حسن و خوبصورتی

ماخوذ

رنگت صاف کرنے کے لیے:

لیموں کا رس ایک چھوٹا چائے کا چمچ لے کر اسے تھوڑے سے دودھ میں ملائیںتو دودھ پھٹ جائے گا۔ اب اسے ہاتھوں اور منہ پر خوب ملیں، ۱۵ منٹ بعد دھولیں۔ روزانہ ایک بار یہ عمل کرنے سے رنگت نکھرتی چلی جائے گی۔

سیاہ دھبوں کے لیے:

٭مولی کے بیچ پیس کر رکھ لیں۔ تھوڑے سے دہی میں ملا کر چہرے پر خوب ملیں اور تھوڑی دیر کے بعد ٹھنڈے پانی سے منہ دھو لیں۔ چند روز ایسا کرنے سے دھبے دور ہوجائیں گے ۔

٭ دیسی سنگترے کے چھلکے اتار کر سکھا لیں۔ ان کو باریک پیس کر ابٹن کی طرح بنا کر استعمال کریں۔ داغ دھبے دور ہوجائیں گے۔

٭ لیموں کے چھلکے پیس کر دودھ میں ملا کر رات کو لگایا کریں، فائدہ ہوگا۔

٭ بالائی میں لیموں کے رس کے چند قطرے ڈال کر ملنے سے بھی فائدہ ہوتا ہے۔

چہرے کی خارش کے لیے:

مولی کا رس نکال کر چہرے پر ملیں۔ رس خشک ہونے پر منہ دھولیں۔ مولی کا رس ابٹن میں ملا کر بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔ جَو کے آٹے میں مولی کا رس ملا کرچہرے پر لگانے سے بھی فائدہ ہوتا ہے۔

چہرے کے دانوں کے لیے:

٭صبح منہ دھونے کے بعد ٹھنڈے پانی کے چھپاکے مارئیے۔ اس سے ایک تو چہرے کے دانے اور مہاسے ختم ہوتے ہیں دوسرے چہرے پر شگفتگی پیدا ہوتی ہے۔

٭ کالی مرچ کو بھگو کر گھڑے پر رگڑیں۔ اب اس رگڑی ہوئی مرچ کو دانوں پر لگائیں۔ رات کو بھی لگا کر سوئیں، دانے فوراً ٹھیک ہوجائیں گے۔

ہونٹوں کو پھٹنے سے بچانے کے لیے:

سردیوں میں اکثر ہونٹ پھٹ جاتے ہیں اور بدنما دکھائی دیتے ہیں۔ اس کے لیے گائے کا کچا دودھ ہونٹوں پر لگائیے۔ ہونٹ نہیں پھٹیں گے۔

بھنویں گھنی کرنے کے لیے:

رات کو سونے سے پہلے بھنوؤں پر روغن زیتوں کی مالش کیجیے اس سے بھنویں چند دن میں گھنی ہوجائیں گی۔ پلکوں کو گھنا اور لمبا کرنے کے لیے بھی روغن زیتون استعمال کیا جاسکتا ہے۔

پھٹے پاؤں کے لیے:

٭دو شلجم لے کر چھلکے سمیت ان کے ٹکڑے کرلیں۔ اب کسی بڑی دیگچی میں پانی بھر کر شلجم ابالیں۔ گلنے کے بعد کسی برتن میں وہ پانی ڈالیے اور آدھا چمچ نمک ڈال کر اتنا ہی سرسوں کا تیل ملا لیجیے۔ پانی میں پاؤں ڈال کر بیٹھ جائیے۔ جب پانی ٹھنڈدا ہوجائے تو کوئی کریم وغیرہ لگالیجیے۔ ایسا کرنے سے جلدی ہی آپ کے پاؤں ٹھیک ہوجائیں گے۔

٭ چھوٹے ٹب میں گرم پانی اور تھوڑا سا نمک ملا لیجیے اور پاؤں ڈال کر روزانہ ۲۰ منٹ بیٹھا کیجیے۔ اس کے بعد جھانویں سے پاؤں دھوکر کوئی کریم لگالیجیے۔

٭ اگر پاؤں میں چیرے ہوں تو اس کے لیے موم اور تیل گرم کرکے لگائیے۔ اس کے بعد موزے پہن لیجیے اور اگلے دن پھر پانی میں پاؤں رکھئے۔ جلد ہی پاؤں ٹھیک ہوجائیں گے۔

٭ جو کا آٹا اور موٹا نمک تھیلی میں بھر لیجیے۔ پاؤں گیلے کرکے ملیں اور بعد میں گرم پانی سے دھولیں، فائدہ ہوگا۔

ہاتھوں اور چہرے کی پھٹی جلد کے لیے:

سردیوں کے موسم میں چہرے اور ہاتھوں کی جلد اکثر پھٹ جاتی ہے اور دیکھنے میں بدنما معلوم ہوتی ہے۔ اس کے لیے لیموں، گلیسرین اور گلاب کا عرق برابر مقدار میں لے کر ملالیں۔ جلد شفاف اور نرم ہوکر دلکش لگنے لگے گی۔

ناخنوں کو مضبوط کرنے کے لیے:

٭ اگر آپ کے ناخن ٹوٹتے ہوں تو اس کے لیے وٹامن سی کی ایک گولی روزانہ کھائیے۔

٭ ایک لیموں کا رس پانی میں ملاکر روزانہ پیا کیجیے۔

٭۴ لیموں لے کر ان کا رس نکال لیجیے اوراس میں تھوڑی سے پھٹکری ملا کر ایک شیشی میں محفوظ کرلیجیے۔ ۲۰ منٹ کے لیے اس محلول کو ناخنوں پر لگا رہنے دیجیے تاکہ خشک ہوجائے پھر ہاتھ دھو لیجیے۔

٭ لہسن کا پانی لگانے سے بھی ناخن مضبوط ہوجاتے ہیں۔

ناخنوں کی چمک کے لیے:

چمکدار اور مضبوط ناخن بھلے معلوم ہوتے ہیں، ان کو چمکدار بنانے کے لیے ان پر لیموں کا رس ملیں۔ چند بار ایسا کرنے کے بعد ہی ناخن چمکدار ہوجائیں گے۔

ناخن سے نیل دور کرنے کے لیے:

اگر دروازیہ بند کرتے یا کسی چوٹ کے لگنے سے ناخن نیلا پڑجائے تو اس کو دور کرنے کا طریقہ یہ ہے کہ نیم گرم پانی لیں اور اس میں دس منٹ کے لیے ناخن کو ڈبوئے رکھیں۔ نیلاہٹ دور ہوجائے گی۔

مزید

حالیہ شمارے

ماہنامہ حجاب اسلامی ستمبر 2024

شمارہ پڑھیں

درج بالا کیو آر کوڈ کو کسی بھی یو پی آئی ایپ سے اسکین کرکے حجاب اسلامی کو عطیہ دیجیے۔ رسید حاصل کرنے کے لیے، ادائیگی کے بعد پیمنٹ کا اسکرین شاٹ نیچے دیے گئے  وہاٹس ایپ پر بھیجیے۔ خریدار حضرات بھی اسی طریقے کا استعمال کرتے ہوئے سالانہ زرِ تعاون مبلغ 600 روپے ادا کرسکتے ہیں۔ اس صورت میں پیمنٹ کا اسکرین شاٹ اور اپنا پورا پتہ انگریزی میں لکھ کر بذریعہ وہاٹس ایپ ہمیں بھیجیے۔

Whatsapp: 9810957146