دعائے مغفرت

ادارہ

گزشتہ دِنوںماہنامہ حجاب اِسلامی اپنے تین بہی خواہوں سے محروم ہوگیا۔اُن میںایک بزرگ شخصیت جناب عبدالمجید صاحب، وزیرپور راجستھان، ہیں۔ جنھوںنے کوئی نوے سال کے قریب زِندگی گزارکر دعی اجل کو لبیک کہا۔ مرحوم عبدالمجیدصاحب ماہنامہ حجاب کے ایسے بہی خواہ تھے کہ اس ضعیف العمری میںبھی مسلسل حجاب کے لیے جدوجہد کرتے رہے۔ دہلی سے اِشاعت کے بعد اُنھوںنے حجاب کو پھیلانے کی بھرپور کوشش کی۔عمر کے آخری مہینوں میں اُنھوںنے اپنی ایجنسی ایک جواں سال فرد کے حوالے کردی اورہمیں خط لکھاکہ میری دلی خواہش ہے کہ حجاب کا سلسلہ جاری رہے۔اِس لیے اب میںنے یہ کام ایک نوجوان کے سپردکردیاہے۔

حجاب کے بانی اوّل مرحوم مائل خیرآبادی سے اُن کا دوستانہ تھااور اِسی نسبت سے وہ حجاب کے پیامبر تھے۔اُن کی زِندگی نوجوانی سے لے کر آخری عمر تک دین کی خدمت میں گزری۔ وہ اِبتدائی دور میں جماعت اِسلامی سے وابستہ ہوگئے۔حلقہ راجستھان کے سکریٹری بھی رہے اوراپنے ضلع کے ناظم بھی۔اُن کی دعوتی جدوجہد ہمیشہ جاری رہی اورآخری وقت تک وہ اس سے غافل نہیںہوئے۔ہم اللہ تعالیٰ سے مرحوم کے لیے بلنددرجات کی دُعاکرتے ہیں اور اپنے رب سے اِلتجاکرتے ہیںکہ وہ اُن کی خدمات قبول فرمائے۔ آمین!

دوسری شخصیت جناب ابومسعود اطہر غوری کی ہے۔وہ ایک علمی شخصیت تھے۔ مولانا آزاد پر اُن کا گہرا مطالعہ تھا اوراُن کی تصانیف پر گہری نظرتھی۔ اُنھوں نے درجنوں کتابوں کے ترجمے کیے۔تصنیف وتالیف کا بڑا ذخیرہ چھوڑا۔ اُنھوںنے مولاناآزاد کی تفسیر ترجمان القرآن کی تلخیص اورعربی ترجمے کا گراںقدر کام بھی انجام دیا۔وہ ایک صاحب قسلم مترجم تھے اور پچیس سال سے بھی زیادہ مدت تک اُنھوں نے یمن اورسعودی عرب کے سفارت خانوں میںترجمے کا کام کیا۔

ابومسعود اظہرغوری صاحب مترجم،محقق اور قلم کار ہونے کے ساتھ ساتھ شاعربھی تھے اوراِس میدان میں بھی اپنی شناخت رکھتے تھے۔اُن کے اِنتقال کے بعد علمی دُنیامیںایک بڑے تجربہ کار شخص کی کمی کا اِحساس ہورہاہے۔ دعاہے کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو کروٹ کروٹ جنت نصیب کرے اورپسماندگان کو صبرکی توفیق دے۔آمین

تیسری شخصیت جناب وکیل احمد اصلاحی کی ہے، جو ڈومریا گنج یوپی کے رہنے والے تھے۔ مرحوم مدرسۃ الاصلاح سرائے میر کے عالم و فاضل اور جماعت اسلامی کے ابتدائی زمانے کے رکن تھے۔ آخری ایام تک دعوت دین میںلگے رہے۔ وہ دین کے ایک اچھے داعی اور خدمتِ خلق کے دلدادہ تھے۔ علاقے میں ان کا گہرا رسوخ اور بڑی عزت تھی۔ ۸۶؍سال کی عمر میں انتقال ہوا مگر اللہ کے فضل و کرم سے آخری وقت تک سائیکل پر سوار ہوکر اپنی سرگرمیاں جاری رکھیں اور انتقال سے عین ایک روز قبل ہی اپنے دعوتی دورے سے لوٹے تھے۔

——

مزید

حالیہ شمارے

ماہنامہ حجاب اسلامی ستمبر 2024

شمارہ پڑھیں

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ ستمبر 2023

شمارہ پڑھیں

درج بالا کیو آر کوڈ کو کسی بھی یو پی آئی ایپ سے اسکین کرکے حجاب اسلامی کو عطیہ دیجیے۔ رسید حاصل کرنے کے لیے، ادائیگی کے بعد پیمنٹ کا اسکرین شاٹ نیچے دیے گئے  وہاٹس ایپ پر بھیجیے۔ خریدار حضرات بھی اسی طریقے کا استعمال کرتے ہوئے سالانہ زرِ تعاون مبلغ 600 روپے ادا کرسکتے ہیں۔ اس صورت میں پیمنٹ کا اسکرین شاٹ اور اپنا پورا پتہ انگریزی میں لکھ کر بذریعہ وہاٹس ایپ ہمیں بھیجیے۔

Whatsapp: 9810957146