مجھے انسان بنایا شکر تیرا
کرم تیرا خدایا شکر تیرا
مجھے بخشی محمدؐ کی غلامی
مرا رتبہ بڑھایا شکر تیرا
عطا کی دولتِ ایمان مجھ کو
گناہوں سے بچایا شکر تیرا
مرے سر پر ہے پیہم میرے مولا
کرم کا تیرے سایا شکر تیرا
پڑا تھا پستیوں میں ذلتوں کی
مجھے تو نے اٹھایا شکر تیرا
تھی مجھ پر غفلتوں کی نیند طاری
میں سویا تھا جگایا شکر تیرا
دکھایا رساتہ جنت کا مجھ کو
جہنم سے بچایا شکر تیرا
ہمیشہ میرے ظالم دشمنوں کا
کیا تو نے صفایا شکر تیرا
مرا بیڑہ جو طوفان میں پھنسا تھا
کنارے لگایا شکر تیرا
جلائی آگ نمرودوں نے جب بھی
اسے گلشن بنایا شکر تیرا
کیا فرعون کو غرقاب، مجھ کو
کنارے سے لگایا شکر تیرا
میں اپنے آپ کو گم کرچکا تھا
مجھے مجھ سے ملایا شکر تیرا
جہاں چھوڑا سبھی نے ساتھ میرا
تو میرے کام آیا شکر تیرا
دلائی نیکیوں سے مجھ کو رغبت
برائی سے چھڑایا شکر تیرا
ہدایت پاکے تیری تیرا راہیؔ
گنہ سے باز آیا شکر تیرا