خوبصورت جلد کے لیے وٹامن ڈی ضروری

مسرور حافظ

’’تندرستی ہزار نعمت ہے۔‘‘ ہر انسان کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ تندرست و توانا رہے۔ صحت مند رہنے کے لیے متوازن غذا کے علاوہ پانی، ہوا اور سورج کی روشنی ضروری ہے۔ اللہ تعالیٰ نے انسان کے زندہ رہنے کے لیے جتنی چیزیں بنائی ہیں، وہ سب انتہائی ضروری ہیں اور اسی میں سورج کی روشنی بھی شامل ہے۔ سورج کی روشنی سے ہم کچھ خرچ کیے بغیر وٹامن ڈی حاصل کرسکتے ہیں، جس کی وجہ سے جلد کے کینسر کے علاوہ دوسری بیماریوں سے بھی محفوظ رہ سکتے ہیں۔

ماہرینِ جلد کا خیال ہے، ’’ویسے تو ہمیں سارا سال سورج کی روشنی ملتی ہے لیکن اگر ہم مہینے میں ایک بار چند گھنٹوں کے لیے سورج کی روشنی لیں تو جلد کا کینسر ہونے کے امکان کم ہوں گے۔‘‘ اگر روزانہ ایک گلاس دودھ پئیں، تب بھی اس اُس وقت تک کوئی فائدہ نہیں ہوگا، جب تک آپ سورج کی روشنی نہیں لیں گے۔ جدید تحقیق سے یہ بات ثابت ہوئی ہے کہ وٹامن ڈی کی کمی سے ہڈیاں بھربھرے پن کا شکار ہوجاتی ہیں، اور ان کے ٹوٹنے کا خطرہ ہوجاتا ہے۔ قوت مدافعت کی کمی کی وجہ سے جوڑوں کی بیماری اور مختلف کینسر ہونے کا اندیشہ رہتا ہے۔ ایک تحقیقی ادارے نے اپنی تحقیق میں یہ ثابت کیا ہے کہ وٹامن ڈی حاصل کرنے کے لیے لوگوں کو زیادہ سے زیادہ دھوپ یا سورج کی روشنی حاصل کرنی چاہیے۔

جلدی امراض کے ماہرین نے حال ہی میں چارسال تک سورج کی روشنی کی اہمیت اور ضرورت کے بارے میں مہم چلائی ہے تاکہ لوگ سورج کی روشنی اور وٹامن ڈی کی اہمیت سے روشناس ہوسکیں۔

دماغی امراض کے ماہرین کا کہنا ہے کہ کچھ لوگ اتنی دھوپ حاصل کرتے ہیں، جو ان کے لیے کافی ہوتی ہے۔ وہ روزانہ ایک دو گھنٹے ضرور دھوپ میں بیٹھتے یا سفر کرتے ہیں۔

مختلف تحقیقی اداروں اور ماہرین غذا نے غذاؤں اور دواؤں پر تحقیق کے بعد انسانی جسم کے لیے روزانہ جتنا وٹامن ڈی ضروری ہوتا ہے، اس کی مقدار مقرر کی ہے۔ تحقیق کے مطابق، ایک سال سے پچاس سال تک کے افراد کے لیے ۲۰۰ انٹرنیشنل یونٹ ضروری ہے۔

پچاس سال سے ساٹھ سال تک کے افراد کے لیے ۴۰۰ یونٹ، ستر سال سے زیادہ عمر کے افراد کے لیے ۶۰۰ یونٹ ضروری ہیں۔

تقریباً ایک سو پچاس سال پہلے بچوں کو مچھلی کا تیل دیا جاتا تھا۔ یہ بچوں کی ہڈیوں کو بیماریوں اور ان کے ٹیڑھے پن سے بچاتا تھا۔ بیسویں صدی میں سائنس دانوں کی تحقیق کے مطابق وٹامن ڈی سے ہڈیاں مضبوط ہوتی ہیں۔ اس کی مناسب مقدار بچوں کو ہڈیوں کے ٹیڑھے پن کی بیماری سے بچاتی ہے۔ مختلف طبی علوم سے یہ بات معلوم ہوئی ہے کہ بڑی عمر کے افراد جنھوں نے آٹھ سو یونٹ وٹامن ڈی حاصل کی، ان میں ہڈیوں کی کمزوری نہیں پائی گئی۔ ان کا دوران خون اور بلڈ پریشر بالکل نارمل تھا۔ ڈاکٹروں کے مطابق اگر آپ پوری طرح وٹامن ڈی حاصل نہیں کرتے، تو آپ کی قوت مدافعت کم ہوجاتی ہے جس کی وجہ سے مردوں میں آنتوں اور غدود کا کینسر، جب کہ عورتوں میں چھاتی کا کینسر ہوسکتا ہے۔

حال ہی میں ہونے والی ایک تحقیق سے پتا چلا ہے کہ خواتین کو روزانہ ایسی غذا لینی چاہیے جس سے چار سو یونٹ وٹامن ڈی حاصل ہو۔ سانولے رنگ کی خواتین کو وٹامن ڈی کی زیادہ ضرورت ہوتی ہے۔ خاص طور سے سردی کے موسم میں۔ ایک تحقیقی رپورٹ کے مطابق گزشتہ سال امریکہ میں کینسر سے زیادہ تر متاثرہ ۱۵ سال تک کی عمر کے بچے تھے۔ اس تحقیق نے والدین کو خوف زدہ کردیا۔

ماہرین طب کے مطابق اگر ہم ہفتے میں ۳۰ سے ۴۰ منٹ بھی سورج کی روشنی لے لیں، تو یہ کینسر سے بچاؤ کے لیے کافی ہے۔ ماہرین کے مطابق ہم نارمل غذا کے ذریعہ وٹامن ڈی حاصل کریں تو کینسر سے بچ سکتے ہیں۔ اس سے بہتر محفوظ راستہ اور کیا ہوگا؟

قومی ادارئہ صحت کے مطابق مختلف غذاؤں میں پائے جانے والے وٹامن ڈی کی مقدار درج ذیل ہے:

٭مچھلی کے تیل میں ۳۵۰ انٹرنیشنل یونٹ

٭ ایک انڈے میں تقریباً ۲۵ انٹرنیشنل یونٹ

٭ خالص دودھ کے ایک گلاس میں ۹۸ یونٹ

٭ تلی ہوئی مچھلی میں ۳۶۰ یونٹ

٭ گندم، دالوں، چاول، مکئی وغیرہ میں چالیس سے پچاس انٹرنیشنل یونٹ

٭ تیل اور گھی میں ۲۷۰ یونٹ

وٹامن ڈی، سورج کی روشنی سے حاصل کریں۔ جلدی سرطان اور جلدی بیماریوں سے محفوظ رہنے کے لیے وٹامن ڈی ضروری ہے۔

مزید

حالیہ شمارے

ماہنامہ حجاب اسلامی ستمبر 2024

شمارہ پڑھیں

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ ستمبر 2023

شمارہ پڑھیں

درج بالا کیو آر کوڈ کو کسی بھی یو پی آئی ایپ سے اسکین کرکے حجاب اسلامی کو عطیہ دیجیے۔ رسید حاصل کرنے کے لیے، ادائیگی کے بعد پیمنٹ کا اسکرین شاٹ نیچے دیے گئے  وہاٹس ایپ پر بھیجیے۔ خریدار حضرات بھی اسی طریقے کا استعمال کرتے ہوئے سالانہ زرِ تعاون مبلغ 600 روپے ادا کرسکتے ہیں۔ اس صورت میں پیمنٹ کا اسکرین شاٹ اور اپنا پورا پتہ انگریزی میں لکھ کر بذریعہ وہاٹس ایپ ہمیں بھیجیے۔

Whatsapp: 9810957146