دھبّوں سے پائیں نجات!

اقبال

٭ اگر لیموں کو تازہ اور رسیلہ رکھنا ہو تو انھیں کسی برتن میں رکھ کر اوپر سے سوکھا نمک ڈال دیجیے۔ تروتازہ اور رسیلے رہیں گے۔
٭ پہلے کچے چنے یا چھولے پانی میں بھگودیں۔جب پھول جائیں تو پکانے سے نصف گھنٹہ پیشتر کھانے کا سوڈا مل کر رکھ دیں پھر نصف گھنٹہ بعد دھوکر پکائیں خوب گل جائیں گے۔
٭ گوندھے ہوئے آٹے پر ہر طرف سے بہت ہلکی سی گھی کی تہ چڑھادیں تو آٹا خمیر نہ ہوگا کیونکہ خمیر کرنے والے جراثیم چکنائی کی تہ کی وجہ سے آٹے کے مسامات میں داخل نہ ہوسکیں گے اور آٹا خمیر ہونے سے بچ جائے گا۔
٭ چند دانے پوٹاشیم پرمگنیٹ (پنکی) پانی میں گھول لیں۔ جب پانی ہلکا گلابی ہوجائے تو اس میں سبزیاں اور پھل وغیرہ دھولیجیے۔ وہ جراثیم سے پاک ہوجائیں گے۔
٭ فرائی پین میں کوئی چیز تلنے سے پہلے اگر تھوڑا سا نمک گھی سے پہلے چھڑک لیں تو گھی نہیں چٹخے گا۔
٭ پیاز کا سوکھا چھکا تیل میں ڈال کر جلا کر نکال لیجیے۔
٭ شیشے کے برتن میں گرم چائے یا دودھ ڈالنے سے پہلے اگر ایک چمچہ اس میں کھڑا کردیں تو اس طرح برتن ٹوٹے گا نہیں۔
٭ جو گرم چیز شیشے کے برتن میں ڈالنی ہو اسے پہلے تھوڑی مقدار میں شیشے کے برتن میں ڈال کر خوب ہلا لیا جائے پھر پوری چیز انڈیل دی جائے تو بھی برتن چٹخنے سے محفوظ رہے گا۔
٭ پھلوں پر عرقِ لیموں چھڑک دیجیے تو وہ کافی عرصے تک تروتازہ اور بے داغ رہیں گے۔
٭ دودھ گرم کرتے ہوئے بعض اوقات ابل جاتا ہے لیکن اگر دیگچی میں تھوڑا سا مکھن گرم کیا جائے تو دودھ ابلے گا نہیں۔
٭ پھولوں کو زیادہ دیر تک تروتازہ رکھنے کی آسان ترکیب یہ ہے کہ ایک یا دو کوئلے پھولوں کے پانی میں ڈال دیں۔ (گلدان کے پانی میں)
٭ تھوڑا سا سرسوں کا تیل دروازوں کے قبضوں میں ڈال کر دروازے کو کئی دفعہ کھولئے اور بند کیجیے تاکہ تیل پھیل جائے۔ اس طرح دروازہ کھولتے بند کرتے وقت آواز نہیں نکلے گی۔
٭ کپڑوں پر سے پھلوں کے داغ دور کرنے کے لیے داغوں کو لیموں، گرم پانی اور صابن سے دھوئیں داغ بالکل صاف ہوجائیں گے۔
٭ کپڑے پر جس جگہ کولتار کے دھبے لگ گئے ہوں اسے مٹی کے تیل سے مل کر چھڑا لیجیے۔ اس کے بعد نیم گرم پانی اور صابن سے دھو ڈالیے تو دھبے بالکل صاف ہوجائیں گے۔
٭ خون کے داغ دور کرنے کے لیے اسے امونیا سے صاف کرلیجیے اگر کپڑے رنگین ہوں تو نشاستہ سے دھوئیے۔
٭ گھی اور چکنائی کے دھبے دور کرنے کے لیے فوراً ذرا سا ٹالکم پوڈر چھڑک دیں اور چند منٹ بعد جھاڑ دیں، داغ دور ہوجائے گا۔ اگر ریشمی یا گرم کپڑا ہو تو تھوڑا سا امونیا پانی میں حل کرکے لگائیں۔
٭ گرم کپڑے پر چکنائی یا کسی اور چیز کے دھبے مٹانے کے لیے ذرا سا پیٹرول کپڑوں پر آہستہ آہستہ لگائیے۔ پھر دھوپ میں پھیلا دیجیے۔ بوبھی چلی جائے گی۔
٭ کپڑے پر سے سرخ روشنائی کے داغ دور کرنے کے لیے اسے دہی سے دھولیں تو سرخ داغ دور ہوجائیں گے۔
٭ اگر کپڑوں پر عطر کا دھبہ پڑ جائے تو اسے ٹاٹری سے مل کر نیم گرم پانی سے دھولیجیے دھبہ دور ہوجائے گا۔
٭ کپڑوں پر پان کے دھبے بہت برے معلوم ہوتے ہیں۔ اگر آپ ان دھبوں کو صاف کرنا چاہیں تو تھوڑا سا ابلا ہوا دودھ لے کر داغ دھبے والی جگہ کو رگڑئیے تمام داغ دھبے دور ہوجائیں گے۔
٭ پان کی پیک کا داغ پیاز کے باریک چورے کے ملنے سے بھی دور ہوجاتا ہے۔
٭ کپڑے پر لوہے کے داغ پڑگئے ہوں تو ان پر لیموں اور نمک مل کر تھوڑی دیر بعد صاف کرلیں۔
٭ کاجل اور سیاہی کے داغ دھبوں پر نمک لگانے سے داغ دھبے دور ہوجاتے ہیں۔
٭ روئی کے ٹکڑے کو ایسے میتھلڈ اسپرٹ میں بھگوئیں جس میں ذرا سا ایمونیا بھی ملا ہو۔ بھیگے ہوئے روئی کے ٹکڑے کو دھبہ کے اوپر رکھ دیں اور تین چار مرتبہ دبائیں اور رگڑیں۔ پختہ رنگ کا دھبہ بھی ہو تو دور ہوجائے گا۔

مزید

حالیہ شمارے

ماہنامہ حجاب اسلامی ستمبر 2024

شمارہ پڑھیں

درج بالا کیو آر کوڈ کو کسی بھی یو پی آئی ایپ سے اسکین کرکے حجاب اسلامی کو عطیہ دیجیے۔ رسید حاصل کرنے کے لیے، ادائیگی کے بعد پیمنٹ کا اسکرین شاٹ نیچے دیے گئے  وہاٹس ایپ پر بھیجیے۔ خریدار حضرات بھی اسی طریقے کا استعمال کرتے ہوئے سالانہ زرِ تعاون مبلغ 600 روپے ادا کرسکتے ہیں۔ اس صورت میں پیمنٹ کا اسکرین شاٹ اور اپنا پورا پتہ انگریزی میں لکھ کر بذریعہ وہاٹس ایپ ہمیں بھیجیے۔

Whatsapp: 9810957146