اللہ تعالیٰ نے آپ کو خوب صورت جسم عطا کیا ہے۔ تمام مخلوق میں سب سے خوبصورت صورت دی ہے۔ اگر آپ اس کی دیکھ بھال اس کی حفاظت نہیں کرتی ہیں تو یہ اس کی نعمت کو ٹھکرانے کے مترادف ہے۔ اس لیے آپ کو چاہیے آپ اپنے جسم اور اس کے بناؤ سنگھار کا پورا پورا خیال رکھیں۔ یہ آپ کا فرض بھی ہے اور دنیاوی ضرورت بھی ہے۔
جلد
ہمیں اپنی جلد کی طرف توجہ دینی چاہیے۔ اگر آپ کی جلد صحت مندہے تو یقینا آپ اپنی خوبصورتی میں مزید اضافہ کرسکتی ہیں۔
عام طور پر جلد تین اقسام کی ہوتی ہیں۔ (۱) چکنی جلد (۲) خشک جلد (۳) ملی جلی جلد۔
جلد کی بنیادی ضرورتیں بھی ہوتی ہیں۔ جن کا ہمیں خیال رکھنا ضروری ہے۔ (۱) جسمانی صحت، (۲) صفائی (۳) مناسب دیکھ بھال۔
اگر ہم ان تین بنیادی باتوں کو اپنے روز مرّہ کے اصولوں میں شامل کرلیں تو کوئی شک نہیں کہ ہماری جلد خوبصورت، چکنی، چمکدار صحت مند نہ رہے۔ سب سے پہلے ہمیں یہ دیکھنا ہے کہ یہ تینوں جلدیں اپنے وجود میں کس قسم کی خوبیاں، اور کمیاں سموئے ہوتی ہیں۔
چکنی جلد
یہ جلد مسام کھل جانے کے باعث چکنی رہتی ہے کیوں کہ جلد کے اندرونی غدود زیادہ رطوبت پیدا کرنے لگیں تو بیرونی سطح چکنی رہنے لگتی ہے۔ یہ پیدائشی بھی ہوتی ہے۔ اور موروثی بھی لیکن بعض اوقات اپنی لا پروائی، غیر متوازی خوراک، آرام طلبی اور ناقص کاسمیٹکس کے استعمال سے بھی اس قسم کے اسباب پیدا ہوجاتے ہیں۔
حفاظت
اس کی حفاظت لازمی ہے۔ آپ کو چاہیے کہ دن میں ایک بار نیم گرم پانی سے غسل کریں۔ چہرہ کو دن میں چار چھ مرتبہ ہلکے گرم پانی سے دھونے کے بعد ٹھنڈے پانی کے چھینٹے لگائیں۔ ہر بار منھ دھونے کے بعد اسٹرنجنٹ لوشن یا اسکن ٹانک ضرور لگائیں۔
صبح و شام چہرے کی کلیزنگ کریں۔
ہفتے میں دو بار چہرے کی فیشل کریں
ہفتے میں ایک بار چہرے پر کلیزنگ ماسک ضرور لگائیں۔
چکنی جلد کے لیے عرق اجمود، شہد اور لیموں یا ادرک کے رس کے چند قطرے کا آمیزہ مفید ہوتا ہے۔ یہ آمیزہ جلد سے چکنائی کے اخراج کو قابو کرنے میں زوداثر ہے۔
پرہیز
چکنی جلد پر روغن کا مساج ہرگز مت کریں۔ کیونکہ اس طرح مزید چکناہٹ پیدا ہوگئی۔ میک اپ میں بھی ایسی کاسمیٹکس کے انتخاب سے گریز رکھیں جن میں چکناہٹ ہو۔
ضرورت
کھانے میں مرغن اور تلے ہوئے کھانوں سے احتراز کیا جائے سبز تر کاریاں اپنے روز مرہ کے چارٹ میں شامل کیجیے۔
دو کھانے کے چمچے بھر (Leci Thingranles) جو سویابین (Soyabeans) کی ایک ضمنی پیداوار ہے، کاروزانہ استعمال کریں۔ یہ چکنی جلد کے لیے فائدہ مند ہے۔
چکنی جلد کے لیے ملتانی مٹی، جئی کا آٹا (Oatmeal) اور بادام کی لئی بہترین کلینر ہیں۔ صفائی کے بعدلیموں کا رس یا سرکہ پانی میں ملاکر لگانا بہترین کلینر لوشن ہے۔ ککڑی، کھیرا، اجمود، کرم کلہ، ٹماٹر، بندگوبھی (دہی) اور لیموں چکنی جلد کی قدرتی غذا ہیں۔
خشک جلد
یہ قدرتی روغن اوررطوبت کی کمی کے باعث بے رونق اور بھدی سی ہوجاتی ہے۔ اور موسم سرما میں اکثر اس جلد پر سفید سفید دھبے پڑجاتے ہیں اور بعض اوقات جلد پھٹ بھی جاتی ہے۔ خشک جلدعام طور پر پیدائشی ہوتی ہے لیکن بعض اوقات بیرونی اثرات بھی جلد میں خشکی کے اثرات پیدا کردیتے ہیں۔ مثلاً دھوپ کی تمازت، سرد خشک ہوا، مصنوعی حرارت۔
توجہ
آپ فوری طور پر اپنی جلد کی حفاظت کریں۔ چکنائی سے ہر ممکن پرہیز کریں۔ اگر آپ نے لاپروائی برتی تو آپ کی جلد مزید کٹ پھٹ کر کئی بیماریوں کو دعوت دے گی۔
حفاظت
دن میں دو تین بار روغنِ بادام یا روغنِ زیتون کا چہرے پر مساج ضرور کریں۔ نہانے سے قبل ہوسکے تو پورے جسم پر روغن کا مساج کریں۔ گرم پانی سے پرہیز کریں۔
صفائی کے لیے ہمیشہ کلینرز استعمال کریں جس میں چکنائی شامل ہو۔ ہر بار چہرہ دھونے کے بعد مسچرائیزنگ لگائیے۔ رات کو سونے سے قبل چہرے اور گردن پر لوشن کریم لگائیے۔ ایسی جلد کی صفائی کے بعد انتہائی ہلکی نوعیت کا اسکن ٹانک (Skin Tonic) استعمال کیا جاسکتا ہے۔ ایسی جلد والی خواتین کو ہفتے میں ایک بار فیشل استعمال کرنا ضروری ہے۔ اسے آپ گھر پر بھی تیار کرسکتی ہیں۔
طریقہ
ایک انڈے کی زردی، دودھ دو کھانے کے چمچے، شہد، آدھی چمچہ چائے کا۔ ان سب کا آمیزہ بنا کر چہرے لگائیے۔ تقریباً پندرہ منٹ اسے وقت دیں۔ پھر نیم گرم پانی سے منھ دھو ڈالیے۔
پرہیز
دھوپ سے پرہیز کریں، کیونکہ دھوپ میں زیادہ دیر چہرہ رکھنے سے جلد مرکر سوکھ جائے گی۔ ممکن ہے وہ چمڑے کی سی ہوجائے۔
ضرورت
پگھلے ہوئے مکھن میں دودھ ملا کر لگانے سے آپ کی جلد نرم ملائم ہوسکتی ہے۔ لینولن (Lanolin) انڈے کی زردی سیب کا رس، پھٹے ہوئے دودھ کی کریم، خربوزے کا رس، دودھ شہد اور کچلے ہوئے بادام، خشک جلد کے لیے مفید ہیں۔ اس جلد کا ایک فائدہ بھی ہے کہ اس پر کیل مہاسے نہیں نکلتے لیکن دیکھنے میں بدصورت لگتی ہے۔
ملی جلی جلد
اس جلد میں دونوں خصوصیت پائی جاتی ہیں۔ خشکی بھی اور چکنائی بھی۔ اس جلد کی اہم خصوصیات یہ ہیں کہ یہ ناک، ٹھوڑی اورپیشانی سے چکنی ہوگی اور آنکھوں کے نیچے اور رخساروں پر سے خشک۔ ایسی جلد کا بیک وقت دونوں طریقوں سے خیال رکھنا پڑتا ہے۔ بعض اوقات عمر بڑھنے پر چکنی جلد خشک جلد میں بدل جاتی ہے۔ یہ جلد دوسری دونوں اقسام کی جلد کی طرح دیگر مسائل پیدا نہیں کرتی۔
جلدی مسائل
آپ کی جلد آپ کی روز مرہ خوراک کی عکاسی کرتی ہے۔ آپ جو کچھ کھاتی ہیں۔ وہی آپ کے رنگ و روپ میں اضافہ، نقص اور اسے بحال رکھنے کی ذمہ دار ہے۔ نیز آپ کے احساسات و جذبات کس نوعیت کے ہیں۔ کیوں کہ جلد پر ذہنی ردِّ عمل شدید ہوتا ہے۔ غم، غصہ،پریشانی جلد کے قدرتی فعل میں مزاحمت پیدا کرتے ہیں۔ ان چیزوں سے آپ کی جلد متاثر ہوتی ہے جس سے داغ، دھبے، کیل اور جھریاں وغیرہ آپ کی پُر بہار شخصیت، روپ کو وقت سے پہلے خزاں رسیدہ بنادیتے ہیں۔