حجاب کے نام!

شرکاء

سیرتِ نبوی اور مسلم سماج
ماہنامہ حجاب اسلامی کا فروری کا شمارہ ہاتھوں میں ہے۔ منفرد اور پچھلے تمام ہی ٹائٹلوں سے بالکل مختلف قسم کا ٹائٹل اچھا لگا۔ اس ماہ کے حجاب نے تو پورا ایک ماہ انتظار کروایا۔ شمارہ پہلے مہینہ شروع ہونے کے ایک دو دن ادھر ادھر مل جاتا تھا۔ اب کی بار فروری کا آدھامہینہ گزرنے کے بعد ملا۔ بے چینی میں فون کرکے معلوم کرنے پر پتہ چلا کہ کسی تکنیکی دشواری کی وجہ سے اس ماہ کا حجاب دیر سے بھیجا گیا ہے۔ آپ ادھر تکنیکی خرابی سے پریشان ہوں گے اور ہم ادھر انتظار میں پریشان تھے۔
اس ماہ کے شمارے میں برطانیہ کی سروے رپورٹ پر اداریے کا تجزیہ اچھا لگا۔ اس سروے کو دیکھ کر اندازہ ہوا کہ جس معاشرے کو ہم خوشحال اور مردو عورت کی آزادی کے اعتبار سے مثالی سمجھتے ہیں اس میں بھی عورت کس قدر پریشان ہے۔ اس سروے سے لوگوں کو عبرت پکڑنی چاہیے۔
’’عہد حاضر میں سیرتِ نبوی کی معنویت‘‘ مضمون پسند آیا۔ موجودہ دور کے خون خرابے اور جنگ وجدل کے تناظر میں سیرت کا یہ پہلو بڑا اہم ہے اور اسے نمایا ںکیا جانا چاہیے۔ آج کی دنیا میں بڑی طاقتیں محض اپنے مفاد کے حصول یا اس کے تحفظ کے لیے کس طرح ملکوں اور سلطنتوں کو بم برسا کر تباہ کررہی ہیں اس کے لیے عراق، افغانستان، فلسطین اور دنیا کے کئی خطوں کی مثالیں ہمارے سامنے ہیں۔
موجودہ زمانے میں مسلم سماج کا معاملہ یہ ہے کہ وہ سیرت نبوی کو عصرِ حاضر کے تناظر میں پیش نہیں کرپا رہا ہے۔ اور عصرِ حاضر کا تناظر ہی کیا وہ تو کسی بھی تناظر میں سیرت کو پیش نہیں کررہا ہے۔ کیونکہ اس کی زندگی خود نبیؐ کے راستے سے کوسوں دور ہے۔ ربیع الاول کے مہینے میں کاش مسلمان اس طرف متوجہ ہوں۔
رسالہ مفید اور معیاری ہے۔ خدا کرے کہ یہ ہر اردو داں گھر کی زینت بنے۔
خلیل الرحمن اظہر، سدھارتھ نگر، یوپی
مولانا تھانوی کا مضمون
فروری کے حجاب اسلامی تعریف کرنے کو جی چاہتا ہے۔ ٹائٹل خوبصورت ہے۔ اور اس ماہ کے مضامین میں ’’سیرتِ نبوی‘‘ برطانیہ کی سروے رپورٹ اور طب و صحت کے کالم میں اچھے مضامین تھے۔
اس شمارے میں حکیم الامت حضرت مولانا اشرف علی تھانوی کا مضمون بہت قیمتی اور زندگی کے لیے رہنما ہے۔ اس طرح کے مضامین آپ آئندہ بھی دیا کریں۔ اس طرح رسالہ کی افادیت بھی بڑھے گی اور اس کا حلقہ بھی وسیع ہوگا۔ یوں بھی ہم مسلمانوں کے لیے ضروری ہے کہ ہم اپنے ذہن و فکر کو وسیع کریں اور مکاتبِ فکر کی تنگ وادی سے نکل کر کھلے میدان میں سانسیں لیں اس سے ہماری اجتماعی دینی وفکری صحت اچھی ہوگی۔
ڈاکٹر وسیم الرحمن، بھوپال
بہتر رسالہ
ماہنامہ حجاب ہمارے ضلع پلامو میں آتا ہے۔ مجھے ایک ساتھی نے دیا اور میں اس کا سالانہ خریدار بن گیا۔ واقعی یہ پرچہ دینی اور ادبی دونوں اعتبار سے بہتر ہے۔ آج کے دور میں اردو کا پرچہ نکالنا اور کامیابی سے چلانا دل گردے کا کام ہے۔ ہم لوگوں کی عادتیں بھی مانگ کر پڑھنے کی ہوگئی ہیں۔
ندرت نواز، ڈالٹن گنج، پلامو (جھارکھنڈ)
فروری کا
فروری کا حجاب خلافِ معمول کافی تاخیر سے ملا۔ اس شمارے میں ’کام کاجی خواتین کا درد‘ اور ’عہدِ حاضر میں سیرتِ نبوی کی معنویت‘ کافی پسند آئے۔ یہ وقت کی اہم ترین ضرورت ہے کہ مسلمان نبیﷺ کی زندگی کو حالات اور وقت کے تناظر میں پیش کریں۔ دنیا کو یہ بتانے کی ضرورت ہے کہ نبیﷺ نے جنگ میں بھی کیا کیا ہدایات دیں اور انسانوں کو کس قدر احترام کرنا سکھایا۔ موجودہ دور کے بالکل خلاف جہاں اندھا دھند بمباری میں سول آبادی کو، عبادت گاہوں، ہاسپٹل اور اسکولوں تک کو ٹارگٹ بنایا جاتا ہے اور کارپٹ بمباری کی جاتی ہے۔ اگر ہم لوگوں کے سامنے رسول ﷺ کی جنگوں اور آپ کی ہدایات کو رکھیں تو وہ دیکھ کر حیران رہ جائیں گے کہ آپ کی تعلیمات کس قدر اعلیٰ اور قیمتی ہیں۔
سیما سراج، بنگلور، بذریعہ ای میل
——

مزید

حالیہ شمارے

ماہنامہ حجاب اسلامی ستمبر 2024

شمارہ پڑھیں

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ ستمبر 2023

شمارہ پڑھیں