خربوزہ: خوش ذائقہ اور تسکین بخش پھل

حکیم محمد ابراہیم شیخ

خربوزہ مقبول عام خوشبودار، خوش ذائقہ پھل ہے، جس میں بے انتہا غذائیت ہے۔ خربوزہ، گرما اور سردا… ان سب پھلوں کا ایک ہی خاندان سے تعلق ہے۔ جبکہ خربوزہ کی یہ بھی خوبی ہے کہ اس کا بیج، مغز، گودہ سمیت چھلکا بھی غذا اور دوا کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے۔ گرمی کے موسم میںجب لو کی تپش سے انسان کی صحت بے قرار ہوجاتی ہے ایسے میں فرحت بخش پھل خربوزہ مددگار ثابت ہونے کے ساتھ بیماریوں سے نجات کا مؤثر اثر رکھتا ہے اور سکون پہنچانے کا ذریعہ بھی ہے۔ یہ انسانی بدن کی خشکی کو دور کرتا ہے، پٹھوں کی قدرتی لچک کو برقرار رکھنے کے ساتھ بھوک میں اضافہ ہوجاتا ہے۔ میٹھا خربوزہ گرم تر، ترش سرد تر اورپھیکا معتدل مزاج رکھتا ہے۔ صحت مند معدہ اسے ایک سے ڈیڑھ گھنٹے میں ہضم کرلیتا ہے۔ خربوزہ غذائیت کے لیے مفید ہونے کے ساتھ ادویاتی لحاظ سے بھی اپنی چند جدا خصوصیات کا حامل ہے۔ اللہ تعالیٰ نے اس پھل میں زمین سے پانی، سورج کی روشنی سے فاسفورس، کیلشیم،پوٹاشیم، کیرے ٹین، تانبہ، گلوکوز اور وٹامن اے، بی جمع کردیے ہیں، جبکہ یہ جسم کو مضبوط اور موسم گرما کی گرمی کو برداشت کرنے کے قابل بناتا ہے، قبض کو دور کرکے انسانی رنگ کو نکھارتا ہے۔ اس کے استعمال سے پیشاب کے ذریعے زہریلے فضلات (یورک ایسڈ) خارج ہوجاتے ہیں۔ خربوزہ کھانے والے کے گردے صحت مند اور صاف ستھرے رہتے ہیں۔ مثانہ، گردوں کی ریگ اورپتھری بھی اس کے استعمال سے خارج ہوجاتی ہے۔ عورتوں اور نوجوان لڑکیوں کے لیے ’’خاص ایام‘‘ کے دورانِ پیشاب کی جلن اور سوزش کو دور کرنے کے لیے خربوزہ مؤثر دوا اور بہترین غذا ہے۔ دودھ پلانے والی عورتوں میں اس کے استعمال سے دودھ کی مقدار بڑھ جاتی ہے۔ جوڑوں کے درد میں اس کو کھانے سے یورک ایسڈ خارج ہوتا ہے اور درد میں کمی آجاتی ہے۔ گرمی شدت کی ہو تو جسم میں تیزابیت بڑھ جاتی ہے۔ ایسے موسم میں خربوزہ شام کے وقت کھایا جائے تو صحت کیسے بہتر ہوگی۔
دردِ گردہ کو فوری آرام
پوست خربوزہ ۱۲؍گرم، عرقِ گلاب ۲۵۰ ملی لیٹر، کالا نمک حسبِ ذائقہ۔ عرق میں جوش دے کر اسے چھان کر کالا نمک ملا کر مریض کو استعمال کروانے سے فوری آرام ہوگا۔
چہرے کے کیل اور داغ دھبے
پوست خربوزہ، چنے کا آٹا برابر وزن لے کر باریک پیس کر دہی میں ملاکر چہرے پر لگانے سے چہرے کے داغ دھبے کیل، مہاسے دور ہوجاتے ہیں۔
——

مزید

حالیہ شمارے

ماہنامہ حجاب اسلامی ستمبر 2024

شمارہ پڑھیں

درج بالا کیو آر کوڈ کو کسی بھی یو پی آئی ایپ سے اسکین کرکے حجاب اسلامی کو عطیہ دیجیے۔ رسید حاصل کرنے کے لیے، ادائیگی کے بعد پیمنٹ کا اسکرین شاٹ نیچے دیے گئے  وہاٹس ایپ پر بھیجیے۔ خریدار حضرات بھی اسی طریقے کا استعمال کرتے ہوئے سالانہ زرِ تعاون مبلغ 600 روپے ادا کرسکتے ہیں۔ اس صورت میں پیمنٹ کا اسکرین شاٹ اور اپنا پورا پتہ انگریزی میں لکھ کر بذریعہ وہاٹس ایپ ہمیں بھیجیے۔

Whatsapp: 9810957146