حجاب کے نام!

شرکاء

خصوصی شمارہ
طویل انتظار کے بعد خصوصی شمارہ ہمدست ہوا۔ شمارہ خوبصورت اور جاذب نظر ہے۔ سرورق پرکشش، سادگی کا حسین مرقع اور ارتقا کا مفہوم سمجھا رہا ہے۔ دامانِ حجاب آپ کی خصوصی کاوش کا غماز ہے۔ موضوعات کے تحت مختلف ذیلی عنوانات کی تقسیم اچھی لگی۔ بہت سے مضامین میں قلم کاروں نے مکمل رہنمائی فراہم کی ہے۔ آپ نے اس موضوع پر خصوصی شمارہ نکال کر حق تو یہ ہے کہ حق ادا کردیا ہے۔ آپ کو دلی مبارک باد ، ساتھ ہی تمام قلم کار بھی مبارک باد کے مستحق ہیں۔
قرآنی خواتین کے تذکرہ پر اکتفاء کیا گیاہے۔ اگر ان کی شخصیت کے وہ پہلو نمایاں ہوتے جو مسلم خاتون کے لیے مشعل راہ ہوں تو بہتر ہوتا۔ دینی مطالعہ کے تحت محی الدین غازی صاحب کی مختصر مگر مکمل تحریریں بہت اچھی ہیں۔ البتہ محترم نے مساجد میں خواتین کے جانے کے مسئلہ پر تحریک چلانے کی بات کہی ہے۔ موجودہ دور میں ضرورت اس بات کی ہے کہ پہلے مساجد کا تعلیم و تربیت والا کردار بحال کیا جائے، آج مساجد میں جو کچھ پیش کیا جاتا ہے، اس سے نہ فکر کو جلا ملتی ہے ،نہ اسلام کے آفاقی تصور کو پیش کیا جاتا ہے۔
’عورت بہ حیثیت مربی‘ کے تحت تمام تحریریں بہترین ہیں۔ خواب دیکھئے خواب دکھائے، نیز جدید ذرائع ابلاغ اور تربیت بہت اچھے مضامین ہیں۔ امین الحسن صاحب کی دونوں تحریروں میں سلاست اور روانی ہے اور باتیں آسان پیرائے میں بیان ہوئی ہیں۔ نیز یہ واقعتا تحریریں لگیں اس میں پچھلی تحریروں والا گفتگو کا رنگ نہیں ہے۔
محترم عبداللہ جاوید صاحب کی تحریر باشعور دختر اسلامی بہت خوب ہے۔ بچہ کی شخصیت سازی، بھی اہم مضمون ہے اور ہمارے لیے رہنمائی فراہم کرتا ہے۔ مگر ٹی وی کے متعلق موصوف کا یہ کہنا کہ بجائے اس کے کہ ٹی وی گھر میں نہ ہو، اس کا گھر میں ہونا اور بچوں کو اس کا شعوری استعمال سکھانا بہتر ہے۔ یہ نظریاتی بات تو ہوسکتی ہے، مگر عملاً یہ کام انتہائی مشکل ہے۔ یہی رائے بہت سے تجربہ کار افراد کی ہے۔ (ہمارے اپنے گھر میں T.V.نہیں ہے۔ لیکن ایسا بھی نہیں کہ آج ہم اس کا شعوری استعمال نہ جانتے ہوں یہ والدین کی فکری تربیت کانتیجہ ہے) کسی چیز کا شعوری استعمال سکھانے کے لیے یہ ضروری نہیں کہ اسے سامنے لاکر ہی سکھایا جائے۔ ہاں! ٹی وی کے نہ ہونے پر بچے ادھر ادھر جانے کی کوشش کرتے ہیں۔ مجھے اس سے اتفاق نہیں ہے۔ یقینا بچے کی تربیت کا یہ بھی ایک حصہ ہے کہ اسے گھر میں ایسا پُرکشش ماحول میسر آئے کہ وہ گھر میں رہنے میں خوشی محسوس کرے، نیز بچہ کی ہمہ پہلو تربیت میں کیا والدین یہ نہیں دیکھتے کہ بچہ کہاں کہاں جاتا ہے۔ ٹی وی کے مضر اثرات کے متعلق بچہ کے سامنے وضاحت کی جائے تو یقینا ادھر ادھر جانے کی بچہ نہ سوچے گا۔ ان شاء ا للہ۔ بنا بریں ٹی وی فی نفسہ ناجائز نہیں ہے، بلکہ اپنے غلط پروگرامس کی وجہ سے قابلِ اجتناب ہے۔
الغرض یہ خصوصی شمارہ اپنے مضامین، موضوعات، تنوع اور معنوعی افادیت کے پیش نظر اس بات کا متقاضی ہے کہ تحریکِ اسلامی سے وابستہ تمام ہی طالبات و خواتین کے ساتھ ساتھ نوجوان و مرد حضرات بھی اس سے استفادہ کریں۔
ملا الفت قانتہ، ہبلی، کرناٹک
8’’حجاب ‘‘ کا خصوصی نمبر ’’مسلم خواتین اور ان کی شخصیت کا ارتقا‘‘ نظر نواز ہوا۔ دل خوش ہوگیا۔ اس نمبر کی تعریف میں کیا کہوں۔ آپ نے مسلم خواتین کی زندگی کے ہر گوشے پر نظر ڈالی ہے۔ واقعی یہ نمبر مسلم خواتین اور لڑکیوں کی زندگی سنوارنے کے لیے معا ون ثابت ہوگا۔ بلکہ مشعلِ راہ ہوگا۔ ہر مضمون سبق آموز اور ایمان افروز ہے۔ عزم و حوصلے کی تلقین کرتا ہے۔ یقینا اس نمبر کے ذریعہ آپ نے مسلم خواتین کے اندر نئی روح پھونکنے کی کوشش کی ہے جس کے لیے آپ اور ادارے کے تمام اراکین مبارک باد کے مستحق ہیں۔ اس خط کے ذریعہ تمام قلم کار بھائی بہنوں کو بھی میری مبارک باد۔ اتنی بہترین تخلیقات کے لیے میں فرداً فرداً انہیں خط لکھ کر مبارک باد دیتی لیکن پتے نہ ہونے کے سبب یہ ممکن نہیں۔ آپ سب کی یہ کاوشیں یقینا باعثِ اجر و ثواب ہیں۔ اللہ پاک آپ کے نیک مقاصد کی تکمیل فرمائے۔ آمین!
رخسانہ نازنین، بیدر (کرناٹک)
8حجاب کا خصوصی نمبر ’’مسلم خاتون اور اس کی شخصیت کا ارتقا‘‘ بہت اچھا لگا۔ سارے ہی مضامین بہترین ہیں اور وقت کی اہم ترین ضرورت بھی۔ اداریہ بھی بہترین ہے۔ مضامین میں خاص طور پر جناب عبداللہ جاوید صاحب، جناب سید سعادت حسینی صاحب اور جناب امین الحسن صاحب کے مضامین اچھے ہیں۔اللہ تعالیٰ آپ سبھی حضرات کو بہترین جزاء عطا فرمائے اور حجاب کو مزید ترقی کی بلندیوں پر پہنچائے۔ آمین!
آسیہ امۃ الرحیم، بنگلور
8حجاب اسلامی کا خصوصی شمارہ فروری ۲۰۰۷ء ’’مسلم خاتون اور اس کی شخصیت کاارتقا‘‘ دستیاب ہوا۔ واقعی آپ قابلِ مبارک باد ہیں کہ یہ دستاویزی شمارہ شائع کیا۔ اس کے سبھی مضامین بار بارپڑھنے کے لائق ہیں اور کسی ایک مضمون پر کچھ بھی لکھنا مشکل ہے۔
بہتر ہوگا کہ اس شمارہ کو کتابی شکل میں شائع کرکے محفوظ کردیا جائے۔ یہ ایسا دستاویزی شمارہ ہے کہ ہماری مائیں اور بہنیں آپس میں ایک دوسرے کو تحفہ کے طور پر دے سکتی ہیں اور یہ بہترین تحفہ ہوگا۔
میں حجاب اسلامی کی قاریوں و خریداروں سے گزارش کروں گا کہ وہ کم سے کم ایک فرد کو حجاب اسلامی کا قاری و خریدار بنانے کی سعی کریں۔ اگر ہم ایسا کرتے ہیں تو یہ حجاب کے لیے اور ہمارے لیے بہتر ہوگا۔
مستحق الزماں خاں، محی الدین نگر، بہار
8امید ہے مزاج گرامی بخیر ہوں گے اللہ کے فضل سے حجاب کا خصوصی شمارہ ۲۱؍فروری کو موصول ہوا۔ پورا شمارہ نہایت قیمتی اور قابلِ مطالعہ ہے۔ مجھے جو مضمون بہت ہی اچھا لگا وہ ہے’’کمیونی کیشن مرد و عورت کے درمیان‘‘ میں نے اس مضمون کو اپنے ذہن و دماغ میں اس طرح سے پیوست کرلیا ہے کہ جس طرح کیل کو کسی لکڑی میں گاڑ دیا جاتا ہے۔ میں عمار انس کا شکریہ ادا کرتا ہوں اور ادارے کا بھی جس نے یہ شاندار نمبر پیش کیا۔
شاہد انصاری، مبارک پور، اعظم گڑھ
8آپ کا ماہنامہ ’’حجاب اسلامی‘‘ میں نے پہلی مرتبہ پڑھا۔ پڑھ کر دل باغ باغ ہوگیا۔ اللہ تعالیٰ اس رسالہ کو ترقی عطا فرمائے۔ آمین!
سمرین عربی محمد فہیم عرب، پاتور، آکولہ
]ادارہ خصوصی شمارے کی پذیرائی کے لیے تمام قارئین کا تہہ دل سے ممنون ہے۔ یہ خوشی اور زیادہ ہوتی اگر ہمارے قارئین اپنے بہترین مشورے، تنقیدیں بھی ارسال کریں۔ ایڈیٹر[
8کافی انتظار کے بعد فروری ۲۰۰۷ء کا خصوصی شمارہ ملا اور اس کے بعد مارچ ۲۰۰۷ء کا بھی حجاب خوبصورت سرورق کے ساتھ ملا۔ حجاب اسلامی کا ہر شمارہ نیا پن لیے ہوتا ہے۔ فروری ۲۰۰۷ء کا شمارہ تو بار بار پڑھنے کے لائق ہے۔ اسے کتابی شکل میں بھی شائع ہونا چاہیے۔ مارچ ۲۰۰۷ء کی خصوصیت یہ ہے کہ مہمان اداریہ، امتحان دینے کے زریں اصول، مسلم سماج میں معلم کا کردار تو کافی اہمیت کے مضمون ہیں۔ گھریلو نسخے، اخبارِ نسواں، کہانیاں سب پسندیدہ ہیں۔ ’’مطالعہ کتب – اہمیت اور تجاویز‘‘ سبق آموز ہے۔ ’’اہلِ ایمان کی قرآنی صفات‘‘ پڑھنے کے لائق مضمون ہے۔ گلدستہ کا کالم تو واقعی علم کا گلدستہ ہے۔
سلطانہ خانم، آر کے مارکٹ، بھاگل پور، بہار

مزید

حالیہ شمارے

ماہنامہ حجاب اسلامی ستمبر 2024

شمارہ پڑھیں

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ ستمبر 2023

شمارہ پڑھیں

درج بالا کیو آر کوڈ کو کسی بھی یو پی آئی ایپ سے اسکین کرکے حجاب اسلامی کو عطیہ دیجیے۔ رسید حاصل کرنے کے لیے، ادائیگی کے بعد پیمنٹ کا اسکرین شاٹ نیچے دیے گئے  وہاٹس ایپ پر بھیجیے۔ خریدار حضرات بھی اسی طریقے کا استعمال کرتے ہوئے سالانہ زرِ تعاون مبلغ 600 روپے ادا کرسکتے ہیں۔ اس صورت میں پیمنٹ کا اسکرین شاٹ اور اپنا پورا پتہ انگریزی میں لکھ کر بذریعہ وہاٹس ایپ ہمیں بھیجیے۔

Whatsapp: 9810957146