دوہرا معیار

نسرین

 

’’بہن! مبارک ہو، بیحد مبارک ہو، امریکہ میں اپنے بچوں سے مل کر آنا، کہو بیٹی اور بیٹا اچھے تو ہیں؟‘‘
’’ہاں بہن، اللہ کا شکر ہے میری بیٹی تو بہت مزے میں ہے۔ اس نے ایک امریکی سے شادی کی ہے۔ کیا بتاؤں کس قدر اچھا آدمی ہے۔ میری بیٹی کا تو بہت ہی خیال رکھتا ہے۔ صبح صبح خود ہی اٹھ کر باورچی خانے میں چلا جاتا ہے۔ دونوں کے لیے ناشتا تیار کرتا ہے اور ٹرے میں لگا کر میری بیٹی کے کمرے میں لے آتا ہے۔ پھر خود ہی برتن بھی صاف کرتا ہے۔ اپنے آپ تیار ہوتا ہے اور دفتر چلا جاتا ہے۔ دوپہر کا کھانا وہیں دفتر کی کنٹین میں کھاتا ہے اور شام کو گھر آتے ہی تقاضا شروع کردیتا ہے کہ چلو فلم دیکھنے اور واپسی پر رات کا کھانا کسی ہوٹل میں کھاتے ہیں۔ سچ، میری بیٹی تو کھانے پکانے کے جھنجھٹ سے بالکل آزاد ہے۔ بس بیٹھی ہوئی راج کرتی ہے۔‘‘
’’بہن جی! بہت خوشی ہوئی یہ سن کر۔ خدا ایسا سکھ ہر بیٹی کو دے۔ ہاں، مگر یہ تو بتاؤ بیٹا کس حال میں ہے؟‘‘
’’بہن بس بیٹے کے بارے میں بہت دکھی ہوں۔ اس کی تو زندگی ہی بربادہوگئی۔ اس نے ایک امریکی لڑکی سے شادی کرلی ہے۔ ہے تو معمولی سی لیکن دماغ نوابوں کا سا ہے۔ میرے بیٹے کو تو نوکر سمجھ رکھا ہے۔ چاہتی ہے کہ صبح سویرے خاوند ہی ناشتا تیار کرے اور نوابزادی کے لیے ٹرالی میں سجاکر بستر میں پیش کرے۔ پھر برتن بھی وہ بیچارہ خود ہی دھوئے۔ دوپہر کا کھانا پکانا بھی محترمہ کو ناگوار گزرتا ہے۔ چاہتی ہے کہ میاں تو دفتر کی کنٹین سے سڑا بسا جیسا بھی کھانا ملے کھا لیا کرے اور خود یہ کسی فیشن ایبل ریسٹورنٹ میں مہنگے کھانے کھاکر میاں کی کمائی کو آگ لگاتی رہے۔ رات کا کھانا پکانے کے بجائے میاں کے آنے کے وقت بن سنور کر بیٹھ جاتی ہے کہ میاں آئے تو سیروتفریح کے لیے باہر لے جائے اور وہیں کسی ہوٹل میں رات کا کھانا بھی کھلائے۔ پھوہڑ کہیں کی۔ ہم نے تو یہ طریقے ساری عمر دیکھے نہ سنے۔‘‘
’’بس بہن جی! جب سے آئی ہوں اسی خلجان میں ہوں۔ بیٹی کے آرام سے خوش بھی نہیں ہوسکتی کہ بیٹا مصیبت میں ہے۔‘‘

مزید

حالیہ شمارے

ماہنامہ حجاب اسلامی ستمبر 2024

شمارہ پڑھیں

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ ستمبر 2023

شمارہ پڑھیں

درج بالا کیو آر کوڈ کو کسی بھی یو پی آئی ایپ سے اسکین کرکے حجاب اسلامی کو عطیہ دیجیے۔ رسید حاصل کرنے کے لیے، ادائیگی کے بعد پیمنٹ کا اسکرین شاٹ نیچے دیے گئے  وہاٹس ایپ پر بھیجیے۔ خریدار حضرات بھی اسی طریقے کا استعمال کرتے ہوئے سالانہ زرِ تعاون مبلغ 600 روپے ادا کرسکتے ہیں۔ اس صورت میں پیمنٹ کا اسکرین شاٹ اور اپنا پورا پتہ انگریزی میں لکھ کر بذریعہ وہاٹس ایپ ہمیں بھیجیے۔

Whatsapp: 9810957146