دانتوں کو مضبوط اور چمکدار بنائیے

شاہد محمود

(۱)… برش کو لیمو کے رس میں بھگوئیں اور اس کے بعد سوڈا بائی کاربونیٹ میں ڈبوئیں۔ اب اپنے دانت برش کریں۔ اس طرح آپ کے دانت موتیوں کی طرح چمکنے لگیں گے۔

(۲)… کڑوے تیل میں نمک ملا کر دانت صاف کیجیے۔ اس طرح بھی چمک پیدا ہوجائے گی۔ اگر آپ تیل سے کسی قسم کی ہچکچاہٹ محسوس کریں تو اس کے بعد کوئی اچھا سا منجن یا ٹوتھ پیسٹ استعمال کریں۔

(۳)… اگر دانت ہل رہے ہوں تو لونگ باریک کرکے دانتوں کے اندر رکھ لیں۔ یہ عمل کچھ عرصہ کرتے رہیں۔ ہلتے ہوئے دانت مضبوط ہوجائیں گے۔

(۴)… دانت اسی صورت میں زیادہ مضبوط اور دلکش ہوسکتے ہیں، جب مسوڑھے مضبوط ہوں۔ مسوڑھوں کو مضبوط رکھنے کے لیے لیموں کا رس، مسواک یا برش سے دانتوں اور مسوڑھوں پر ملیں۔ اس سے ایک تو دانت صاف ہوجائیں گے، دوسرے تمام جراثیم بھی ہلاک ہوجائیں گے اور دانت موتیوں کی طرح چمکنے لگیں گے۔

(۵)… گوشت خورہ سے نجات کے لیے ایک حصہ عرق لیموں اور دو حصے عرق گلاب ملا کر صبح و شام غرارے کریں۔ تمام گندے مادوں سے منہ صاف ہوجائے گا اور منہ سے بدبو بھی کبھی نہیں آئے گی۔

(۶)… دانتوں کے کیڑے دور کرنے کے لیے چنبیلی کے پتوں کے جوشاندے سے غرارے کریں، فوراً افاقہ ہوگا۔ یہ نسخہ منہ کے آبلے ٹھیک کرنے کے لیے بھی مفید رہتا ہے۔

(۷)… مسوڑھوں کی مضبوطی کے لیے مسوڑھوں پر ٹماٹر کے قتلے دوہرے کرکے ملیں۔ دس منٹ تک ایسا کرتے رہیں۔ یہ عمل تین چار ماہ تک جاری رکھنے سے مسوڑھے انتہائی مضبوط ہوجائیں گے۔

(۸)… اگر دانت میں درد ہو تو لونگ کے تیل میں روئی بھگو کر دانت پر رکھیں۔ یا کوڈین کمپاؤنڈ کی گولی توڑ کر دانت پر رگڑیں، درد دور ہوجائے گا۔

(۹)… روزانہ سونف چبانے سے دانت کی بدبو دور ہوجاتی ہے۔ سرسوں کے تیل میں نمک خوردنی ملا کرمسوڑھوں پر ملنے سے گوشت خورہ سے نجات مل جاتی ہے۔

(۱۰)… اگر دانتوں پر کالے رنگ کا میل جم جائے تو مسواک سے سوڈابائی کاربونیٹ یعنی میٹھا سوڈا دانتوں پر رگڑکر ملیں دانت بالکل صاف ہوجائیں گے۔

(۱۱)… انفیکشن ختم کرنے کے لیے اسٹرین کے چند قطرے پانی میں ملا کر غرارے کریں۔ اس طرح شدید درد کو بھی فوری طور پر آرام آجائے گا۔

(۱۲)… ہرے دھنیے کو ایک گلاس پانی میں ڈال کر جوش دیں۔ نیم گرم ہونے پر غرارے کریں۔ روزانہ کے استعمال سے مسوڑھے مضبوط اور منہ کی بدبو ختم ہوجائے گی۔

(۱۳)… پائیوریا کے مرض کے لیے جامن کی گٹھلیوں کا گودہ دو تولے، سیاہ نمک ایک تولہ اور عاقرقرہا باریک پیس کر برش سے صبح و شام دانتوں پر ملیں۔ خون اور پیپ نکلنا بند ہوجائے گی۔ اور زخمی مسوڑھے مضبوط ہوجائیں گے۔

(۱۴)… اگر زیادہ ترشی استعمال کرنے سے دانت بے حس ہوجائیں تو فوراً لیموں کے بیج چبائیں، بے حسی دور ہوجائے گی۔ یا گرم روئی لے کر احتیاط سے دانتوں پر ملیں۔ یہ شکایت رفع ہوجائے گی۔ کمزور مسوڑھوں اور پیپ روکنے کے لیے کیکر کی مسواک روزانہ کریں۔ یہ بہت کڑوا درخت ہوتا ہے، لیکن اس کی مسواک بے حد مفید ہے۔ اگر آپ ان تدابیر پر عمل کریں گے تو دیکھتے ہی دیکھتے آپ کے دانت لوہے کی طرح مضبوط اور موتیوں کی طرح چمکنے لگیں گے۔

مزید

حالیہ شمارے

ماہنامہ حجاب اسلامی ستمبر 2024

شمارہ پڑھیں

درج بالا کیو آر کوڈ کو کسی بھی یو پی آئی ایپ سے اسکین کرکے حجاب اسلامی کو عطیہ دیجیے۔ رسید حاصل کرنے کے لیے، ادائیگی کے بعد پیمنٹ کا اسکرین شاٹ نیچے دیے گئے  وہاٹس ایپ پر بھیجیے۔ خریدار حضرات بھی اسی طریقے کا استعمال کرتے ہوئے سالانہ زرِ تعاون مبلغ 600 روپے ادا کرسکتے ہیں۔ اس صورت میں پیمنٹ کا اسکرین شاٹ اور اپنا پورا پتہ انگریزی میں لکھ کر بذریعہ وہاٹس ایپ ہمیں بھیجیے۔

Whatsapp: 9810957146