حسن نکھارنے کی گھریلو ترکیبیں

۔۔۔۔

بال چمکیلے، لمبے، گھنے اور مضبوط دکھائی دینے کے لیے

بال بڑھانے اور بالوں کو مضبوط کرنے کے لیے چند دنوں تک مندرجہ ذیل ترکیبوں میں سے کوئی ایک استعمال کریں:

٭ بیری کے پتے لے کر انہیں چٹنی کی طرح باریک پیس لیں، جھاگ نکال کر دس منٹ تک سر میں خوب ملیں اور پھر سر دھوڈالیں۔ صابن کااستعمال نہ کریں۔ اس سے بال چمکیلے، گھنے اور لمبے ہوجائیں گے۔

٭ سرسوں کی کھلی بھی سر کے بالوں کے لیے بہت مفید ہے۔ سر دھونے سے ۲ گھنٹے قبل پانی میں بھیگی ہوئی سرسوں کی کھلی کا پانی نتھار کر سر دھوئیں۔

٭ آملہ خشک، ہڑخورد، ریٹھا اور بیری کے پتے ہم وزن لے کر چار تولہ پانی میں جوش دیجیے۔ اور پھر ٹھنڈا کرکے رکھ لیجیے۔ اس سے ہر تیسرے روز بال دھونے سے بال لمبے اور سیاہ ہوجاتے ہیں۔

بالوں کو سفید ہونے اور جھڑنے سے کیسے روکیں؟

٭شیکاکائی، ماش کی دال اور میتھی سل پر باریک چٹنی کی طرح پیس لیجیے پھر اس سے سر دھوئیے۔ اس سے بال جھڑنے بند ہوجائیں گے۔ بالوں کا سفید ہونا بھی بند ہوجائے گا۔ اور بال چمکدار بھی ہوجائیں گے۔

رنگت میں نکھار اور کشش لائیں

٭رات کو سونے سے پہلے لیموں، زعفران، روغن زیتون ملا کر ملنے سے رنگ سرخ و سفید ہوجاتا ہے۔

٭ رنگ نکھارنے کے لیے رات کو اصلی شہد اور بالائی دونوں ملاکر چہرے پر لگائیں۔ اس سے دانے وغیرہ کے جو داغ چہرے پر ہوں گے وہ بھی صاف ہوجائیں گے اور رنگت بھی خوب نکھر آئے گی۔

٭ چرونجی کو کچے دودھ میں باریک پیس کر چہرے پر ملنے سے بھی رنگت نکھر جاتی ہے۔

٭ لیموں کا رس ایک تولہ، روغن زیتون ۲ تولہ، روغن بادام ایک تولہ، تینوں کے آمیزے کو رات کو سوتے وقت چہرے اور ہاتھوں پر ملیں چند دن میں رنگت نکھر جائے گی۔

٭اگر آپ کے چہرے پر دانے نکل آئے ہوں تو آپ کالی مرچ کو بھگوکر گھڑے پررگڑیں۔ گھڑے پر رگڑی ہوئی مرچ کے لعاب کو دانوں پر لگائیں۔ رات کو بھی لگا کر سوجائیں۔ فوراً ٹھیک ہوجائیں گے اور کوئی تکلیف بھی نہیں ہوگی۔

دانتوں کو موتی کی طرح چمکائیں

٭ پہلے برش کو لیموں کے رس میں بھگوئیں اور اس کے بعد سوڈا بائی کاربونیٹ میں ڈبوئیں۔ اب اپنے دانت برش کریں۔ موتیوں کی طرح چمکنے لگیں گے۔

٭ کڑوے تیل میں نمک ملا کر دانت صاف کیجیے۔ اس طرح بھی چمک پیدا ہوجائے گی۔ اگر آپ تیل کی بو سے ہچکچاہٹ محسوس کریں تو اس کے بعد کوئی اچھا سا منجن یا ٹوتھ پیسٹ استعمال کرلیجیے۔

ہاتھوں اور چہرے کی پھٹی جلد ٹھیک

٭ اکثر سردیوں کے زمانے میں ہاتھ اور چہرے کی جلد پھٹ جاتی ہے اس کے لیے لیمو، گلسرین اور گلاب کا عرق تینوں کو ملا کر ملیں۔ جلد شفاف اور نرم ہوجائے گی اور دلکش بھی معلوم ہوگی۔

مہاسے اور دانے کیسے ختم کریں

٭ صبح اٹھنے کے بعد منہ پر ٹھنڈے پانی کے چھپاکے مارئیے۔ اس سے ایک تو مہاسے اور دانے ختم ہوجائیں گے۔ دوسرے چہرے پر شگفتگی پیدا ہوجائے گی۔

ہونٹوں پر قدرتی لالی سجائیں

٭ روزانہ رات کو ہونٹوں پر زعفران لگائیں اور ۵ منٹ کے بعد دھوڈالیں۔ چند دنوں تک ایسا کرنے سے آپ کے ہونٹوں پر قدرتی لالی آجائے گی اور آپ کو لپ اسٹک لگانے کی ضرورت محسوس نہیں ہوگی۔

سردیوں میں ہونٹوں کی حفاظت

٭ اکثر سردیوں میں ہونٹ پھٹ جاتے ہیں اور کافی بدنما معلوم ہوتے ہیں۔ اس کے لیے گائے کا کچا دودھ ہونٹوں پر لگائے۔ ہونٹ نہیں پھٹیں گے۔

چہرے کی خشکی دور کریں

٭ پہلے بادام پانی میں بھگوئیں ا ور پھر رگڑ کر چہرے پر لگائیں، جب خشک ہوجائے تو انگلیوں سے مل مل کر اتاردیں۔ پھر پانی سے دھو ڈالیں چہرے کی خشکی دور ہوجائے گی۔

پلکوں کی خوبصورتی کے لیے

٭ پلکوں کی جڑوں میں روئی کی مدد سے صاف شدہ کسٹر آئیل لگائیے، اس سے پلکیں لمبی اور گھنی دار ہوجائیں گی۔

٭ اصلی شہد اور کسٹر آئیل دونوں برابر لیں اور کسی شیشی میں ملاکر رکھ لیں۔ روزانہ رات کو سوتے وقت پلکوں میں لگائیے پندرہ دن میں پلکیں لمبی ہوجائیں گی اور آنکھیں بے حد حسین اور پرکشش معلوم ہوں گی۔

مزید

حالیہ شمارے

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ ستمبر 2023

شمارہ پڑھیں

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ اگست 2023

شمارہ پڑھیں