حجاب کے نام

شرکاء

حجاب کے نام!

ایک مشورہ
میں حجاب کی قاری ہوں اور اس کے مضامین ہفتہ واری اجتماعات وغیرہ میں پڑھ کر سناتی ہوں۔ سبھی لکھنے والوں اور مرتبین کو اللہ بہترین بدلہ دے۔ آمین!
اس موقع پر ایک مشورہ پسندیدہ اشعار کالم کے لیے دینا چاہتی ہوں کہ شعر بھیجنے والے کے شہر کا نام کم سے کم ضرور لکھئے۔
عذرا پروین، بھوکردن، جالنہ
خواتین کا جامع رسالہ
ماہنامہ حجاب اسلامی کے تمام ہی مضامین جامع اور پرمغز ہیں۔ حالات حاضرہ پر بھی حجاب کی گہری نظر ہے جس کا ثبوت مسجد اقصیٰ اور وہاں کے حالات پر مضامین میں۔ بحیثیت مجموعی حجاب اسلامی اب خواتین کا معیاری رسالہ بن گیا ہے۔
میری گزارش ہے کہ زیادہ سے زیادہ سبق آموز کہانیاں شائع کیجیے تاکہ خواتین کی دلچسپی برقرار رہے۔
فریدہ انجم قمر، پٹھان پورہ، ضلع ایوت محل
]فریدہ صاحبہ! فروری کا شمارہ آپ کو ارسال کیا جارہا ہے۔ فروری کا شمارہ یقینا ڈاک کی نذر ہوگیا ہوگا۔ اگر آپ کو حجاب جنوری سے مل رہا ہے تو آپ کی مدت خریداری دسمبر ۲۰۰۷ء ہوگی۔ ہم اپنے ریکارڈ دیکھ کر تصحیح کرلیتے ہیں۔[
ایک اعتراض:
میں حجاب کی مستقل قاری ہوں۔ ہر ماہ بے صبری سے اس کا انتظار رہتا ہے۔ میں سارے مضامین کا بغور مطالعہ کرتی ہوں۔ ماہِ فروری کا شمارہ ملا۔ بڑے شوق سے اسے پڑھنا شروع کیا۔ ڈھیر ساری جانکاری ملی ،لیکن مثالی بیوی پڑھ کر نہایت ہی مایوسی ہوئی۔ یہ مضمون اس رسالے کے لائق نہیں کیونکہ اس کی پڑھنے والی لڑکیاں بھی ہیں بلکہ وہی زیادہ ہیں۔ اس لیے آئندہ اس کا خیال رکھا جائے۔
قمر جہاں، جمشید پور
خصوصی شمارہ
’’حجاب اسلامی‘‘ ہر جگہ پسند کیا جارہا ہے ۔ میں بھی ماہِ دسمبر ۲۰۰۶ء سے خریدار ہوں اور انشاء اللہ تا عمر رہوں گی۔ دراصل ماہنامہ حجاب کے تمام مضامین بڑی اہمیت کے حامل ہوتے ہیں۔ یہاں تک کہ ٹائٹل بھی بڑا دیدہ زیب، پُرکشش اور معنی خیز ہوتا ہے۔ ابھی اپریل ۲۰۰۷ء کا شمارہ زیرِ مطالعہ ہے۔ تمام مضامین دلچسپ اور ہمارے لیے مشعلِ راہ ہیں جن میں محبت کی کنجی، لوگ کیا کہیں گے، لڑکیوں کا تعلیمی کیرئر اور بزمِ حجاب سرفہرست ہیں۔ اس کے علاوہ ’’خصوصی اشاعت‘‘ فروری ۲۰۰۷ء نہایت ہی قابلِ تعریف رہا۔ کسی ایک یا دو مضمون کی بات نہیں بلکہ پورا شمارہ امت مسلمہ کی خواتین و طالبات کو دعوتِ فکر و عمل دے رہا ہے۔ دل صرف ایک بار نہیں بلکہ بارہا پڑھنے کے لیے اصرار کررہا ہے اور ہر بار ایک نئی تحریک ملتی ہے۔ اس خصوصی اشاعت کے لیے تمام اسٹاف کو دلی مبارکباد۔
علاوہ ازیں ہر ماہ نئے دلچسپ مضامین دل موہ لیتے ہیں۔ ضرورت ہے تو صرف حرکت و عمل کی۔ اگر تشنگی محسوس ہوتی ہے تو اس بات کی کہ ہر شمارہ میں صحابہ کرامؓ اور صحابیات کی زندگی پر روشنی ڈالی جائے۔ اللہ آپ کی کاوش کو قبول فرمائے اور اس رسالہ کو تا قیامت حیات رکھے۔ آمین!
روبینہ کوثر، بارسی ٹاکلی (آکولہ)
خصوصی شمارہ
محو حیرت ہوں۔ اتنا خوبصورت رسالہ!!!
یقین جانئے’’مسلم خاتون اور اس کی شخصیت کا ارتقاء نمبر‘‘ پڑھ کر دل مسرور ہوگیا۔ دل کی گہرائیوں سے ہزاروں دعائیں ذمہ داران کے لیے نکلیں۔
تمام مضامین بے حدمفید اور جامع لگے۔ عنوان جب علم میں آیا تو ایسا لگا کہ مسلم خواتین کے شخصی ارتقاء کے لیے نہ صرف دینی اور عین اسلامی امور و احکام کی نشان دہی کی جائے گی بلکہ عصری علوم سے متعلق رہنمائی بھی ہوگی۔ خصوصاً دینی درسگاہوں سے فارغ طالبات کے کیرئر کی طرف نشان دہی کی جائے گی جو آج فارغات کے لیے اہم مسئلہ ہے۔ مجھے ابھی تشنگی محسوس ہورہی ہے کہ اس سلسلے میں اطمینان بخش مواد نہ ملا۔ ہندوستان میں ایک کثیر تعداد عالمہ و فاضلہ طالبات کی ہے۔ میری خواہش تو یہ ہے کہ ایک مستقل سلسلہ حجاب میں ان کے کیرئر کے میدان کے انتخاب کے لیے ہو اور اہم کورسیز کے طرف نشان دہی کی جائے۔
بقیہ مضامین واقعی لائق تحسین ہیں۔ درحقیقت یہ شمارہ ہمارے لیے ایسا آئینہ ثابت ہوگا جس میں ہم اپنی شخصیت کو دیکھ اور سنوار سکیں۔
زینب الغزالی بنت محمد اسلم ندوی مرحوم
خاص نمبر
حجاب کا خاص نمبر موصول ہوا۔ اسے امیدوں سے کہیں بڑھ کر پایا۔ ہر مضمون خوب سے خوب تر ہے۔ میری طرف سے آپ کو اور تمام قلم کاروں کو دلی مبارک۔ واقعی یہ نمبر قابلِ ستائش اور لائقِ تحسین ہے اور اسے ہر گھر میں ہونا چاہیے۔ آپ نے بہت محنت اور لگن کے ساتھ یہ حسین و خوبصورت گلدستہ تیار کیا ہے۔ اللہ تعالیٰ آپ کی اور تمام لکھنے والوں کی محنتوں اور کاوشوں کو قبول فرمائے اور پڑھنے والوں کو اس پر عمل کی توفیق بخشے۔
ساجدہ فرزانہ صادق، جگتیال
رسالہ پسند ہے
مجھے میرے بھائی نے میری برتھ ڈے پر حجاب اسلامی تحفے میں دیا تو میں بہت خوش ہوئی۔ اب اس کا ہر ماہ شوق سے مطالعہ کرتی ہوں۔ یہ رسالہ مجھے پسند ہے۔ جیسے ہی رسالہ ملتا ہے دل خوش ہوجاتا ہے۔
مسرت جہاں، انصار احمد،بیدر
مضامین پسند آئے
حجاب اسلامی اپریل ۲۰۰۷ء کا شمارہ ’’تعلیمی رہنمائی‘‘ اور’’ عورت اور میدانِ دعوت ‘‘ سرورق کی خصوصیت کے ساتھ ملا۔
عطیہ محمد الابراشی کا مضمون ’’مثالی معلم اور اس کی خوبیاں‘‘ خالد فیصل کا مضمون خواتین، تعلیم اور کیریر اور لڑکیوں کا تعلیمی کیرئیر کافی معلوماتی ہے۔ تعلیمی رہنمائی کے تحت اندرا گاندھی بہ حیثیت ماں بھی سبق آموز کہانی ہے۔
اداریہ ’’عورت اور میدانِ دعوت‘‘ ذمہ دارکا احساس دلاتاہے۔ دراصل مسلمانوں کی تمام ذمہ داریوں میں ’’دعوتِ دین‘‘ ایک اہم ذمہ داری ہے۔ اس طرف ہر خاص و عام کو توجہ دینی ضروری ہے۔ صفحہ ۱۰۰ پر ترانہ ’’ہم فکر وعمل کے شیدائی‘‘ تمام تعلیمی اداروں کے لیے خوب تر ہے البتہ اس کے تخلیق کار کا پتہ نہیں ہے۔ ویسے مرسلہ کا نام تو درج ہے۔ اس کے ساتھ ہی ساتھ تخلیق کار کے نام کی جگہ خالی ہونی چاہیے تاکہ تخلیق کار کے بارے میں جو بھی جانتے ہوں وہ بتا دیں۔
اللہ کا شکر ہے حجاب ہر ماہ نئے رنگ اور خصوصیت کے ساتھ منظرِ عام پر آتا ہے۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ اپنے فضل و کرم سے اس پرچہ کو مقبولیت عطا فرمائے۔ آمین!
مستحق الزماں خاں، محی الدین نگر، بہار

مزید

حالیہ شمارے

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ ستمبر 2023

شمارہ پڑھیں

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ اگست 2023

شمارہ پڑھیں