جہیز نہیں، وراثت

ڈاکٹر رضی الاسلام ندوی

ایک آدمی نماز نہیں پڑھتا، ہم اسے بے دین سمجھتے ہیں۔ ایک آدمی صحت مند ہونے کے باوجود روزہ نہیں رکھتا، ہم اس پر نگاہِ غلط ڈالتے ہیں۔ ایک آدمی مالدار ہونے کے باوجود زکوٰۃ نہیں ادا کرتا، ہم اسے اللہ کا نافرمان قرار دیتے ہیں۔ ایک آدمی صاحبِ حیثیت ہونے کے باوجود حج نہیں کرتا، ہم اسے سچّا مسلمان نہیں سمجھتے اور اس کی ان کوتاہیوں پر اسے نکیر بھی کرتے ہیں اور بعض اوقات ان کا بیان بھی کربیٹھتے ہیں۔ لیکن…

ایک آدمی اپنے باپ کے انتقال کے بعد اس کی جائداد اور مملوکہ چیزوں پر قابض رہتا ہے، اور اپنی بہنوں کو وراثت سے محروم رکھتا ہے، اس کے باوجود ہم اسے سچّا پکّا مسلمان سمجھتے رہتے ہیں۔حال تو یہ ہے کہ کوئی رشتہ دار یا قریبی اسے اس طرف متوجہ کرنے کی بھی نہیں سوچتا کیونکہ وہ یہ سب یہ سمجھتے ہیں کہ یہ اس کے ذاتی معاملات میں مداخلت ہے جس سے بچنا ضروری ہے اور بعض اوقات ایساکرنے سے تعلقات بگڑنے کی بھی نوبت آنے کا اندیشہ رہتا ہے۔

وراثت کی تقسیم مسلمانوں پر اسی طرح فرض ہے، جس طرح نماز، روزہ، زکوٰۃ اور حج۔ نماز، روزہ، زکوٰۃ اور حج کے صرف اصولی احکام قرآن مجید میں بیان کیے گئے ہیں، ان کی تفصیلات و جزئیات اللہ کے رسولؐ نے پیش کی ہیں اور وہ احادیث میں مذکور ہیں، لیکن تقسیمِ وراثت ایسا فرض ہے جس کی بیش تر تفصیلات خود اللہ تعالی نے قرآن میں بیان کردی ہیں۔

اللہ تعالی نے فرمایا ہے کہ ’’مالِ وراثت چاہے کتنا زیادہ ہو، چاہے کتنا کم، لیکن اسے بہر حال تقسیم ہونا چاہیے اور اس میں جس طرح مردوں کا حصہ لگتا ہے اسی طرح عورتوں کا بھی حصہ لگنا چاہیے‘‘۔ (النساء :7)

احکامِ وراثت کی جزئیات بیان کرنے سے پہلے قرآن نے تنبیہ کی ہے کہ ’’جو لوگ یتیموں کا مال کھا جاتے ہیں، حقیقت میں وہ اپنے پیٹ آگ سے بھرتے ہیں، ایسے لوگوں کو ضرور جہنم کی دہکتی ہوئی آگ میں جھونک دیا جائے گا‘‘۔ (النساء :10)

اور احکامِ وراثت بیان کرنے کے بعد قرآن کہتا ہے کہ ’’یہ اللہ کی مقرر کی ہوئی حدیں ہیں جو اللہ اور اس کے رسول کی اطاعت کرے گا، اسے اللہ ایسے باغوں میں داخل کرے گا جن کے نیچے نہریں بہتی ہوں گی اور ان باغوں میں وہ ہمیشہ رہے گا اور یہی بڑی کامیابی ہے، اور جو اللہ اور اس کے رسول کی نافرمانی کرے گا اور اس کی مقرر کی ہوئی حدوں سے تجاوز کرے گا اسے اللہ آگ میں ڈالے گا، جس میں وہ ہمیشہ رہے گا اور اس کے لیے رسوا کن سزا ہے۔ (النساء :14)

بعض لوگ کہتے ہیں کہ لڑکیوں کو وراثت میں جو کچھ ملنے والا ہوتا ہے، وہ انھیں پہلے ہی جہیز کی شکل میں دے دیا جاتا ہے، یہ بات درست نہیں۔ جہیز ایک غیر اسلامی رسم ہے، اس کا لین دین پسندیدہ نہیں، اس کو بڑھاوا دینے والے ایک نا مطلوب عمل کو رواج دینے کے قصور وار ہیں، جبکہ تقسیمِ وراثت کا قرآن میں صریح الفاظ میں تاکیداً حکم دیا گیا ہے، اسے فرض قرار دیا گیا ہے اور اسے اللہ کی مقرر کردہ حد کہا گیا ہے، اس لیے جو لوگ مالِ وراثت پر خود قبضہ کر لیتے ہیں اور دوسروں کو، خاص طور پر اپنی بہنوں اور دوسری رشتے دار عورتوں کو محروم رکھتے ہیں، وہ بڑے گناہ گار ہیں، وہ چاہے جتنے پکّے نمازی اور حاجی ہوں، چاہے جتنی پابندی سے روزہ رکھنے اور زکوٰۃ ادا کرنے والے ہوں، لیکن اللہ کی نظر میں وہ سخت مبغوض ہیں۔

جہیز دینے والے اور وراثت سے مستحقین کو محروم رکھنے والے دوہرے جرم کا ارتکاب کرنے والے ہیں، ایک نامطلوب عمل کو رواج دینے کا جرم اور دوسرے تاکیدی فرض پر عمل نہ کرنے کا جرم، اس لیے مسلم سماج کی سلامتی اسی میں ہے کہ جہیز کے لین دین کی حوصلہ شکنی کی جائے اور لوگوں کو تقسیمِ وراثت پر آمادہ کیا جائے۔ اسی کے ذریعے ہم اللہ تعالیٰ کی مقرر کردہ حدود کے پاس دار بن سکتے ہیں اور رہ سکتے ہیں بہ صورت دیگر قرآن میں بیان کردہ اللہ تعالیٰ کی وعید سے ہمیں ڈرنا چاہیے۔

مزید

حالیہ شمارے

ماہنامہ حجاب اسلامی ستمبر 2024

شمارہ پڑھیں

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ ستمبر 2023

شمارہ پڑھیں

درج بالا کیو آر کوڈ کو کسی بھی یو پی آئی ایپ سے اسکین کرکے حجاب اسلامی کو عطیہ دیجیے۔ رسید حاصل کرنے کے لیے، ادائیگی کے بعد پیمنٹ کا اسکرین شاٹ نیچے دیے گئے  وہاٹس ایپ پر بھیجیے۔ خریدار حضرات بھی اسی طریقے کا استعمال کرتے ہوئے سالانہ زرِ تعاون مبلغ 600 روپے ادا کرسکتے ہیں۔ اس صورت میں پیمنٹ کا اسکرین شاٹ اور اپنا پورا پتہ انگریزی میں لکھ کر بذریعہ وہاٹس ایپ ہمیں بھیجیے۔

Whatsapp: 9810957146