حجاب کے نام!

ماخوذ

اچھی تحریریں

الحمدللہ یوں تو میںحجاب کی ڈاکٹر ابن فرید صاحب کے دور کی قاری ہوں اور جناب مائل خیر آبادی مرحوم کے دور کے حجاب بھی امی کے کے پاس دیکھے ہیں لیکن باوجود خواہش کے لکھنے کی کبھی ہمت نہ ہوئی۔ تازہ حجاب موصول ہوا۔ سرورق دیکھتے ہی دل خوش ہوگیا۔ اندر کی تحریریں مزید دل کو باغ باغ کررہی ہیں۔ اداریہ ایک لمحہ فکر عطا کرتا ہے۔ اور امت مسلمہ کو اس کا منصب یاد دلاتا ہے۔ اللہ تعالیٰ آپ حضرات کی کوشوں کو ترقی عطا فرمائے اور شرفِ قبولیت بخشے۔ کیریر زون بھی قابلِ مبارک باد ہے۔ انشا اللہ اس سے بہتر نتائج سامنے آئیں گے۔ گوشہ نو بہار بھی کافی دلچسپ ہے۔ ماشاء اللہ افسانے بھی اصلاحی ہیں۔ اللہ رب العزت حجاب کو نظر بد سے بچائے اور حجاب کے نئے سفر کو سہولتیں بخشے اور ترقی کی راہ میں آنے والی مشکلات کو دور کرے۔

تحسین فاطمہ، ناندیڑ

افسانوں کا انتخاب اور اصلاحی مضامین اچھے

میرا نام نزہت شاہین ہے۔ اور میں بلڈانہ شہر کی رہنے والی ہوں، میں جلگاؤں اجتماع ارکان کے موقع پر اس پاکیزہ رسالے کی خریدار بنی۔ حجاب کے گزشتہ شمارے گھر آکر دیکھے طبیعت بے حد خوش ہوگئی۔ مجھے حجاب کے تمام ہی مضامین بے حد پسند ہیں۔ اس میں وہ تمام ضروری چیزیں پڑھنے کو مل جاتی ہیں جو خواتین و طالبات کے کام کی ہوں۔ آپ کے افسانوں کا انتخاب اور اس کے ساتھ ساتھ اصلاحی مضامین یہ بتاتے ہیں کہ رسالہ بلند تعمیری مقاصد رکھتا ہے۔ مجھے نئے نئے کھانے بنانے میں بہت دلچسپی ہے۔ لہٰذا میں موسم کی مناسبت سے حجاب کے کالم مائدہ میں کچھ آئس کریم کی ترکیب روانہ کررہی ہوں مجھے پوری امید ہے کہ آپ اسے ضرور شامل کریں گے۔ نزہت شاہین، بلڈانہ

’’ حجاب آپ کو پسندہے یہ اللہ کا فضل ہے۔ آپ اپنی پسند کے کالم مائدہ میں برابر لکھتی رہیں۔ اس سے حجاب پڑھنے والی بہنیں ضرور فائدہ اٹھائیں گی اور مزیدار و رنگ برنگے پکوان بنانا سیکھیں گی۔‘‘ (ایڈیٹر)

ظاہری و معنوی حسن میں اضافہ

حجاب برابر موصول ہورہا ہے اور دن بدن اس کے ظاہری و معنوی حسن میں اضافہ ہورہا ہے۔ اللہ تعالیٰ اس عظیم تحریک کو کامیابی سے ہمکنار کرے۔ آمین۔

اگر حجاب میں ’’عالم اسلام کی خبریں‘‘، ’’داستانِ قبولِ اسلام‘‘ اور ’’مجرباتِ طبیب‘‘ (جس میں طبیب اپنا خاص الخاص مجرب نسخہ پیش کرے) مستقل کالم کے طور پر شامل کردئے جائیں تو میں امید کرتا ہوں کہ رسالہ برق رفتاری سے منازل طے کرے گا۔ انشاء اللہ۔

حکیم شاہد حسن تابشؔ قاسمی، دھنباد

’’آپ کے مشورے ہمارے لیے قابل قدر ہیں۔ بعض چیزیں تو ہم نے اس میں شامل رکھی بھی ہیں۔ آپ کیونکہ خود طبیب ہیں اس لیے خود لکھ کر لوگوں کو فائدہ پہنچائیں۔ طب و صحت کے موضوع پر آپ کی تحریروں کا ہم استقبال کریں گے۔‘‘ (ایڈیٹر)

ساجدہ زبیر کا خط

میں آپ کی تہہ دل سے شکر گزار ہوں کہ آپ نے اپنے مصروف اوقات میں سے وقت نکال کر میری خیریت کے لیے مراسلہ روانہ کیا۔ آپ کا خط مجھے پچھلے ہفتہ ملا اور میں آپ کے خیالات کو پڑھ کر کافی خوشی محسوس کررہی ہوں۔ ہم سب (میرے گھر کے افراد اور جماعت کے وابستگان) یہاں خیریت سے ہیں۔ شاید اللہ تعالیٰ کو ہم سے ریلیف کا کام لینا تھا اس لیے ہمارے علاقے کو محفوظ رکھا۔ گھر میں چند دیواروں میں دراڑ کے علاوہ ہمارے کھیت کا سارا دھان سمندر کی نذر ہوگیا۔ جان کا الحمدللہ کوئی نقصان نہیں ہوا۔ یہ سب خدا کے فضل اور خیر خواہوں کی دعا کا نتیجہ ہے۔

میں ایک تحریر بھیج رہی ہوں، مناسب عنوان کے تحت حجاب میں شائع کریں گے تو یہاں کے حالات کی ایک تصویر سب دیکھ سکیں گے۔

ساجدہ زبیر، پورٹ بلیر

تمام ہی کالم اچھے رہے

جلگاؤں ارکان کے اجتماع میں مریم باجی سے ملاقات رہی۔ اس وقت آپ کی صورت میری نگاہوں میں ہے۔ جس خلوص و محبت سے آپ ملیں تھیں اس چیز نے مجھے بہت متاثر کیا۔ اور وردہ کیسی ہے پیاری سی گڑیا ضدی مگر فرمانبردار لڑکی وردہ اس کی بہت یاد آرہی ہے۔

فروری ۲۰۰۵ء کے ’’حجاب اسلامی‘‘ میں شائع میرا خط دیکھ کر خوشی ہوئی۔ شکریہ۔ میری خریدار بنانے کی کوشش جارہی ہے۔ دو تین خریدار بنا چکی ہوں۔ شاید ان کا MOآپ کو مل چکا ہو۔ میں پھر ایک مرتبہ تصدیق کرلوں گی خریداروں سے اور آپ نے مجھے جو، جوابی خط لکھ رکھا ہے وہ پلیز مجھے ضرور ضرور روانہ کریں مجھے خوشی ہوگی اگر آپ وہ میری امانت مجھے لوٹا دیں۔

حجاب کے تمام ہی کالم مجموعی طور پر اچھے رہے بلکہ ہمیں سبھی کچھ پسند آیافروری کے حجاب میں۔ پر آپ نے فونٹ سائز گھٹا کر سب کے لیے اچھا نہیں کیا۔ سرسری دیکھنے میں تو بہت ہی باریک باریک لکھا ہوا لگ رہا ہے تھوڑا آنکھوں پر زور ڈال کر بآسانی پڑھ سکتے ہیں۔ یہ تو میری رائے تھی اوروں کی پتہ نہیں کیا رائے ہو۔

خطوط میں ’کشور ناہید بلرامپور‘ صاحبہ کے مشورے قابل غور ہیں۔ آپ بے فکر رہیں آپ کی کوششوں کے ساتھ ہماری دعائیں جڑی ہیں۔ اجازت دیں اور مجھے جوابی خط ضرور روانہ کریں۔

لبنیٰ سعید، بلڈانہ

’’آپ کی امانت آپ کو روانہ کردی گئی ہے۔ یہ شمارہ ملنے سے پہلے پہلے ان شاء اللہ مل جائے گی۔ نیک تمناؤں اور حجاب کی خاطر آپ کی کوششوں پر ہم آپ کے لیے دعائے خیر کرتے ہیں۔‘‘ (ایڈیٹر)

سرورق پسند نہیں آئے

فروری کا شمارہ نگاہوں کے سامنے ہے۔ پچھلے چند ماہ سے حجاب کے سرورق مجھے پسند نہیں آرہے ہیں ورنہ تو خوبصورت سرورق میں کوئی حجاب کا ثانی نہیں تھا۔ فروری کا سرورق قدرے اچھا تھا۔ اندازہ تھا کہ آپ اداریے میں ہی سونامی کو موضوع بنائیں گے۔ فونٹ سائز کی تبدیلی خوشگوار ہے جزاک اللہ۔ افسانے اچھے لگے اور کہانیاں بھی پسند آئیں۔ حنا تنویر کی کہانی سکون کا راز اچھی تھی مگر کمپوزنگ نے بڑا ستیاناس کیا ہے اس کا۔ کردار سے اسلام کا تعارف، یاد الٰہی… وغیرہ قابل ذکر تحریریں ہیں۔ از حد پسند آئیں۔ یسین معصوم صاحب کے نئے انسان نے متاثر کیا۔ شخصیت، فکاہیہ، اور مہمان تحریریں کے تحت تمام مضامین اچھے لگے۔ گوشہ نو بہار کے مشمولات بھی بہترین تھے۔ مختصر یہ کہ اس ماہ کا حجاب بحیثیت مجموعی بہت اچھا رہا۔ اس ماہ نئے نئے اشتہارات دیکھنے کو ملے، مطلب حجاب آگے بڑھ رہا ہے۔ ماشاء اللہ۔ خاص نمبر کی خوشخبری آپ کب سنا رہے ہیں؟ کم از کم سالنامے کے تعلق سے سوچئے۔ ایک اور بات، تخاطب پہلا ہی ٹھیک تھا۔

سلمیٰ نسرین، آکولہ

’’ سلمیٰ! تمہارے خط سے حجاب کے ساتھ مضبوط تعلق کا پتہ چلتا ہے۔ سرورق کو ہم اپنی حد تک جاذب نظر بنانے کی کوشش کرتے ہیں۔ تم خود بھی مشورہ دو کہ اس کو اور زیادہ خوبصورت کیسے بنائیں اور ہاں تم اچانک حجاب کے صفحات سے غائب کیوں ہوجاتی ہو۔اب کی بار کافی دنوں کے بعد تمہاری تحریر ملی ہے۔ خبردار آئندہ غیر حاضر نہ ہونا ورنہ آکولہ آکر تمہارے خلاف کارروائی کی جاسکتی ہے۔‘‘ (ایڈیٹر)

رسالہ قابل قدر ہے

’’حجاب اسلامی‘‘ مارچ کا تازہ شمارہ موصول ہوتے ہی بے پناہ خوشی اس بات کی ہوئی کہ اس میں میرا مضمون شائع ہوا ہے۔ خدا کے ساتھ ساتھ آپ کی بھی مشکور ہوں اللہ تعالیٰ مجھ کو اور زیادہ لکھنے کی توفیق عطا فرمائے۔

مجھ کو نجیب الرحمن خاں صاحب کا مشورہ بہت پسند آیا۔ ’’حجاب اسلامی‘‘ میں انعامی مقابلہ کا کالم شروع کیا جائے تو بہتر ہوگا۔ انشاء اللہ خواتین و طالبات اس میں بھر پور دلچسپی لیں گی جس کی بنا پر مطالعہ کے ذوق کے ساتھ ساتھ اشاعت میں اضافہ ضرور ہوگا۔ موجودہ دور کے لیے یہ رسالہ قابل قدر چیز ہے۔ آپ اس کی مقبولیت کے لیے کوشاں رہیے۔ انشاء اللہ آپ کے لیے راہ ہموار ضرور ہوگی۔ خدا آپ کا حامی و مددگار ہو۔ عطیہ خانم صالحاتی، بلند شہر

فونٹ کا مسئلہ

میں حجاب کا مطالعہ جناب مائل خیر آبادی کے زمانے سے کررہی ہوں۔ مجھے یہ رسالہ بہت پسند ہے اور وقت کے ساتھ ساتھ اس میں اور بھی نکھار آیا ہے۔ اس کا نیا رنگ و روپ بہت عمدہ ہے۔ ہر مضمون قابل تعریف ہے۔ ہمارے معاشرے کی عورتوں کے لیے یہ نایاب تحفہ ہے، آج ہمارے معاشرے کو حجاب جیسے رسالہ کی سخت ضرورت ہے۔ اللہ آپ کو کامیابی عطا فرمائے اور رسالہ کو خوب ترقی عطا کرے۔ آمین۔

میرا مشورہ یہ ہے کہ حجاب اسلامی میں سوال و جواب کا کالم شروع کیا جائے گا تو بہتر ہوگا۔

ہماری ایک شکایت ہے آپ نے جو مضامین بڑھانے کے لیے لفظوں کو چھوٹا کیا ہے تو ہم جیسے عمر دراز لوگوں کو پڑھنے میں بڑی تکلیف ہوتی ہے۔ لہٰذا اگر اس کا کچھ حل نکالا جائے تو بہتر ہوگا۔

شہزادی، دیواس، ایم پی

مزید

حالیہ شمارے

ماہنامہ حجاب اسلامی ستمبر 2024

شمارہ پڑھیں

درج بالا کیو آر کوڈ کو کسی بھی یو پی آئی ایپ سے اسکین کرکے حجاب اسلامی کو عطیہ دیجیے۔ رسید حاصل کرنے کے لیے، ادائیگی کے بعد پیمنٹ کا اسکرین شاٹ نیچے دیے گئے  وہاٹس ایپ پر بھیجیے۔ خریدار حضرات بھی اسی طریقے کا استعمال کرتے ہوئے سالانہ زرِ تعاون مبلغ 600 روپے ادا کرسکتے ہیں۔ اس صورت میں پیمنٹ کا اسکرین شاٹ اور اپنا پورا پتہ انگریزی میں لکھ کر بذریعہ وہاٹس ایپ ہمیں بھیجیے۔

Whatsapp: 9810957146