رسولؐ سے محبت

۔۔۔

عن أنس قال، قال رسول اللہ ﷺ لا یومن احدکم حتی اکون احب الیہ من والدہ و ولدہ والناس اجمعین۔ (بخاری مسلم)

’’حضرت انسؓ کہتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا کہ تم میں کوئی شخص (مطلوبہ درجہ کا) مومن نہیں ہوسکتا جب تک کہ میں اس کے باپ، اس کے بیٹے، اور تمام انسانوں سے زیادہ محبوب نہ ہوجاؤں۔‘‘

مندرجہ بالا حدیث بظاہر بہت عام سی حدیث ہے لیکن سچ پوچھئے تو یہ اسلامی طرزِ زندگی کے لیے کلیدی حیثیت رکھتی ہے۔ اس حدیث مبارکہ پر ذرا غور فرمائیے تو واضح طور پر یہ بات محسوس ہوگی کہ یہ حدیث فلسفۂ اطاعت کا عطر ہے لیکن اس حدیث کی وضاحت سے پہلے ذرا اللہ تعالیٰ کے حکم کو بھی ذہن میںتازہ کرلیں۔ اللہ تعالیٰ فرماتا ہے کہ : ’’جس نے رسول کی اطاعت کی اس نے گویا اللہ کی اطاعت کی۔‘‘ اب بات کھل کر سامنے آگئی کہ ہر مسلمان کے لیے دو اطاعتیں تو بالکل غیر مشروط ہیں اللہ کی اطاعت اور رسول اللہﷺ کی اطاعت۔ اللہ کی اطاعت کے لیے تقویٰ یعنی خشیۃ اللہ ضروری ہے اس لیے کہ وہ رب کائنات اور مالک یوم الدین ہے۔ لیکن حقیقی اطاعت وہی ہے جو سنت رسول اللہ ﷺ کے مطابق ہو۔ اطاعت چار قسم کی ہوتی ہیں: (۱) نفرت کے ساتھ اطاعت (۲) منافقت کے ساتھ اطاعت (۳) خشیت (خوف) کے ساتھ اطاعت (۴) محبت کے ساتھ اطاعت۔

پہلی اطاعت ایک مسلم ریاست میں ایک غیر مسلم کی اطاعت ہے۔ دوسری اطاعت ایک منافق مسلمان کی اطاعت یہ دونوں اطاعتیں نہ مطلوب اطاعتیں ہیں۔اب مومن کی اطاعت یہ ہے کہ وہ اللہ سے خوف کھائے اور نبی ؐ سے محبت اور شیفتگی کے ساتھ اطاعت کرے۔ جب تک ہم اپنے نبیؐ سے مذکورہ حدیث کے معیار کے مطابق محبت نہیں کریں گے اللہ اور رسولؐ کے فرمان کی معیاری اطاعت بھی نہیں کرسکتے اور اگر کوئی شخص اپنے رسولؐ سے ایسی سچی پاکیزہ اور والہانہ محبت کرے تو پھر اس کی اطاعت کا معیار بھی حد درجہ بلند ہوگا۔ بعض لوگ سمجھتے ہیں کہ اس حدیث میں صرف محبت رسول کی فہمائش کی گئی ہے لیکن دراصل بین السطور محبت رسول کی ایسی فرمائش و فہمائش میں مومنانہ اطاعت کا راز بھی پوشیدہ ہے۔ اللہ تعالیٰ ہمیں نبی کریمﷺ کے ساتھ حقیقی محبت عطا فرمائے۔ آمین

مزید

حالیہ شمارے

ماہنامہ حجاب اسلامی ستمبر 2024

شمارہ پڑھیں

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ ستمبر 2023

شمارہ پڑھیں

درج بالا کیو آر کوڈ کو کسی بھی یو پی آئی ایپ سے اسکین کرکے حجاب اسلامی کو عطیہ دیجیے۔ رسید حاصل کرنے کے لیے، ادائیگی کے بعد پیمنٹ کا اسکرین شاٹ نیچے دیے گئے  وہاٹس ایپ پر بھیجیے۔ خریدار حضرات بھی اسی طریقے کا استعمال کرتے ہوئے سالانہ زرِ تعاون مبلغ 600 روپے ادا کرسکتے ہیں۔ اس صورت میں پیمنٹ کا اسکرین شاٹ اور اپنا پورا پتہ انگریزی میں لکھ کر بذریعہ وہاٹس ایپ ہمیں بھیجیے۔

Whatsapp: 9810957146