بے خوابی کا گھریلو علاج

ڈاکٹر ثمینہ انجم

جیسے جیسے زندگی میں ٹینشن، تناؤ،فکر اور ،غموں کا بوجھ بڑھتا جارہا ہے، انسان کی زندگی نیند کی لذت سے محروم ہوتی جارہی ہے۔ مقابلہ اور بھاگ دوڑ کی زندگی میں ہر شخص پریشان ہے اور یہی وجہ ہے کہ بے خوابی یا نیند کی کمی ہمارے معاشرہ میں ایک عام بیماری بنتی جارہی ہے۔ بعض اوقات نیند نہ آنے کے اسباب نفسیاتی کے بجائے جسمانی امراض بھی ہوسکتے ہیں جن کا فوری علاج ضروری ہوجاتا ہے۔ بلڈ پریشر، پت کی خرابی، ہاضمہ کے مسائل ایسی بیماریاں ہیں جو نیند کو متاثر کرتے ہیں۔

نیند انسان کی بنیادی ضرورت ہے جو اسے نشاط، تازگی بلکہ زندگی عطا کرتی ہے۔ انسان اگر ایک رات نہ سوئے تو اگلے روز اس کی زندگی اور پوری کارکردگی متاثر رہے گی۔ اور یہ عمل اگر مسلسل جاری رہے تو انسان ہذیان یا پاگل پن تک کا شکار ہوسکتا ہے۔ یہ اللہ تعالیٰ کی بیش بہا نعمت ہے جس کا تذکرہ قرآن میں بھی کیا گیا ہے۔

نیند نہ آنے کی صورت میں انسانی دماغ ٹھیک طرح سے کام نہیں کرتا، چستی و نشاط کے بجائے سستی اور طبیعت میں بھاری پن رہتا ہے اور حافظہ سب سے زیادہ متاثر ہوتا ہے۔ ہر وقت یہی خواہش رہتی ہے کہ تھوڑی دیر سولیں مگر جب لیٹتے ہیں تو یا تو نیند نہیں آتی اور اگر آتی ہے تو بہت دیر کے بعد آتی ہے۔

علاج:

اگر نیند نہ آنے کا سبب کوئی جسمانی بیماری ہو تو اس کا فوری علاج کیا جانا چاہیے اور اگر اسباب نفسیاتی ہیں تو ان سے چھٹکارے کے لیے مضبوط قوت ارادی حاصل کرنے کی طرف توجہ کرنی چاہیے۔ اور اگر ضرورت ہو تو کسی ماہر نفسیات سے رجوع کرنا چاہیے۔

ایسی صورت میں ایک اہم اور نہایت کارآمد چیز اللہ کی طرف رجوع اور اس کا ذکر ہے۔ اللہ تعالیٰ فرماتا ہے: الا بذکر اللہ تطمئن القلوب۔ (لوگو! سن لو کہ اللہ کی یاد سے ہی دلوں کو اطمینان حاصل ہوتا ہے)۔ اللہ کی یاد، قرآن کی تلاوت اور نمازوں کا اہتمام وہ کامیاب نسخہ ہے جو جملہ نفسیاتی الجھنوں سے نجات دلاتا ہے اس لیے اس کو ضرور آزمایا جانا چاہیے۔ ذیل میں ہم کچھ ایسی چزیں اور کام تجویز کررہے ہیں جو اچھی اور میٹھی نیند کا ذریعہ بنتے ہیں۔ حسب ضرورت ان کا بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔ یہ وہ چیزیں ہیں جنھیں روز مرہ کی زندگی میں فراہم اور استعمال کرسکتے ہیں۔

— رات کو سونے سے پہلے ٹھنڈے یا گرم پانی سے غسل کریں۔ اگر یہ ممکن نہ ہو تو وضو ضرور کرکے سوئیں۔

— رات میں پیر کے تلوؤں پر تِل کا تیل ملنے سے گہری نیند آتی ہے۔

— رات کو جلد سونے کی عادت ڈالیں، تاخیر سے سونا اچھی نیند سے محرومی کا ذریعہ ہے۔

— سر پر تیل کی مالش، کمرے میں اور کپڑوں میں خوشبو کے ماحول سے بھی اچھی نیند آتی ہے۔

— ۱۰ گرام پپلا مول کا چورن گڑ کے ساتھ کھانے سے لازماً اچھی نیند میسر آئے گی۔

ان چیزوں کے علاوہ درج ذیل نسخے بھی استعمال کیے جاسکتے ہیں۔

دودھ کا استعمال: سونے سے پہلے ایک گلاس دودھ کا استعمال اچھی نیند میں معاون ہوتا ہے۔

میٹھا کھانا: سونے سے پہلے میٹھی چیزیں کھانا خصوصاً ۵۰ گرام گڑ مستقل کھانا کم خوابی یا بے خوابی کا علاج ہوسکتا ہے۔

مہندی کا استعمال: مہندی صرف حسن و زیبائش ہی کا ذریعہ نہیں بلکہ علاج بھی ہے۔ سونے سے قبل بستر پر مہندی کے پھول بکھیر دینا جلد نیند لانے میں معاون ہوتا ہے۔

شہد کا استعمال: رات کو سونے سے قبل گرم پانی میں شہد ملاکر چائے کی طرح پینے سے اچھی نیند آتی ہے۔

بچاؤ

بے خوابی سے بچاؤ کے لیے ضروری ہے کہ آدمی دن میں سخت محنت کرے اور جسم کو تھکائے۔ اس کے علاوہ مناسب ورزش، کھلی فضا اور صاف ہوا میں ٹہلنا بہت مفید ہے۔

مزید

حالیہ شمارے

ماہنامہ حجاب اسلامی ستمبر 2024

شمارہ پڑھیں

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ ستمبر 2023

شمارہ پڑھیں

درج بالا کیو آر کوڈ کو کسی بھی یو پی آئی ایپ سے اسکین کرکے حجاب اسلامی کو عطیہ دیجیے۔ رسید حاصل کرنے کے لیے، ادائیگی کے بعد پیمنٹ کا اسکرین شاٹ نیچے دیے گئے  وہاٹس ایپ پر بھیجیے۔ خریدار حضرات بھی اسی طریقے کا استعمال کرتے ہوئے سالانہ زرِ تعاون مبلغ 600 روپے ادا کرسکتے ہیں۔ اس صورت میں پیمنٹ کا اسکرین شاٹ اور اپنا پورا پتہ انگریزی میں لکھ کر بذریعہ وہاٹس ایپ ہمیں بھیجیے۔

Whatsapp: 9810957146