ذائقہ دار دہی بڑے

ماخوذ

دہی بڑے ہر کسی کو اچھے لگتے ہیں۔ یہ ایک ایسی چیز بھی ہے جو وقت بے وقت ہر فرد کھانا پسند کرتا ہے۔ چاہے دوپہر کا کھانا ہو یا شام کا ناشتہ یا پھر ڈنر ہی کیوں نہ ہو اگر دستر خوان پر دہی بڑے آجائیں تو گھر کے افراد کی بھوک میں اضافہ ہوجاتا ہے۔

دہی بڑے

اشیا: چاول، چنا دال اور ارہر کی دال برابر مقدار میں الگ الگ توے پر بھون کر پیس لیں، زیرہ چائے کا ایک چمچہ، ثابت دھنیا چائے کا ایک چمچہ، نمک حسب ذائقہ، ہلدی ایک چھوٹا چمچہ، لال مرچ دو چمچے، تیل ایک چمچہ، دہی آدھا کلو، چاٹ مسالہ، کٹی ہوئی سرخ مرچ اور نمک حسب ضرورت۔

ترکیب: دو پیالی چاول دال ملے آٹے میں زیرہ اور دھنیا بھون اور پیس کر ڈال دیں۔ نمک، ہلدی، مرچ اور ایک چائے کا چمچہ تیل ملا کر نیم گرم پانی سے گوندھ لیں۔ فرائی پین میں تیل گرم کریں۔ آٹے کے پیڑے بنا کر ہلکا سا دبائیں۔ گرم تیل میں ڈال کر تل لیں۔ دیگچی میں پانی اور نمک ڈالیں۔ اس پانی میں دہی بڑے تھوڑی دیر بھگودیں، اب دہی پھینٹ کر بڑے اس میں ڈال دیں۔ اوپر سے نمک، چاٹ مسالہ اور کٹی ہوئی مرچ شامل کردیں۔

بریڈ بڑے

اشیاء: دہی ایک کلو، بیسن ایک پاؤ، لہسن پانچ جوئے، پیاز ایک، ہری مرچ ۶ عدد، کالا زیرہ حسب ذائقہ، میٹھا سوڈا چٹکی بھر، سرخ مرچ حسب ذائقہ، تیل حسب ضرورت۔

ترکیب:پیاز ، لہسن اور ہری مرچ باریک پیس کر بیسن میں ملادیں۔ نمک، سوڈا اور سرخ مرچ ڈال کر اچھی طرح پھینٹ لیں۔ کچھ دیر کے لیے یہ آمیزہ ایسے ہی رکھے رہنے دیں۔ فرائی پین میں تیل گرم کرکے پکوڑیاں تلتی جائیں اور سرخ ہونے پر نمک ملے پانی میں ڈالتی جائیں۔ دہی اچھی طرح پھینٹ کر اس میں نمک، کالا زیرہ اور سرخ مرچ ڈال دیں۔ پکوڑیاں پانی سے نکال کر دہی میں شامل کرلیں۔ مزے دار دہی بڑے تیار ہیں۔

ڈبل روٹی کے دہی بڑے

اشیاء: بریڈ سلائس چار عدد، بیسن ایک پیالی، لالی مرچ پسی ہوئی حسب منشا، نمک حسب ذائقہ، سفید زیرہ چائے کا ایک چمچہ، شکر چائے کا ایک چمچہ، چاٹ مسالا حسب ذائقہ، دہی آدھا کلو، تیل حسب ضرورت۔

ترکیب: سلائس کے کنارے کاٹ کر چار چوکور ٹکڑے کرلیں۔ بیسن میں مسالحہ ملا کر پھینٹ لیں۔ اب سلائس کے ٹکڑے اس آمیزے میں ڈبو کر گرم تیل میں تل تلیں۔ پانی میں چند منٹ بھگوکر پھینٹی ہوئی دہی میں ڈال دیں۔

بیسن اور دال کے دہی بڑے

اشیاء: بیسن ایک پیالی، مونگ کی دال آدھی پیالی، دہی آدھی پیالی، کارن فلور چائے کا ایک چمچہ، دودھ ایک پیالی،زیرہ چائے کا ایک چمچہ، ثابت دھنیا چائے کا ایک چمچہ، لال مرچ حسب منشاء، چاٹ مسالہ حسب خواہش، شکر چائے کا ایک چمچہ، نمک حسب ذائقہ، تیل تلنے کے لیے۔

ترکیب: دال آدھے گھنٹے بھگوکر پیس لیں۔ بیسن میں دال،نمک، مرچ شامل کرکے پکوڑے تل لیں۔ پہلے سادہ پانی اور پھر دہی کے پانی میں بھگو کر نچوڑ لیں۔ باقی دہی میں کارن فلور، زیرہ پیس کر، دھنیا، چاٹ، مسالہ، دودھ اور شکر ملا کر پھینٹ لیں۔ بڑے اس میں ڈال دیں۔

میٹھے دہی بڑے

اشیاء: ماش کی دال ایک پیالی، شکر آدھی پیالی، دہی آدھا کلو، چھوٹی الائچی چائے کا آدھا چمچہ، بادام اور پستے حسب ضرورت، تیل تلنے کے لیے۔

ترکیب: دال رات بھر بھگو کر پیس لیں۔ شکر میں تھوڑا پانی ڈال کر چاشنی بنائیں۔ دال پیس کر چمچے سے گرم تیل میں پکوڑوں کی طرح ڈال کر تل لیں۔ اب نکال کر چاشنی میں پندرہ منٹ ڈال دیں۔ دہی پھینٹ کر چائے کے دو چمچے شکر اور چند عدد چھوٹی الائچی ملا دیں۔ اب پکوڑے دہی میں ڈال کر بادام پستے چھڑک کر پندرہ منٹ فریج میں رکھ دیں۔

غدائیت سے بھر پور غذا: سلاد

عموماً گھرانوں میں کھانوں کے ساتھ سلاد کا استعمال شاذ و نادر ہی ہوتا ہے۔ ایک عام خیال یہ ہے کہ سلاد تیار کرنے کے لیے زیادہ وقت درکار ہوتا ہے۔ یہ خیال غلط ہے۔ کھانا کسی بھی قسم کا ہو، اگر سلاد کے ساتھ کھایا جائے تو کھانے کا لطف دوبالا ہوجاتا ہے۔ ہم آپ کو سلاد کی چند تراکیب بتاتے ہیں جو بنانے میں نہایت آسان اور غذائیت سے بھرپور ہیں۔انہیں آپ روزمرہ کھانوں کے علاوہ دعوتوں وغیرہ میں بھی مہمانوں کے سامنے رکھ سکتی ہیں۔

رشین سلاد

اشیاء: آلو ابلے ہوئے دو عدد، کھیرا باریک کٹا ہوا ایک عدد، گاجر کٹی اور ابلی ہوئی ایک عدد، ٹماٹر کٹا ہوا ایک عدد، مٹر ابلے ہوئے آدھی پیالی، سیب ایک عدد باریک کٹا ہوا، انگور آدھی پیالی، ماؤنیز آدھی پیالی۔

ترکیب: تمام اشیا ملا کر آدھا گھنٹے کے لیے فریج میں رکھ دیں۔ کھانا دسترخوان یا میز پر لگانے کے بعد فریج سے سلاد نکال کر رکھیں۔

مرغ سلاد

اشیاء: مرغی کے گوشت کے ٹکڑے ابلے ہوئے ایک پیالی، کھیرا ایک عدد،ٹماٹر ایک عدد، ماؤنیز آدھی پیالی، نمک کالی مرچ حسب ذائقہ

ترکیب: ابلی ہوئی مرغی کے باریک ریشے کرلیں۔ اب مرغی میں کھیرا اور ٹماٹر کاٹ کر ملائیں۔ ایک علیحدہ پیالے میں ماؤنیز،نمک اور کالی مرچ ڈال کر پھینٹ لیں۔ اسے مرغی میں ڈال کر معمولی سا ملائیں۔ اسے آپ کھانے کے بغیر بھی کھا سکتی ہیں۔

آلود کا سلاد:

اشیا: آلو چھ عدد، انڈا ایک عدد، ہری مرچ کٹی ہوئی آدھی پیالی، ماؤنیز آدھی پیالی، کریم چوتھائی پیالی، مسٹرڈ پاؤڈر ایک چائے کا چمچہ، نمک، کالی مرچ حسب ذائقہ۔

ترکیب: آلو اور انڈا الگ الگ ابال کر باریک کاٹ لیں۔ ایک پیالے میں آلو، انڈا اور ہری پیاز ملائیں۔ ایک پیالے میں ماؤنیز، کریم، مسٹرڈ پاؤڈر، نمک اور کالی مرچ ڈال کر پھینٹ لیں۔ اسے آلو کے آمیزے پر ڈال کر ہلکا سا ملائیں۔ سلاد تیار ہے۔

ڈبل روٹی اور سبزیوں کا سلاد

اشیاء: ڈبل روٹی ایک سے دو روز کی باسی، تین سے چار سلائس، ٹماٹر دو عدد، شملہ مرچ دو عدد، پیاز ایک عدد چھوٹے سائز کی، زیتون کا تیل کھانے کے دو چمچے، سرکہ سفید چائے کے دوچمچے، کھیرا ایک عدد، نمک حسب ذائقہ۔

ترکیب: ڈبل روٹی کے چھوٹے چوکور ٹکڑے کرلیں۔ اب ایک ٹماٹر کا جوس نکال کر ڈبل روٹی کے ٹکڑوں پر ڈال دیں۔ اسے تقریباً ۱۵ منٹ رکھ دیں۔ ایک پیالے میں تمام سبزیاں کاٹ کر ڈالیں۔ سبزیوں پر سرکہ، تیل، نمک اور ڈبل روٹی ڈال کر معمولی سا ملائیں۔ خوش ذائقہ سلاد تیا رہے۔

متفرق پکوان

شاہی مرغ چھولے

اشیاء: مرغی ایک کلو، سفید چھولے ابلے ہوئے ایک پیالی، ٹماٹر پیسٹ،پیاز ایک پاؤ تلی اور پسی ہوئی، ایک پیالی ادرک و لہسن (پسا ہوا) لال مرچ دو چمچے، زیرہ ایک چائے کا چمچہ، ہلدی ایک چٹکی، کلونجی کالی مرچ اور چاٹ مسالہ چائے کا ایک ایک چمچہ، تیل ایک پیالی، ہرا دھنیا، انڈے، بادام، نمک حسبِ ضرورت۔

ترکیب: ایک دیگچی میں گھی گرم کرکے ادرک، لہسن اور تمام مسالے ڈال کر بھون لیں۔ اس کے بعد مرغی اور ٹماٹر پیسٹ ڈال کر پانچ منٹ بھونیں، پھر پسی ہوئی پیاز ڈال کر پانی ڈال دیں۔ ساتھ چھولے، نمک اور چاٹ مسالہ ڈال کر تقریباً بیس منٹ پکائیں۔ آخر میں ڈش میں نکال کر ابلے ہوئے انڈے کاٹ کر سجا دیں۔ پھر چھلے ہوئے بادام سجا کر ہرا دھنیا چھڑک دیں۔

چکن کٹاکٹ

اشیاء: مرغ ایک کلو، دہی آدھی پیالی، ٹماٹر ایک پاؤ، لال مرچ کھانے کا ایک بڑا چمچہ، چار ہری مرچ، ادرک و لہسن دو کھانے کے چمچے (پسا ہوا)، تیل آدھی پیالی، نمک حسب ذائقہ۔

ترکیب: مرغی ابال لیں۔ تیل گرم کرکے مرغی ٹماٹر اور تمام مسالے ڈال کر بھون لیں۔ اب ہری مرچ کے بیج نکال کر دہی کے ساتھ ملا کر مرغ میں شامل کرکے بھونیں اور دم پر رکھ دیں۔

چکن نیگٹس

اشیاء: چکن، کیوبز میں کٹی ہوئی آدھا کلو، مسٹرڈ پاؤڈر چائے کا ایک چمچہ، سویا ساس کھانے کے دو چمچے، دکنی مرچ چائے کا ایک چمچہ، بریڈ کرم ایک پیالی، میدہ ایک پیالی، ایک انڈا، نمک، تیل حسب ضرورت۔

ترکیب: چکن کی بوٹیوں میں مسٹرڈ پاؤڈر، سویا ساس، دکنی مرچ اور نمک ملا کر ایک گھنٹہ رکھ دیں۔ میدہ بیسن کی طرح گھول لیں۔ انڈا پھینٹ لیں۔ مرغی کی بوٹیاں پہلے میدے میں پھر انڈے میں ڈبو ڈالیں، آخر میں بریڈ کرم لگا کر ہلکی آنچ پر تل لیں۔

چکن منچورین

اشیال: مرغی ایک کلو، (بغیر ہڈی، دو انچ سائز کے ٹکڑوں میں کٹی ہوئی)، نمک آدھا چائے کا چمچہ، چائینز سالٹ آدھا چائے کا چمچہ، انڈے کی سفیدی ایک عدد، سفید مرچ آدھا چائے کا چمچہ، کارن فلور ایک کھانے کا چمچہ، تیل ایک کھانے کا چمچہ۔ (مرغی کے ٹکڑو ں میں ریفائنڈ سالٹ، چائنیز سالٹ، انڈے کی سفیدی، سفید مرچ اور کارن فلور ملالیں اور گرم تیل میں ڈیپ فرائی کرلیں۔)

منچورین کی ساس کے اجزاء: چائنیز سالٹ آدھا چائے کا چمچہ، چائنیز سویا ساس ایک کھانے کا چمچہ، چائنیز چلی ساس ڈیڑھ کھانے کا چمچہ، کارن فلور ایک کھانے کا چمچہ، لہسن کٹا ہوا ایک چائے کا چمچہ، ریفائنڈ سالٹ آدھا چائے کا چمچہ، سفید سرکہ ۲ کھانے کے چمچے، چکن اسٹاک ایک کپ۔

ترکیب:(۱) تیل گرم کریں اور گرم تیل میں لہسن گولڈن براؤن کرلیں۔ (۲) چائنیز سالٹ، چائنیز سویا ساس، چائنیز چلی ساس، ریفائنڈ سالٹ، ٹماٹو کیچ اپ اور سفید سرکہ شامل کریں اور ۵ سے ۶ منٹ درمیانی آنچ پر پکائیں۔ (۳) چکن اسٹاک شامل کریں اور جب اسٹاک میں ابال آجائے تو کارن فلور کا پیسٹ شامل کریں اور گاڑھا ہونے تک پکائیں۔ (۴) کٹی ہوئی ہری پیاز سے گارنش کریں اور فرائی یا ابلے ہوئے چاول کے ساتھ پیش کریں۔

بیف وتھ گرین چلی (چائنیز)

اشیاء: بیف فلٹ (پارچوں میں کٹا ہوا ) آدھا کلو، شملہ مرچ (پتلی کٹی ہوئی) ۴ عدد (درمیانی سائز)، ہری مرچ دس بارہ عدد، (بغیر بیج کے لمبائی میں کٹی ہوئی)، لہسن (باریک کٹا ہوا) ایک چائے کا چمچہ، سویا ساس ۶ سے ۷ کھانے کے چمچے، ایم ایس جی ایک چائے کا چمچہ، سفید مرچ آدھا چائے کا چمچہ، شکر ایک چائے کا چمچہ، پکانے کا تیل ۶ سے ۷ کھانے کے چمچے، ٹماٹر ۲ عد (درمیانہ سائز) (بغیر بیچ کے لمبائی میں کٹے ہوئے)، مرغی کی یخنی ایک کپ۔

ترکیب: (۱) ایک برتن میں گوشت، ریفائنڈ نمک اور سفید مرچ ملا کر ۱۵ سے ۲۰ منٹ تک (میری نیٹ کرنے کے لیے) رکھ دیں۔ (۲) پتیلی میں تیل گرم کریں اور لہسن سنہری ہونے تک اچھی طرح سے فرائی کرلیں۔ (۳) اس میں گوشت ڈال کر ۷ سے ۸ منٹ تک اچھی طرح سے فرائی کریں۔ (۴) اب اس میں شملہ مرچ، ٹماٹر، ہری مرچ شامل کرکے اچھی طرح ملائیں اور ۴ سے ۵ منٹ تک پکنے دیں۔ (۵) اس آمیزے میں ایم ایس جی ، شکر اور مرغی کی یخنی ڈال کر ۳ سے ۴ منٹ تک پکائیں۔ (۶) بیف ودھ گرین چلی تیار ہے گرم گرم چائنیز چاول کے ساتھ پیش کریں۔

مزید

حالیہ شمارے

ماہنامہ حجاب اسلامی ستمبر 2024

شمارہ پڑھیں

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ ستمبر 2023

شمارہ پڑھیں

درج بالا کیو آر کوڈ کو کسی بھی یو پی آئی ایپ سے اسکین کرکے حجاب اسلامی کو عطیہ دیجیے۔ رسید حاصل کرنے کے لیے، ادائیگی کے بعد پیمنٹ کا اسکرین شاٹ نیچے دیے گئے  وہاٹس ایپ پر بھیجیے۔ خریدار حضرات بھی اسی طریقے کا استعمال کرتے ہوئے سالانہ زرِ تعاون مبلغ 600 روپے ادا کرسکتے ہیں۔ اس صورت میں پیمنٹ کا اسکرین شاٹ اور اپنا پورا پتہ انگریزی میں لکھ کر بذریعہ وہاٹس ایپ ہمیں بھیجیے۔

Whatsapp: 9810957146