جسم اور دماغ کے کام کرنے کی قدرتی حدیں ہوتی ہیں۔ اگر اس پر ضرورت سے زیادہ دباؤ ڈالا جائے تو جسم میں تھکن کا احساس ہونے لگتا ہے۔ خاص طور پر کام کرنے والی خواتین کو پورا دن گھر کے کاموں میں لگے رہنے اور آرام کی کمی سے کافی تھکن محسوس ہوتی ہے۔ یہ معاملہ ان خواتین کے ساتھ دوہرا ہوتا ہے جو کام کاج کی غرض سے گھر سے باہر بھی جاتی ہیں۔کبھی کبھی تو ان کو اتنی زیادہ تھکن ہوتی ہے کہ رات کو پوری نیند اور آرام کرنے کے بعد بھی وہ صبح کو تازگی محسوس نہیں کرتیں۔ ہر وقت ان کو تھکن اور جسم ٹوٹنے کا احساس ہوتا رہتا ہے۔ بہت سی خواتین تو تھکن دور کرنے کے لیے درد ختم کرنے والی دواؤں کا استعمال کرتی ہیں۔ لیکن اس کا مسلسل استعمال نقصان دہ ثابت ہوسکتا ہے۔ آپ اس تھکن سے نجات حاصل کرسکتی ہیں اور خود کو تروتازہ بناکر اپنی قوت کارکردگی میں اضافہ کرسکتی ہیں اگر درج ذیل چیزوں پر دھیان دیں۔
(۱) کام کے دوران زیادہ دیر کھڑے رہنے سے اگر پیر کی ایڑیوں میں درد ہونے لگے تو گرم پانی میں تھوڑا سا نمک ڈال کر کچھ دیر تک ایڑیوں کو اس میں ڈبو کر رکھیں تھکن دور ہوگی اور جسم ہلکا پھلکا محسوس ہوگا۔
(۲) تھکن کا احساس ہونے پر اپنی پسند کے مطابق چائے، کافی،دودھ یا شربت کا استعمال کریں اس سے آپ کو راحت ملے گی۔
(۳) اگر کام کے دوران کمر درد کا احساس ہونے لگے تو فرش پر سیدھے لیٹ جائیں اس سے کمر درد سے راحت ملے گی۔
(۴) پاورچی خانے اور گھر کے کاموں سے فارغ ہونے کے بعد ٹھنڈے پانی سے ہاتھ منھ دھوکر کپڑے بدل لیں اور بالوں کو سنواریں اس سے تازگی محسوس ہوگی۔
(۵) گرم پانی سے سکائی: اگر کمر میں درد زیادہ محسوس ہو توگرم پانی کی تھیلی سے سیکیں اس سے کمر درد دور ہوجائے گا۔
(۶) کھجور: تھکن دور کرنے میں کھجور بہت کارگر نسخہ ہے۔ جولوگ اکثر تھکن محسوس کرتے ہوں وہ کھجوریں کھائیں فوراً تازگی محسوس ہوگی، رات کو سونے سے پہلے ۵ یا ۶ کھجور ایک کپ پانی میں بھگودیں صبح اسے کچل کر کھائیں اور اوپر سے وہی پانی پی لیںاس سے دن بھر تازہ دم رہیں گی اور تھکن محسوس نہیں ہوگی۔
(۷) انگور: انگور تھکاوٹ دور کرنے کے لیے مفید ہوتا ہے۔ ایک گلاس انگور کے رس میں لیمو کا رس ملاکر پینے سے تھکان کچھ ہی لمحے میں دور ہوجائے گی۔
(۸) اناج کے ہرے دانے: جو لوگ ہمیشہ تھکن محسوس کرتے ہیں ان کو اناج کے بیجوں یعنی (ہرے دانے) کا استعمال کرنا چاہیے۔ یہ جسم کو توانائی بخشتے ہیں اور تھکن دور ہوتی ہے۔ گیہوں، جو، جئی، مکّاو غیرہ خاص ہیں۔ ان کو پکائے بنا ہی ہری شکل میں کھائیں ہرے تازہ دانے فراہم نہ ہونے پر ان کو پانی میں بھگو کر کھائیں، تھکان کی شکایت جو جسمانی کمزوری کے سبب ہوتی ہے، ہمیشہ کے لیے دور ہوجائے گی۔
گھریلو کام مناسب ورزش
خواتین کے لیے گھریلو کام کرنا بہت ہی فائدہ مند ہے۔ اس سے مناسب ان کے لیے دوسری کوئی ورزش نہیں ہے۔ گھریلو کام کرنے سے ان کے ہر عضو کی ورزش ہوجاتی ہے۔ سائنسی انکشاف کے بعدیہ ثابت ہوچکا ہے کہ جو خواتین گھریلو کام کاج میں زیادہ وقت صرف کرتی ہیں ان میں کولہوں اور جانگھوں کی ہڈیوں کا فریکچر کم پایا جاتا ہے۔ سیڑھیاں چڑھنا اترنا، باغیچے میں کام کرنا، جھاڑو پوچھا لگانا وغیرہ اس طرح کا کام کرنے والی خواتین کی ہڈیاں بہت مضبوط ہوتی ہیں۔