بھرے ہوئے کھٹے آلو
اجزا: آلو بڑے سائز کے چھ عدد، کلونجی آدھا چائے کا چمچہ، میتھی کے دانے چھ عدد، پیاز درمیانی ڈلی دو عدد، آملیٹ کی طرح کٹی ہوئی، سونف آدھا چائے کا چمچہ، رائی آدھا چائے کا چمچہ، ان تینوں کو باریک پیس لیں۔ سوکھی کھٹائی پسی ہوئی چار کھانے کے چمچے، ہلدی آدھا چائے کا چمچہ، لال مرچ پسی ہوئی آدھا چائے کا چمچہ، لیموں تین عدد، ڈالڈا تیل دو پیالی۔
ترکیب: آلو چھلکے سمیت پانچ منٹ کے لیے ابال لیں۔ پھر چھلکا اتار کر درمیان میں کراس کی طرح چیرا لگالیں مگر یہ دھیان رکھیں کہ آلو پورا نہ کٹ جائے۔ ایک دیگچی میں ایک کھانے کا چمچہ تیل لے کر سارے مصالحوں کو ہلکا سا بھون لیں، پھر ٹھنڈا کرکے آلو میں تھوڑا مصالحہ بھر دیں اور ہلکا سا دبا کر بند کردیں۔ سارے آلو اسی طرح سے بند کرکے رکھتے جائیں۔ ایک کڑھائی میں تیز آنچ میں تیل گرم کریں، پھر دو دو آلو ہلکی آنچ پر فرائی کرلیں۔ لال ہونے لگیں تو نکال کر دیگچی میں پھیلا کر رکھتی جائیں۔ اوپر سے لیموں کا رس چھڑک کر ہلکی آنچ میں دم پر رکھ دیں۔
آلو کے کباب
اجزا: آلو ایک کلو، انڈے دو عدد سخت ابلے ہوئے، ہری مرچ چار عدد باریک کٹی ہوئی، ہرا دھنیا ایک گٹھی باریک کٹا ہوا، پیاز درمیانے سائز کی ایک عدد، باریک آملیٹ کی طرح کٹی ہوئی، ڈبل روٹی کا چورا ایک پیکٹ چھان کر باریک پیس لیں، انڈا ایک عدد کباب میں لگانے کے لیے، کالی مرچ پسی ہوئی ایک چائے کا چمچہ، سفید زیرہ بھنا ہوا ایک چائے کا چمچہ باریک پیس لیں، نمک حسب ذائقہ ، ڈالڈا گھی دو پیالی۔
ترکیب: آلوؤں کو اچھی طرح سے دھوکر ابال لیں۔ ان کا چھلکا اتار کر کانٹے سے بھرتہ بنالیں۔ ابلے ہوئے انڈے بھی اس میں ملادیں اور سب مصالحے ملا کر اچھی طرح سے گوندھ کر تھوڑی دیر کے لیے رکھ دیں۔ تھوڑی دیر بعد تھوڑے تھوڑے آلو لے کر ہاتھ گیلا کرکے کباب بنالیں۔ ایک پیالے میں انڈا پھینٹ کر رکھ لیں، اخبار پر چورا پھیلا کر رکھ لیں، جب تلنا ہو تو کباب میں پہلے انڈا لگالیں پھر چورا اور ہلکی آنچ میں ڈیپ فرائی کریں۔
آلو کا رائتہ
اجزا: آلو ایک پاؤ، دہی ڈیڑھ پاؤ، پیاز ایک عدد بڑی، گرم مسالہ آدھا چمچہ چائے کا، نمک حسب ذائقہ، سرخ مرچ حسب ذائقہ، بالائی ۶۰ گرام، ہرا دھنیا حسب ضرورت۔
ترکیب: آلوؤں کو نمک ڈال کر ابال لیں اور چھیل کر چھوٹے چھوٹے ٹکڑے کرلیں۔ دہی میں بالائی اور تھوڑا سا دودھ ملائیں اور خوب پھینٹ کر اس میں پیاز باریک کاٹ کر ڈال دیں۔ نمک، سرخ مرچ اور گرم مسالا ملادیں۔ آلو کے ٹکڑے بھی اس میں ملادیں اور تھوڑا سا ہرا دھنیہ کاٹ کر اوپر ڈال دیں۔
کریلے کا اچار آم کے ساتھ
اجزا: آم کچے دو کلو، کریلے ایک کلو، سونف ۶۰ گرام، میتھی ۶۰ گرام، کلونجی ۶۰ گرام، لال مرچ حسبِ ذائقہ، ہلدی حسب ضرورت، نمک حسب ذائقہ، تیل سرسوں دو کلو۔
ترکیب: سوائے میتھی کے سب چیزوں کو آدھ پیس لیں۔ ان مسالوں میں تھوڑا سا سرسوں کا تیل ڈال کر ملیدہ ساتیا رکرلیں۔ اب آم صاف کرکے دھوئیں اور خشک کرکے ان کو درمیان سے کاٹ کر چار چار ٹکڑے کرلیں۔ گٹھلی نکالیں یا رہنے دیں آپ کی پسند پر منحصر ہے ان میں تیار شدہ مسالہ بھر کر ایک طشت میں رکھتے جائیں۔ اب ان کو مٹی کی ہانڈی میں یا کسی مرتبان میں ڈال دیں اور بچا ہوا مسالہ بھی ڈال دیں۔ برتن پر ڈھکنا رکھ کر اس کا منہ کپڑے سے باندھ دیں اور اس کو متواتر تین دن تک دھوپ میں رکھیں۔ برتن کو اچھی طرح ہلاتے رہیں۔ تین دن کے بعد اس کو کھولیں اور کریلے دھوکر صاف کرکے خشک کرلیں پھر ان کے چار چار ٹکڑے کرکے بیج نکال لیں اور آم کے اچارمیں شامل کردیں اور اس کو ملا کر یکجان کردیں اور پھر اس کا منہ بند کردیں دو دن اسی طرح دھوپ میں رکھیں۔ پانچ دن کے بعد اس میں سرسوں کا تیل ڈال دیں، تیل اتنا ہونا چاہیے کہ اس میں اچار ڈوب جائے۔ اس کے بعد اس کو پھر تین چار دن بند رکھیں اور سارا دن دھوپ میں رکھا رہنے دیں۔ چار پانچ دن کے بعد اچار تیار ہوجائے گا یا زیادہ سے زیادہ آٹھ دن کے بعد اور بہت مزیدار ہوگا۔
افغانی گوشت
اجزاء: نرم گوشت بغیر ہڈی ایک کلو، پیاز ۱۰۰ گرام، ادرک ۵۰ گرام، آلو ۵۰۰ گرام، خشک دھنیا ایک چائے کا چمچہ (پسا ہوا)، ٹماٹر ۵۰۰ گرام، سبز مرچ ۵۰ گرام، سیاہ مرچ حسب ضرورت، گھی حسب ضرورت، سبز دھنیا تھوڑا سا، نمک حسب ذائقہ۔
ترکیب: گوشت کے چھوٹے چھوٹے ٹکڑے کرلیں۔ ایک دیگچی میں گھی ڈال کر چولہے پر رکھیں۔ خوب گرم ہوجائے تو اس میں گوشت کے ٹکڑے تل لیں پھر اس میں نمک پسا ہوا دھنیا اور پسی ہوئی ادرک ڈال کر بھون لیں بھوننے کے بعد اتنا پانی ڈالیں کہ اس میں گوشت گل جائے۔ پیاز اور ٹماٹر کے موٹے موٹے ٹکڑے کرلیں اور آلو کو گول گول قاشیں بنا لیں۔ پھر انہیں گھی میں تل لیں۔ احتیاط یہ کریں کہ ٹماٹر کے ٹکڑے گھل نہ جائیں پیاز اور آلو کو بھی اسی قدر تلنا چاہیے کہ وہ صرف نرم ہوجائیں، جب دیکھیں کہ گوشت گل گیا اور پانی برائے نام رہ گیا ہے تو ان تلی ہوئی چیزوں کو اس میں ملادیں۔ اس کے ساتھ ہی سیاہ مرچ سبز مرچ اور سبز دھنیا ملائیں اور بالکل ہلکی آنچ پر دم دے دیں۔ بعض لوگ اس میں تلی ہوئی گاجر اور مٹر بھی ملا لیتے ہیں اور انار دانے پودینے اور دہی کی چٹنی کے ساتھ دستر خوان کی زینت بناتے ہیں۔
چاکلیٹ آئس کریم
(۱) اشیا: بالائی ۶۰ گرام، چینی ۱۸۰ گرام، وینلا ایسنس ۱۰ گرام، چاکلیٹ ۱۲۰گرام، انڈے پانچ عدد۔
ترکیب: بالائی اور چاکلیٹ کو اچھی طرح ملا کر ہلکی آنچ پر پکائیے انڈے کو پھینٹ کر اس میں ملا دیجیے اور پکاتے رہیے تھوڑی دیر بعد چولہے سے اتار کر ٹھنڈا کرکے اس میں وینلا ایسنس ملا کر مشین میں جما لیجیے۔
(۲) اشیا: دودھ ۵۰۰ گرام، کریم تازہ ۱۲۵ گرام، چینی ۱۲۵ گرام، چاکلیٹ پاؤڈر دوپیکٹ۔
ترکیب: یہ پاؤڈر بالکل کسٹرڈ کی طرح ہوتا ہے اور اسی طرح بنایا جاتا ہے۔ دودھ کو پکاکر خشک کرکے ۱۰۰ گرام کرلیں۔ ٹھنڈے دودھ میں دو پیکٹ گھول کر ڈالیں اورخوب حل کریں۔ پھر پکتے ہوئے دودھ میں چینی ڈالیں اور بعد میں چاکلیٹ پاؤڈر جو کہ تیار شدہ ہو ڈال کر خوب چمچہ چلائیں اب نیچے اتار لیں اور ٹھنڈا ہونے دیں جب نیم گرم رہ جائے تو اس میں کریم یا مکھن ملادیں اور انڈا پھینٹنے والی مشین سے خوب پھینٹ لیں اور پھر تھوڑا اور ٹھنڈا کرکے یہ مرکب آئس کریم مشین میں ڈال کر جمالیں۔
نوڈلز
(۱) اشیا: گاڑھی مرغ یخنی ڈھائی کپ مرغی ۱۲۵ گرام، نوڈلز ۴۵۰ گرام، انڈے ۲ عدد، بند گوبھی ۱۲۵ گرام، سبز پیاز ۲ عدد، نمک حسب ذائقہ۔
ترکیب: نوڈلز کو ابلتے ہوئے نمکین پانی میں ابال لیں اور اچھی طرح نچوڑ لیں۔ یخنی کو دیگچی میں گرم کریں اور اس میں حسب پسند نمک ڈالیں۔ پکی ہوئی نوڈلز کو پیالوں میں ڈالیں اور ان کے اوپر گرم یخنی ڈالیں۔ مرغی کے گوشت کے چھوٹے چھوٹے ٹکڑوں کو انڈوں کے قتلے بند گوبھی اور سبز پیاز اوپر سجا کر پیش کریں۔
(۲) اشیا: موٹی نوڈلز ۴۵۰ گرام، بند گوبھی ۱۰۰ گرام، مرغی کا گوشت ۱۲۵ گرام، سویاساس ۲ بڑے چمچ، اجینو موتو آدھا چھوٹا چمچ، کالی مرچ حسب ذائقہ۔
ترکیب: بند گوبھی کو ابلتے پانی میں ایک منٹ کے لیے ڈالیں پھر نکال کر نچوڑ لیں۔ کڑاہی میں آئل ڈال کر پکے ہوئے گوشت کو دو تین منٹ بھونیں اب اس میں پکی نوڈلز سویا ساس اجینو موتو کالی مرچ ڈالیں گوبھی ڈال دیں اور کفگیر چلاتے ہوئے اچھی طرح گرم کرکے پیش کریں۔