
ہاتھوں اور چہرے کی پھٹی جلد کے لیے
٭ اکثر سردیوں کے زمانے میں ہاتھ اور چہرے کی جلد پھٹ جاتی ہے اس کے لیے لیمو، گلسرین اور گلاب کا عرق تینوں کو ملا کر ملیں۔ جلد شفاف اور نرم ہوجائے گی اور دلکش بھی معلوم ہوگی۔
ہونٹوں کی سرخی
٭ روزانہ رات کو ہونٹوں پر زعفران لگائیں اور ۵ منٹ کے بعد دھو ڈالیں۔ چند دنوں تک ایسا کرنے سے آپ کے ہونٹوں پر قدرتی لالی آجائے گی اور آپ کو لپ اسٹک لگانے کی ضرورت محسوس نہیں ہوگی۔
٭ اکثر سردیوں میں ہونٹ پھٹ جاتے ہیں اور کافی بدنما معلوم ہوتے ہیں اس کے لیے گائے کا کچا دودھ ہونٹوں پر لگائیے۔ ہونٹ نہیں پھٹیں گے۔
چہرے سے مہاسے اور دھبے دور کرنے کے لیے
٭ اگر آپ کے منہ پر مہاسے یا کسی قسم کے دھبے پڑگئے ہوں تو انھیں مٹانے کے لیے چہرے پر کچا دودھ لے کر ملئے۔ بہتر ہوگا کہ دونوں وقت ملیں جلد ہی فرق محسوس کریں گی۔
٭ رات کو سونے سے پہلے چہرے پر تھوڑی سی بالائی مل لیں۔ اس سے چہرہ ملائم رہے گا اور داغ دھبے بھی صاف ہوجائیں گے۔ جن خواتین کی جلد چکنی ہو وہ یہ عمل نہ کریں۔
٭ ہلدی کو باریک پیس کر دہی میں ملا لیجیے۔ پھر کریم کی طرح ہاتھوں سے چہرے پر مل کر پندرہ منٹ بعد دھو ڈالیے۔
٭ منہ پر خربوزے کا گودا لے کر لیپ کریں۔ مہاسے اور جھائیاں دور ہوجائیں گی۔
٭ صبح منہ دھونے کے بعد منہ پر ٹھنڈے پانی کے چھپاکے مارئیے۔ اس سے ایک تو مہاسے اور دانے ختم ہوجائیں گے۔ دوسرے چہرے پر شگفتگی پیدا ہوجائے گی۔