حجاب کے نام

شرکاء

عورتوں کی نماز سے متعلق
ماشاء اللہ حجاب اسلامی دن بہ دن نکھرتا جارہا ہے اور بہتری کی طرف بڑھ رہا ہے۔ ہم حجابِ اسلامی کو شروع سے پڑھتے آرہے ہیں اور یہ تمام خواتین کے لیے ایک بہترین رسالہ ہے اوراس میں تمام مضامین خواتین کی ضرورت کو سامنے رکھ کر ہی پیش کیے جاتے ہیں۔
ہم حجابِ اسلامی کو ہر مہینے بہت شوق سے پڑھتے ہیں اس سے ہمیں بہت کچھ سیکھنے کو ملا لیکن مارچ ۲۰۱۱ء کے حجاب میں ’’خواتین کی نماز طریقہ‘‘ پڑھ کر بہت تعجب ہوا اس لیے کہ اس میں عورت کی نماز کا طریقہ مرد کی نماز سے مختلف بتایا گیا ہے۔ لیکن حدیث کے مطابق عورت اورمرد کی نماز میں کوئی فرق نہیں۔ (آپ حدیث دیکھ سکتے ہیں۔ صحیح بخاری حدیث نمبر:۲۳۱)
’’رسول اللہ ﷺ نے فرمایا : نماز اسی طرح پڑھو جس طرح تم مجھے نماز پڑھتے ہوئے دیکھتے ہو۔‘‘
یعنی ہو بہو میرے طریقے کے مطابق سب عورتیں اور سب مرد نماز پڑھیں۔ دیکھئے اس حدیث میں یہ نہیں کہا گیا کہ صرف مرد ہی میری طرح نماز پڑھیں بلکہ آپؐ تمام انسانیت کے لیے نمونہ ہیں نہ صرف مردوں کے لیے۔ تو پھر اپنی طرف سے یہ حکم لگانا کہ عورت سینے پر ہاتھ باندھنے اور مرد ناف پر اور عورت کا رکوع اور سجدہ کا طریقہ الگ ہے۔ یہ دین میں مداخلت ہے۔
آپ کے اس مضمون میں ’’خواتین کی نماز کا طریقہ‘‘ جس کا نہ کوئی لکھنے والے کا نام ہے، اس میں عورت کی نماز کے طریقے چھ فرق بتائے گئے ہیں اور اس میں نہ کوئی حدیث کا حوالہ دیا گیا ہے جیسے صحیح مانا جاسکے۔
یاد رکھیے نبیؐ کی حدیث کے مطابق عورت اور مرد کی نماز میں کوئی فرق نہیں ہے۔ تکبیر تحریمہ سے شروع کرکے اسلام السلام ورحمۃ اللہ کہنے تک عورت اور مرد کی نماز کے لیے ایک ہی طریقہ ہے۔
دوسری بات یہ ہے کہ مارچ ۲۰۱۱ء کے کالم حجاب کے نام میں خوش نصیب صاحبہ نے نماز سے متعلق ہی سوال پوچھا ہے کہ کیا عورت اور مرد کی نماز کاطریقہ ایک ہے۔
لیکن آپ نے ان کے سوال کا صحیح جواب نہیں دیا جس سے وہ خاتون اس کو بڑھ کر اس پر عمل شروع کردیں گی۔
دیکھئے اگر ہمیں یہ حدیث معلوم نہ ہوتی کہ عورت اور مرد کی نماز میں کوئی فرق نہیں ہے تو ہم بھی آپ کی بات کو صحیح مان لیتے اور اس پر عمل کرنا شروع دیتے۔ الحمدللہ ہمیں اس حدیث کا علم تھا، اس لیے ہم نے آپ سے یہ بات کہی۔
اس کے علاوہ بہت لوگ ایسے ہی جن کو حدیث کا علم نہیں اور وہ اس کو صحیح مان کر اس پر عمل شروع کردیں گے۔
اس لیے ہماری گزارش ہے کہ حجاب اسلامی جو اتنا اچھا رسالہ ہے جو تمام خواتین کے لیے مفید ہے ہم نہیں چاہتے کہ اس میں کوئی غیر اسلامی بات شامل ہو اور اس کی بدنامی ہو۔ اور خاص طور سے دینی مسائل سے متعلق موضوع میں حدیث یا قرآن کی آیت ضرور ہو تاکہ اس کو صحیح مانا جاسکے۔ اللہ سے دعا ہے کہ اللہ حجاب اسلامی کو دن بہ دن ترقی عطا فرمائے اور یہ زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچے۔ امید ہے آپ اس پر غور فرمائیں گے۔
ساجدہ پروین، D-107، ابوالفضل انکلیو
خوبصورت رسالہ
کہتے ہیں خوبصورتی ہمیشہ مسرت عطا کرتی ہے۔ ’حجاب اسلامی‘ فروری کے سرورق پر حفیظ میرٹھی کے شعر کی پیشکش اور مارچ کے شمارے کا رنگ و روپ دلوں کو لبھاگیا۔ خوب سے خوب تر کی سعی اور سفر آپ کی محنت، لگن اور دلچسپی کی نشاندہی کررہا ہے۔
فن کا دوسرا نام’’تناسب‘‘ بھی ہے۔ دلچسپ، قیمتی، معلوماتی اور متوازن شعری و نثری تخلیقات کو یکجا کرنا اور انہیں قارئین کی پسند کا لحاظ رکھتے ہوئے بہترین ترتیب کے ساتھ گھر گھر پہنچانا، ایک بڑی ذمہ داری ہے۔ اس کو آپ بخوبی نبھارہے ہیں۔
اردو زبان و ادب کا فروغ، ذہن سازی، شعور کی بلندی، اخلاق کی پاسداری، حق کی پہچان اور پاکیزہ معاشرہ کی تعمیر بطورِ تحریک آپ نے جو اپنائی ہے اور اس کام کو دل سے جو لگایا ہے تو اس روشنی کو پھیلانے میں ثابت قدم رہیے گا۔ تمام رکاوٹیں اور مشکلات خود بہ خود دور ہوتی چلی جائیں گی۔
حجابِ اسلامی کا دورِ ثانی ساڑھے سات مکمل کرچکا ہے۔ یعنی نوّے شمارے اردو دنیا کے لیے پیش ہوچکے ہیں اور یہ اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ اس نے اس کو کثیرالاشاعت رسالہ بھی بنادیا ہے۔ دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ آپ کو صحت، مسرت اور کامیابیاں عطا کرتا رہے۔ آمین
انورکمال، وانم باڑی
عرب دنیا میں تبدیلی کی لہر
مارچ کا شمارہ موصول ہوا۔ دیکھ کر خوشی ہوئی دراصل عرب دنیا میں اس وقت تبدیلی کی لہر سی چلی ہوئی ہے۔ اس تناظر میں سب سے پہلے مصر کے حالات پر لکھا گیا مضمون پڑھا۔ پڑھنے کے بعد ادارتی نوٹ پرنظر پڑی تو معلوم ہوا کہ مضمون تو اٹھارہ سال پرانا ہے، مگر تازہ معلوم ہوتا ہے۔ مضمون نگار کا تجزیہ واقعی دور بینی پر مبنی تھا۔ آپ سے گزارش ہے کہ عالمی حالات پر ایسے لکھنے والوں کی ٹیم جمع کیجیے جن کی نظر میں صحافتی اعتبار سے اتنی گہری ہو کہ وہ حالات کو دیکھ کر مستقبل کا صحیح اندازہ لگاسکیں۔
عرب دنیا میں تبدیلی کی یہی لہر حالات کو کس طرف لے جائے گی یہ کہنا تو ابھی جلد بازی ہی ہوگی مگر اتنا طے ہے کہ شاید اب عرب دنیا کے سروں سے ظالم و جابر حکمرانوں کا بوجھ سرکنے والا ہے۔ ادھر امریکہ ایک نئے محاذ کے لیے پرتول رہا ہے۔ خدا خیر کرے۔ مگر اتنا طے ہے کہ اب عوام پہلے سے زیادہ باشعور ہوچکے ہیں اور اپنے ملک کے معاملات کو خود بہتر انداز میں چلانے کے اہل ہوگئے ہیں۔ جو کچھ بھی ہو ہم خیر کی امید رکھتے ہیں اور ان شاء اللہ ان حوادث و واقعات کے بعد ایک اچھی صورتِ حال یقینا پیدا ہوگی۔
ڈاکٹر شاہد انور، بھوپال
مضامین پسند آئے
حجاب اسلامی کا تازہ شمارہ سامنے ہے۔ دیدہ زیب ٹائٹل ہے اور مضامین بھی خوب ہیں۔ سیرت رسولؐ کی نسبت سے ڈاکٹر سبحانی صاحب کا مضمون سیرت کے اہم پہلوؤں پر روشنی ڈالتا ہے۔ اسے پڑھ کر اندازہ ہوتا ہے کہ نبیؐ نے کس قدر ہمہ گیر انقلاب پربا کیا اور یہ کہ آپ کا اسوہ ہمارے لیے زندگی کے ہر گوشے میں رہنمائی کی صلاحیت رکھتا ہے۔
’’دلہن بنی اپنی بیٹی کے نام خط‘‘ بہت پسند آیا۔ امید ہے کہ ہماری نوجوان لڑکیاں اس خط کے پیغام کو اپنی عملی زندگی میں نافذ کریں گی۔ یہ اور اسی طرح کی تحریریں دراصل ہماری لڑکیوں کی بنیادی ضرورت ہیں۔ انہیں پڑھ کر وہ شعور کی سطح کو بلند کرسکیں گی اور اپنی ازدواجی اور گھریلو زندگی کو دوبارہ بہتر اور خوبصورت بناسکیں گی۔ آئے دن ابھرتے گھریلو تنازعات اور تلخ ہوتی ازدواجی زندگیوں کے پس منظر میں یہ تحریر بڑی مفید او رکارآمد لگتی ہے۔ مجھے امید ہے کہ آئندہ بھی آپ معاشرے کی نوجوان لڑکیوں کے لیے اس طرح کی چیزیں شائع کرتے رہیں گے۔
ڈاکٹر بدرالاسلام صاحب کا مضمون بھی پسند آیا۔ البتہ ٹائٹل کے بارے میں ایک مشورہ دینا چاہوں گی کہ آپ ٹائٹل پر تاریخی عمارتوں وغیرہ کی تصویریں بھی شائع کردیا کریں۔ اس سے بھی ٹائٹل میں کشش پیدا ہوتی ہے۔گزشتہ مہینے کا ٹائٹل کافی پسند آیا۔ آپ نے جو حفیظ میرٹھی کا شعر ٹائٹل پر شائع کیا وہ خود اپنے آپ میں پورے رسالے کے پیغام پر بھاری ہے۔ یہ خیال واقعی قابلِ تعریف ہے۔
حجاب ترقی کررہا ہے یہ جان کر خوشی ہوتی ہے۔ اللہ سے دعا ہے کہ وہ اسے اور زیادہ ترقی دے۔
صائمہ صدف (ٹیچر) ہاسن، کرناٹک)
پرخلوص کاوش
ماہنامہ حجاب اسلامی مارچ ۲۰۱۱ء نظر نواز ہوا۔ اداریہ خون جگر سے تحریر کیا ہوا ہے۔ آپ کی پرخلوص کاوشیں ۸ سالوں پر محیط ہیں۔ اور اس میں اللہ نے برکت دی یہ اس کا فضل ہے۔ موجودہ دور میں اردو کو زندہ رکھ کر پروان چڑھانا ایک جہاد ہی ہے۔ اللہ تعالیٰ قارئین حجاب کو حجابِ اسلامی کے ذریعہ دین کا صحیح شعور عطا کرے۔
آپ دونوں قابلِ مبارکباد ہیں کہ حجاب کی اس کشتی کو بھنور سے نکال کر منزل کی طرف کامیابی سے لے جارہے ہیں۔ اللہ تعالیٰ آپ کو قوت اور حجاب کو ترقی دے ، آمین!
امِ عمارہ کا مضمون ’’تاریکی سے روشنی کی طرف‘‘ اس ماہ میں حجاب کی زینت بنا۔ شکریہ!
سعیداللہ خاں ،دیوگھاٹ، بلڈانہ، مہاراشٹر
——

 

مزید

حالیہ شمارے

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ ستمبر 2023

شمارہ پڑھیں

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ اگست 2023

شمارہ پڑھیں