دینِ اسلام

؟؟

یہ بات سب کو معلوم ہے کہ دنیا میں ہر شخص کسی نہ کسی مذہب اور دین کا پابند ہوتا ہے۔ جب سے اللہ تعالیٰ نے دنیا کو پیدا کیاہے اسی وقت سے انسانوں نے اس چیز کی ضرورت محسوس کی کہ وہ ایسی راہ پر چلیں جس کے ذریعہ سے وہ اللہ تعالیٰ تک پہنچ جائیں۔ اللہ تعالیٰ نے اس ضرورت کو پورا کرنے کے لیے مختلف انبیاء کرام بھیجے تاکہ دنیا کو ایک سچے دین کا پابند بنایا جائے۔ مگر دنیا اکثر گمراہی میں مبتلا رہی اور اللہ تعالیٰ کے سچے دین کی مخالفت کرتی رہی۔ دین کی ضرورت اس لیے ہے کہ اس دنیا کے ختم ہوجانے کے بعد دوسری زندگی کو بہتر بنایا جاسکے اور اپنے پیدا کرنے والے کو خوش کیا جائے۔ اللہ تعالیٰ کی طرف سے جو دین بھی آتا رہا ہے اس میں ایک طرف اللہ تعالیٰ کی رضا تلاش کرنے کے طریقے اور دوسری طرف دنیا کی زندگی کو بہتر طریقے پر گزارنے اور اسے پرامن بنانے کے اصول بھی موجود تھے۔
آخری نبی حضرت محمد ﷺ تشریف لائے اور آپؐ نے بھی اللہ تعالیٰ کے سچے دین کی دعوت دی اور دنیا کو اسلام سے واقف کرایا۔ یہ وہ دین ہے جو ہر طرح سے مکمل ہے، جس میں کسی قسم کی کمی اور خرابی نہیں۔اللہ کے پیارے نبیؐ نے اس دین حق کے مطابق زندگی گزاری اور دنیا کے غلط نظاموں کو ختم کرکے صحیح نظام کی بنیاد ڈالی ۔ دنیا میں امن کا دور قائم کرکے سب فتنے مٹادیے۔ اللہ تعالیٰ نے اسلام کو سب دینوں سے بہتر دین کہا ہے۔ سب دینوں سے بہتر اور افضل دین اسلام ہے۔ قرآن مجید کا ارشاد ہے کہ محمد خاتم النبین ہیں اور اسلام انسانوں کے لیے آخری اور مکمل دین ہے۔ اس کے بعد قیامت تک کسی اور دین کی ضرورت نہیں۔جب آپؐ کے بعد کسی نبی کی ضرورت نہیں تو قیامت تک کے لیے اسلام ہی ضابطہ زندگی رہے گا۔
اسلام اس لیے بھی سب دینوں سے افضل ہے کہ اس نے تمام غلط اصولوں کو مٹاکر صحیح اصولوں کی بنیاد رکھی اور مساوات کا سبق پیش کیا۔ آقا اور غلام ایک ہی سواری پر سوار ہوتے اور ایک ساتھ مل کر کھانا کھاتے۔ اسلام سے پہلے عورتیں اپنے حقوق سے محروم تھیں۔ عورت کو صرف ایک لونڈی اور باندی سمجھا جاتا تھا، اسلام نے گھر کی ملکہ بنادیا اور اس کے غصب شدہ حقوق اسے واپس لادیے اور اس کو بلند ترین درجہ دیا۔ دنیا کے اندر جتنے غلط نظام چل رہے تھے، جن سے عوام کی زندگی جہنم بن چکی تھی، اسلام نے ان کو ختم کرکے صحیح اصولوں کی بنیاد ڈالی اور امن و راحت کا اعلان کیا۔
دنیا والے جہالت کے سمندر میں غرق ہورہے تھے۔ اسلام نے انھیں امن کی وادیوں میں لاکھڑا کیا اور انھیں مہذب شہری بنایا۔ یہ انسان پر اسلام کا بہت بڑا احسان ہے۔

مزید

حالیہ شمارے

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ ستمبر 2023

شمارہ پڑھیں

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ اگست 2023

شمارہ پڑھیں