خوبصورت نظر آنے کی خواہش فطری ہے

ڈاکٹر مشتاق احمد

خوب صورت نظر آنے اور پرکشش لگنے کی آرزو انسانی فطرت میں جیسے مٹی، پانی کے ملاپ کی طرف گندھی ہے ، اور یہ اسی وقت ممکن ہے جب آپ صحت مند بھی ہوں، بلکہ یہ کہنا مناسب ہوگا کہ صحت مندی میں وہ ملکوتی روپ پوشیدہ ہے، جس کی آپ کو ضرورت ہے۔ کچھ لوگ ملبوسات کی چھپ ڈھپ پر خوب پیسہ لٹاتے ہیںاور کچھ اپنی غذا پر بڑی سختی سے عمل کرتے ہیں، کچھ خواتین ناز نخروں سے اپنے حسن اور جاذبیت میں اضافہ کرنے کی شعوری کوشش کرتی ہیں، کچھ ادویات میں اپنے حسن کی چمک دمک ڈھونڈتی ہیں۔ گھریلو نسخے بھی اپنی طرف متوجہ کرتے ہیں اور بعض ایسی خواتین بھی ہوتی ہیں جو بیٹھی بس فکرمند ہوا کرتی ہیں، کہیں ان کے دل میں یہ خیال موجیں مارتا ہے کہ فکر مندی کے اظہار سے لوگ ان میں موجود کمی کو جیسے بھول جائیں گے یا اس طرف توجہ نہیں دیں گے۔ القصہ ہزار باتیں ہیں، جن سے پرکشش اور جاذب توجہ رہنے کے جتن کیے جاتے ہیں۔ خواتین اگر اِن چند چیزوں کو اپنی گرہ میں باندھ کر ان پر عمل کریں تو ان کی کشش اور جاذبیت انہیں حاصل رہے گی اور وہ ہمیشہ اپنی عمر سے دس برس کم ہی نظر آئیں گی۔ تو پھر لیجیے شروع کرتے ہیں۔
جلد کا مساج
جس طرح ایک پودے کی پرورش کے لیے مستقل توجہ اور دیکھ بھال کی ضرورت ہوتی ہے، بالکل اسی طرح جلد کا مستقل مساج بھی اس کی دل کشی مناسب انداز میں برقرار رکھتا ہے۔ اس نسخے سے پورے جسم میں خون کی آمدورفت بحال رہتی ہے اور طبیعت بھی کبھی تساہل کا شکار نہیں ہونے پاتی۔ یہ مساج ہر قسم کی پریشانیوں اور ذہنی تکلیف سے نجات دلاتا ہے جس سے کام کرنے کی استعداد بھی پہلے کی بہ نسبت بہترہوتی ہے۔ اگر یہ عادت اختیار کرلی جائے تو عمومی نوعیت کی تکالیف سے نجات بغیر ادویات کے ممکن ہوجاتی ہے۔
دھوپ سے بچیں
اگر آپ تادیر اپنی جلد کو جھریوں اور جھائیوں سے پاک رکھنا چاہتی ہیں تو جتنا ہوسکے دھوپ سے دور رہیں۔ ساتھ ہی باہر نکلتے وقت سن بلاک یا جلد کی حفاظت کے لیے کریم وغیرہ کا استعمال ضرور کریں۔ اگر سیروتفریح کے لیے ساحلِ سمندر یا کسی پارک کا بھی رخ کریں تو سن گلاسز کے علاوہ سر پہ اسکارف اور دوپٹے سے چہرے پر سایہ کرلیںتاکہ سورج کی شعاعیں براہِ راست جلد پراثر انداز نہ ہونے پائیں۔
ورزش کو اپنائیے
ایکسر سائز روزانہ کے معمولات میں ضرور شامل کیجیے۔ دس سے پندرہ منٹ کی ورزش ہر قسم کی تکلیف سے نجات دلانے کے لیے بڑی مفید ہے۔ اپنی سہولت کے حساب سے ورزش کا انتخاب کرلیں۔ باغ بانی کے مشغلے کی صورت میں ہو یاپیدل چلنے کی صورت میں ہو، یا ہلکی پھلکی اچھل کود کی شکل میں … ایک مرتبہ عادت بن جائے تو مشکل سے ہی چھوٹتی ہے۔ یہ آپ کی زندگی میں خوشگوار تبدیلی لانے کا باعث بنتی ہے، جو طویل عرصے تک صحت مندی کا پیش خیمہ ثابت ہوتی ہے۔
پانی کا بھرپور استعمال ضروری ہے
جتنا زیادہ پانی کا استعمال کیا جائے بہتر ہے۔ اس طرح چہرے اور جلد کی قدرتی خوب صورتی اور شگفتگی بھی طویل عرصے تک برقرار رہے گی۔ یہ نہ صرف آپ کی جلد کی عمر بڑھانے کے لیے ضروری ہے، بلکہ مختلف بیماریوں سے بچاؤ اور غذا کو صحت بخش بنانے میں بھی معاونت کرتا ہے۔ دن میں کم از کم پندرہ سے بیس گلاس پانی استعمال کرنے سے آپ تروتازہ اور فریش ہی نظر نہیں آتے بلکہ آپ کی صحت بھی ہمیشہ حسبِ منشا رہتی ہے۔
ادویات بلاضرورت نہ لیں
ادویات کا بے جا اور بلاوجہ استعمال صحت کی خرابی پر دلالت کرتا ہے، خصوصاً درد کے حوالے سے اندھا دھند کھائی گئی دوائیں نقصان دہ ہیں اور ان سے قبل از وقت بوڑھا ہونے کا بھی خطرہ ہے۔ عمومی نوعیت کی تکالیف میں کسی صورت بھی ان دواؤں کو نہ کھائیں۔ جب تک کہ اس کی ضرورت ناگزیر نہ ہوجائے اس کے استعمال سے حتی الامکان پرہیز کریں۔ ساتھ ہی اینٹی بائیوٹک ادویات کو بھی بغیر معالج کے مشورے کے استعمال نہ کریں۔ ادویات کا تعلق زندگی بچانے سے ہے، لیکن اگر آپ جسمانی اعتبار سے فٹ ہیں تو ان کا غیر ضروری استعمال آپ کی صحت کو تباہ کرنے کا باعث بنتا ہے۔ تاہم بعض ادویات نقصان دہ ثابت ہونے کے بجائے فائدہ مند ہوتی ہیں۔ وٹامن سی کے علاوہ ملٹی وٹامنز کی گولیاں جلد کی صحت کے لیے مؤثر رہتی ہیں۔
چہرے کی صفائی کے طریقے
چہرے کی حفاظت کرنے اور اس کی خوب صورتی برقرار رکھنے کے کئی طریقے اختیار کیے جاتے ہیں:
٭ خواتین اس معاملے میں زیادہ حساس ہوتی ہیں۔ چہرے کی حفاظت اور صفائی کے سلسلے میں بازار میں کریمیں، لوشن اور مختلف آرائشی اشیاء دستیاب ہیں جو افزائش حسن میں مدد گار ثابت ہوتی ہیں۔
٭فیشل کرانا! آج کل کی خواتین کی ضرورت بن گیا ہے۔ فیشل کا ایک اہم حصہ ماسک لگایا جاتا ہے اس کا استعمال جلد کو تروتازہ رکھتا ہے۔
٭ چہرے پر چمک اور رنگت پیدا کرنے کے لیے ہفتے میں جلد کو تروتازہ رکھتا ہے چہرے پر چمک، ملائمت اور رنگت پیدا کرنے کے لیے ہفتے میں یا پھر پندرہ دن کے بعد ماسک لگانا مفید ہے۔
——

مزید

حالیہ شمارے

ماہنامہ حجاب اسلامی ستمبر 2024

شمارہ پڑھیں

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ ستمبر 2023

شمارہ پڑھیں

درج بالا کیو آر کوڈ کو کسی بھی یو پی آئی ایپ سے اسکین کرکے حجاب اسلامی کو عطیہ دیجیے۔ رسید حاصل کرنے کے لیے، ادائیگی کے بعد پیمنٹ کا اسکرین شاٹ نیچے دیے گئے  وہاٹس ایپ پر بھیجیے۔ خریدار حضرات بھی اسی طریقے کا استعمال کرتے ہوئے سالانہ زرِ تعاون مبلغ 600 روپے ادا کرسکتے ہیں۔ اس صورت میں پیمنٹ کا اسکرین شاٹ اور اپنا پورا پتہ انگریزی میں لکھ کر بذریعہ وہاٹس ایپ ہمیں بھیجیے۔

Whatsapp: 9810957146