حجاب کے نام!

شرکاء

 

حجاب دیکھ کر مسرت ہوئی
کل ہی عماد الدین کے ذریعہ آپ کا خط اور حجاب اسلامی کے تین پرچے وصول ہوئے۔آپ کا خط پڑھ کر بہت خوشی ہوئی اور دو سال کے بعد حجاب کو دیکھ کر جو مسرت ہوئی وہ بیان نہیں کرسکتی۔ جب سے حجاب بند ہوگیا دل کو بے انتہا دکھ اور رنج تھا۔ اللہ سے ہمیشہ دعا کرتی تھی کہ یہ کسی طرح دوبارہ شائع ہونے لگے۔ اور آج میری طرح لاکھوں بہنوں کی تمنا پوری ہوئی ہے۔ آپ نے خدا کے بھروسہ پر جو عظیم ذمہ داری کا بوجھ اٹھایا ہے وہ بہت ہی لائق تحسین اور قابل قدر ہے۔ اللہ تعالیٰ ضرور ہر مرحلے میں آپ کی مدد فرمائے گا۔سب کی دعائیں آپ کے ساتھ رہیں گی۔ حجاب سے میرا تعلق بہت ہی پرانا ہے۔ ۱۵ سال کی عمر سے میں حجاب، بتول، نور اور ذکری میں مضامین لکھ رہی ہوں۔
انشاء اللہ اب پھر سے برابر حجاب کے لیے مضامین بھجواتی رہوں گی۔ دو مضامین لکھے ہوئے تھے ارسال کررہی ہوں۔ انشاء اللہ میرا قلمی تعاون برابر ملتا رہے گا۔ دوسری قلمکار بہنوں کو بھی توجہ دلاؤں گی
ساجدہ فرزانہ صادق، جگتیال، کریم نگر، (اے پی)
حجاب پر پابندی کا مسئلہ
تازہ شمارہ میں کہانی اور ایوارڈ کی رپورٹ شائع کرنے پر ممنوں و مشکور ہوں۔ جزاک اللہ مختلف تجاویز و مشوروں کا آنا یقینا رسالہ سے مراسلہ نگاروں کی محبت کو ظاہر کرتا ہے۔ اسلام، مسلمان اور خواتین کے مثلث کے لیے یہ رسالہ انشاء اللہ بڑا مفید رہے گا۔ آپ کے ساتھ ساتھ معاون مدیرہ محترمہ مریم جمال کی کاوشیں بھی لائق ستائش ہیں۔
فرانس، برطانیہ اور دیگر یوروپی ممالک میں حجاب پر پابندی لگانے کے منصوبے بنائے جارہے ہیں۔ قانون بھی بنایا جاچکا ہے۔ میرے خیال سے یہ منصوبے مکڑی کے جالے ہیں جو اسلامی بیداری سے گھبرا کر بننے کی کوشش کی جارہی ہے۔ مگر یہ جالے بھلا اس زبردست بیداری کو کیا روک سکیں گے۔اس تعلق سے مضامین شائع کریں۔ فرانس و برطانیہ وغیرہ ممالک کے معاشرتی پس منظر میں ممکن ہوا تو میں بھی لکھوں گا۔
محمد رفیع الدین مجاہد،آکولہ، (مہاراشٹر)
تعلیم بالغات کی مہم
حجاب کا نیا شمارہ موصول ہوا۔ بہت پسندآیا۔ انشاء اللہ جلد ہی آپ کو زر تعاون ارسال کردیا جائے گا۔ آپ ترسیل جاری رکھیں۔
تعلیم نسواں کی جانب خصوصی توجہ فرمائیں۔ دیہی علاقوں میں جس طرح غربت ہے اس سے کہیں زیادہ ناخواندگی پائی جاتی ہے۔ ہم نے تعلیم بالغات کا ایک مرکز تاجپور میں اور کھولا ہے۔ پہلے ایک مرکز تھا اب دو ہوگئے ہیں۔ پورے گاؤں کو کور کرنے کے لیے کم از چار مراکز کی ضرورت ہے۔ بہرحال تعلیم بالغان کا کام ہے بڑا دلچسپ۔ حجاب میں اس موضوع پر بھی لکھا جانا چاہیے تاکہ مسلم معاشرہ سے ناخواندگی ختم ہو، خصوصاً خواتین تعلیم یافتہ ہوں ۔ اگر خواتین میں تعلیم آگئی ہو مسلم معاشرہ کی کایاپلٹ جائے گی۔
محمد داؤد،نگینہ ، بجنور (یوپی)
قابل قدر
آپ کا لکھا ہوا کارڈ گرچہ کئی دنوں پہلے ملا تھا لیکن شدید مصروفیت کی وجہ سے جواب لکھنے میں تاخیر ہوئی معذرت خواہ ہوں۔ حجاب کی از سر نو اشاعت کا جو بیڑہ آپ نے اٹھایا ہے یہ بہت ہی قابل قدر کوشش ہے۔ میں اللہ سے دعا کرتا ہوں کہ وہ آپ کو کامیاب کرے اور اس راہ میں آنے والی رکاوٹوں کو دور کرے۔ آمین۔
اس سلسلے میں مجھ سے جو بھی تعاون ہوسکے گا انشاء اللہ ضرور کروں گا۔
اختر سلطان اعظمی،چپلون، رتنا گری
مضامین پسند آئے
مجھے حجاب باقاعدگی سے موصول ہورہا ہے۔ پرچے میں سارے مضامین اچھے لگتے ہیں جس کے لیے آپ سب لوگوں کا شکریہ۔ اللہ کرے حجاب دن دونی ترقی کرے اور خوب سے خوب تر نکلے۔ (آمین)۔
میرے پتے میں ایک غلطی رہ گئی ہے برائے کرم اسے صحیح کروادیں تو بہتر رہے گا۔
حبیبہ عارف،اپر فورٹ ، علی گڑھ (یوپی)

مزید

حالیہ شمارے

ماہنامہ حجاب اسلامی ستمبر 2024

شمارہ پڑھیں

درج بالا کیو آر کوڈ کو کسی بھی یو پی آئی ایپ سے اسکین کرکے حجاب اسلامی کو عطیہ دیجیے۔ رسید حاصل کرنے کے لیے، ادائیگی کے بعد پیمنٹ کا اسکرین شاٹ نیچے دیے گئے  وہاٹس ایپ پر بھیجیے۔ خریدار حضرات بھی اسی طریقے کا استعمال کرتے ہوئے سالانہ زرِ تعاون مبلغ 600 روپے ادا کرسکتے ہیں۔ اس صورت میں پیمنٹ کا اسکرین شاٹ اور اپنا پورا پتہ انگریزی میں لکھ کر بذریعہ وہاٹس ایپ ہمیں بھیجیے۔

Whatsapp: 9810957146