بیٹی کے حقوق

ابو صباحت

اگر آپ ایک بچی کے باپ یا ماں ہیں تو آپ پر اس بچی کے سلسلے میں کچھ دینی، اخلاقی، معاشرتی اور قانونی فرائض عائد ہوتے ہیں۔ ان میں سے اہم فرائض یہ ہیں:
(۱) تعلیم و تربیت
آپ کی یہ دینی، اخلاقی اور معاشرتی ذمے داری ہے کہ بچی کی اس طرح تربیت کریں:
(الف) کہ وہ ملک کی اچھی شہری بنے،
(ب) وہ ایک اچھی ماں بنے،
(ج) اسے ایسی تعلیم دی جائے جس کی مدد سے وہ ایک گھر سنبھال سکے، اولاد کی اچھی تربیت کرسکے، گھر کو صاف ستھرا اور صحت مند ماحول مہیا کرنے میں معاون ثابت ہو، اور اسے اس طرح امن کا گہوارہ بنائے کہ خاوند اور اولاد گھر میں سکون محسوس کریں۔
(د) اولاد کی ابتدائی تعلیم میں اس کی مدد کرے۔
اگر آپ بچی کی مندرجہ بالا انداز میں تربیت کریں گے تو رسول اللہ ﷺ کے ارشاد کی رو سے آپ جنت کے مستحق ہوں گے۔
(۲) معاشرتی برائیوں سے بچاؤ
آپ کی یہ دینی، اخلاقی اور معاشرتی ذمے داری ہے کہ گھر کا ماحول اس طرح پاکیزہ ہو کہ بچی فحاشی اور بے حیائی کے جراثیم اور اثرات سے محفوظ رہے۔ ایسے اسکول میں اس کو تعلیم دلائی جائے جہاں اس کو اخلاقی اور مذہبی تربیت اور تعلیم ملے۔ اس طرح وہ بڑی ہوکر اپنے خاوند اور اولاد کو رشوت، بددیانتی اور بدعنوانی سے بچا کر حلال کمائی کی طرف راغب کرے گی۔ آج کل لوگ اپنی بیوی اور اولاد کی فرمائشیں پوری کرنے کے لیے معاشرتی اور اخلاقی برائیوں میں ملوث ہوجاتے ہیں اور یوں وہ ملک کو نقصان پہنچاتے ہیں اور خود کو اور اپنی اولاد کو دوزخ کا ایندھن بنادیتے ہیں۔ بچی کی تربیت سے ایسا نہیں ہوگا۔
(۳) حقِ وراثت
بچی آپ کی جائداد میں سے حصہ لینے کا حق رکھتی ہے۔ آپ اسے اس حق سے محروم کرنے کے لیے اپنی جائداد اپنے لڑکوں ہی کو نہ دے ڈالیے، اسے بھی اس کا حق دیجیے۔ اگر آپ کوئی وصیت کررہے ہوں تو اس کے حق کو نقصان اور ضرر نہ پہنچنے دیں۔ لڑکوں کو تلقین کرتے رہیے اور وصیت کرجائیے کہ وہ اپنی بہن کو وراثت اور دیگر حقوق سے محروم نہ کریں۔
(۴) شادی کی آزادی
جب آپ بچی کی شادی کریں تو اس کی رضا مندی حاصل کرلیں۔ یہ اس کا دینی اور قانونی حق ہے۔ اگرآپ اس حق سے اسے محروم کریں گے تو آپ نہ صرف اللہ کے ہاں گنہگار ہوں گے بلکہ اپنی بچی کے لیے شدید مشکلات کا باعث بنیں گے۔

آج کل عورتوں کے ساتھ اچھا برتاؤ نہیں ہوتا۔ والدین کے گھر میں اسے بھائی اور ماں باپ ڈانٹتے رہتے ہیں اور شادی کے بعد سسرال والے اور خاوند۔ آپ اپنی بچی سے مشفقانہ برتاؤ کیجیے۔ اگر اس سے کوئی غلطی ہوجائے تو پیار سے سمجھائیے۔ پیار سے سمجھانے پر بچیاں فوراً سمجھ جاتی ہیں۔ اس مشفقانہ برتاؤ کو جاری رکھئے خواہ وہ کتنی بڑی ہوجائیں۔ اس طرح وہ دنیا کی مشکلات برداشت کرنے کا حوصلہ حاصل کرتی اور اسے اپنی اولاد میں منتقل کرتی رہیں گی۔ یوں آپ کا مشفقانہ برتاؤ نسلوں تک منتقل ہوتا چلا جائے گا۔

مزید

حالیہ شمارے

ماہنامہ حجاب اسلامی ستمبر 2024

شمارہ پڑھیں

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ ستمبر 2023

شمارہ پڑھیں

درج بالا کیو آر کوڈ کو کسی بھی یو پی آئی ایپ سے اسکین کرکے حجاب اسلامی کو عطیہ دیجیے۔ رسید حاصل کرنے کے لیے، ادائیگی کے بعد پیمنٹ کا اسکرین شاٹ نیچے دیے گئے  وہاٹس ایپ پر بھیجیے۔ خریدار حضرات بھی اسی طریقے کا استعمال کرتے ہوئے سالانہ زرِ تعاون مبلغ 600 روپے ادا کرسکتے ہیں۔ اس صورت میں پیمنٹ کا اسکرین شاٹ اور اپنا پورا پتہ انگریزی میں لکھ کر بذریعہ وہاٹس ایپ ہمیں بھیجیے۔

Whatsapp: 9810957146