جیولری کا انتخاب

ماخوذ

جیولری یا زیورات ہر عورت کی پسند ہے۔ اور اب تو یہ طرح طرح کے آتے ہیں۔ بازار میں سونے، چاندی، آرٹی فیشیل، سیپ، پتھر اور دیگر کئی دھاتوں سے بنے خوبصورت اور مختلف ڈیزائن کے زیورات دستیاب ہیں۔ ایسے میںآپ کے لیے اہم ہے کہ اپنی مالی استطاعت اور پسند کو دیکھتے ہوئے آپ کس طرح کی جیولری منتخب کریں جو آپ کے دل کو بھی لبھائے اور آپ کی شخصیت کے حسن میں بھی اضافہ کرے۔

جیولری منتخب کرتے وقت بھی کلر بیلنس کو مدنظر رکھنا ضروری ہے۔ جیولری کسی بھی لباس کو اختتامی ٹچ دینے کے لیے بہترین ہوتی ہے۔ چونکہ یہ جلد کی سطح کے ساتھ رہتی ہے اس لیے پہننے والی کی جلد کی قدرتی رنگت کو بھی اجاگر کرنے میں مدد دیتی ہے۔ اس بات سے قطع نظر کہ آپ کا کلر گروپ کونسا ہے ہم آپ کو جیولری منتخب کرنے کے لیے کچھ مفید مشورے دیتے ہیں تاکہ آپ مہنگی غلطیاں کرنے سے بچ جائیں۔

اگر آپ کا تعلق گرم رنگ والی جلد سے ہے تو آپ کے لیے سونے، تانبے یا پیتل کی جیولری بہترین رہے گی۔ لکڑی کی موتیا، مونگیا، عنبر اور مٹیالا سبز رنگ بھی آپ پر اتنا ہی مناسب لگے گا جتنے کریم کلر کے یا ہلکے گلابی سچے موتی۔

اگر آپ ٹھنڈی رنگت والے جلد کے گروپ سے تعلق رکھتی ہیں تو آپ کے لیے سفید رنگ کی جیولری مثلاً چاندی، پلیٹینیم اور وہائٹ گولڈ بہترین ہیں۔ اس کے علاوہ سفید یا سرمئی رنگت والے پرل، سفید مونگے یا ہیرے بھی اچھے لگیں گے۔

رنگت کے علاوہ چہرے کی مناسبت سے جیولری کا انتخاب آپ کو زیادہ دیدہ زیب بناتا ہے۔ کانوں کی جیولری خریدتے وقت ایسے ڈیزائن پسند کریں جو آپ کے چہرے کی ساخت سے مطابقت رکھتے ہوں مگر مکمل طور پر اسی شیپ کے نہ ہوں۔ اس سے آپ کی شخصیت کا حسن مزید اجاگر ہوگا۔ مثلاً اگر آپ کا چہرہ بیضوی، گول، کتابی یا دل کی شکل کا ہے تو لہری دار ساخت کے جھمکے پسند کریں اور جیومیٹرک شکل کے آویزوں سے اجتناب کریں۔ گول چہروں پر زیادہ تر لمبے آویزے خوبصورت لگتے ہیں جبکہ چوڑے یا چھلوں والے آویزے اچھے نہیں لگتے جبکہ لمبا چہرہ اس کے بالکل برعکس ہے۔ اس پر لمبے آویزے اچھے نہیں لگتے اور چوڑے یا چھلوں والے آویزے سوٹ کرتے ہیں۔ چوکور چہروں پر ڈائمنڈ یا مستطیل شکل میں آویزے اچھے لگتے ہیں جبکہ چوکور شکل میں آویزے بالکل استعمال نہیں کیے جانے چاہئیں۔ ان باتوں کے علاوہ جیولری کے انتخاب میں جن عام باتوں کا دھیان رکھنے کی ضرورت ہے وہ یہ ہیں:

(۱) ساری سونے یا چاندی یا کسی بھی نیچرل میٹریل سے بنی جیولری دن میں پہننے کے لیے اچھی ہے اور چمکدار جیولری رات کے وقت کے لیے بہترین رہتی ہے کہ یہ روشنی کو منعکس کرتی ہے۔ جدید اور خوبصورت انداز کے لیے ساری جیولری استعمال کریں۔

(۲) جیولری کے استعمال میں سب سے اہم چیز کان کے آویزے ہیں۔ یہ نیکلس، براسلیٹ یا کسی بھی دوسری جیولری سے زیادہ نزدیک ہوتے ہیں اور دیکھنے والوں کو زیادہ متوجہ کرتے ہیں۔ اس طرح یہ آپ کی شخصیت سے بننے والے تاثر میں بنیادی حیثیت رکھتے ہیں۔

(۳) ہم میں سے اکثر چہرے کو تو خوب سنوارلیتے ہیں مگر بالوں پر توجہ نہیں دیتے جبکہ بالوں سے متعلق جیولری بھی بہت اہمیت رکھتی ہے۔ زیادہ بہتر ہوگا اگر آپ ہیئر بینڈ یا کلپ اور کانٹوں وغیرہ کا استعمال بھی اپنے کپڑوں اور میک اپ کی مناسبت سے کریں۔

(۴) نیوٹرل رنگ مثلاً: سفید، سرمئی، گندمی اور گہرا نیلا وغیرہ آپ کسی بھی قسم کی جلد پر پہن سکتی ہیں صرف آپ کو کلر گروپ کو مدنظر رکھنے کی ضرورت ہے۔

مزید

حالیہ شمارے

ماہنامہ حجاب اسلامی ستمبر 2024

شمارہ پڑھیں

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ ستمبر 2023

شمارہ پڑھیں