رمضان سے فائدہ اٹھائیں
مئی کاحجاب اسلامی سامنے ہے۔ گوشۂ رمضان دیکھ کر اندازہ ہوا کہ سال کتنی جلدی گزر گیا۔
زندگی برف کی مانند پگھل رہی ہے۔ کئی جاننے والے پچھلے رمضان میں ہمارے ساتھ تھے مگر اس رمضان وہ ہمارے ساتھ نہیں ہیں۔ ہوسکتا ہے ہمیں بھی اگلا رمضان نصیب ہو یا نہ ہو۔ اس لیے اس موقع سے فائدہ اٹھائیں اور حدیث کے مطابق اللہ پاک سے اپنا گناہ معاف کرانے کی پوری کوشش کریں۔ یہ مبارک مہینہ تو امت کو گویا ملا ہی اس لیے ہے۔ اللہ تعالیٰ ہماری مدد فرمائے۔ آمین
آمنہ کونین
(بذریعہ واٹسپ)
مئی کا شمارہ ملا۔ اس شمارے میں کئی مضامین بہت اچھے لگے۔ ’غربت کے خاتمے میں زکوۃ کا رول‘ اچھا مضمون ہے اور مناسب موقع پر شائع ہوا ہے۔ توقع ہے کہ لوگوں میں اپنے موضوع پر بیداری پیدا کرے گا۔ اس موضوع پر میں بھی سوچتا ہوں کہ اگر ملت کی اجتماعی زکوٰۃ کو دیکھا جائے تو وہ اتنی خطیر ہے کہ اس سے ایسے ایسے پروجیکٹ چلائے جاسکتے ہیں جو چند ہی سالوں میں مسلمانوں کی غربت کا خاتمہ کردیں۔ اور دوسری طرف ان کے ہمہ جہت ارتقاء میں بھی کلیدی رول ادا کریں۔
زکوۃ کا اجتماعی نظم ملکی سطح پر تو ابھی خواب ہی نظر آتا ہے۔ مگر مقامی اور شہر کی سطح پر اس کام کو انجام دیا جاسکتا ہے۔ اس کے لیے شہر کے معتمد ، با اثر اور اصحابِ خیر کی ایک کمیٹی بناکر پہلے کچھ والینٹرس کے ذریعہ اور بعد میں دیگر افراد کے ذریعہ اس کو انجام دیا جاسکتا ہے۔ شہر کے غریبوں، بے روزگاروں اور حاجت مندوں کا سروے شہر کی سطح پر کرانا آسان ہے۔ اسی طرح شہر کے صاحبِ ثروت اور عام زکوٰۃ نکالنے والوں کو کنونس کرنا بھی مشکل کام نہیں۔ جب لوگ اپنے شہر کی زکوٰۃ سے اپنے آس پاس کے لوگوں کی ترقی اور بہتری کو دیکھیں گے تو جذبہ بھی بڑھے گا اور اطمینان بھی۔ جو لوگ دینی و سماجی خدمت کے کاموں میں لگے ہیں وہ اس کام کو آگے بڑھا سکتے ہیں۔ جزاک اللہ
ابوایمان اشرقی
(بذریعہ ای-میل)
مئی کے حجاب اسلامی میں آپ نے کئی اچھے مضامین شائع کیے ہیں۔ ان میں دلچسپ واقعات اور سیاسی دھوکہ اچھا لگا۔ سیاسی دھوکہ اس لیے بھی اچھا لگا کہ اس وقت ہمارے ملک میں بھی الیکشن کا دور ہے۔ اور ہمارے ملک میں الیکشن میں سب کچھ جائز ہوجاتا ہے۔
اس کے علاوہ نفسیاتی بیماریوں والا مضمون بھی اچھا، معلوماتی اور مفید ہے۔ نفسیاتی امراض کے بڑھتے لکڑجال کے دورمیں اس رہنمائی کی شدید ضرورت ہے۔
خالدہ پروین
یاوت مال (مہاراشٹر)
(بذریعہ واٹسپ)