ٹرکی گوشت
جنس اور وزن: گوشت ایک سیر، دھنیا خشک ایک چھٹانک، ادرک آدھی چھٹانک، مرچ سیاہ، لونگ، الائچی دو تولہ، زعفران ایک ماشہ، دہی ایک پاؤ، پیاز ایک پاؤ گھی ایک پاؤ۔
ترکیب: دھنئے کو کسی قدر کچل دینا چاہیے اور ادرک کے ٹکڑے کرلیے جائیں۔ گھی میں پیاز کے لچھے سرخ کرکے گوشت اور مسالوں کو سالم حالت میں چھوڑ دیجیے۔ پھر اتنا پانی ڈالیے کہ گوشت کے گلانے میں مدد دے۔ زیادہ پانی نہ ہونا چاہیے۔ اس گوشت کو نرم آنچ پر اور کافی دیر تک پکانا چاہیے پھر دہی اورلہسن کے پانی سے اچھی طرح بھون لیا جائے اور آخر میں زعفران اور قدرے کیوڑا ڈال کر کھانا چاہیے۔
ٹرگی گوشت میں جو مسالے دئے جاتے ہیں وہ عام طور پر سالم ہوتے ہیں لیکن گوشت کے ساتھ اس قدر پکتے ہیں کہ ایک جان ہوجاتے ہیں نہ اس میں شوربا ہوتا ہے صرف مسالے اور گھی کی تری ہوتی ہے۔
بونٹ پلاؤ
جنس اور وزن: چاول باریک ایک سیر، قیمہ آدھ سیر، بونٹ (سبز چنے) آدھ سیر، نمک تین تولہ، دار چینی، الائچی، لونگ، سیاہ مرچ، ہر ایک تین تین ماشہ، ادرک اور لہسن آدھی آدھی چھٹانک، دہی آدھ پاؤ۔ زعفران دو ماشہ۔
ترکیب: پہلے چنے کے دانوں کو نمک میں ڈال کر تل لیں۔ اس کے بعد قیمہ میں مسالہ اور گھی ڈال کر خوب بھونیں اور تھوڑا نمک قیمہ میں ڈالیں۔ پھر چاولوں میں نمک ڈال کر جوش دیں اور پسا کر تلے ہوئے بونٹ اس میں شامل کردیں اب ایک پتیلی میں تھوڑے چاول ڈال کرتھوڑا قیمہ اور بچھائیں۔ اسی طرح چاول اور قیمہ کی کئی تہیں لگادیں اور زعفران پیس کر چھڑک دیں۔
کیلے کی کھیر
کلکتہ کے چُنیا کیلے (چھوٹے کیلے) چھ عدد، دودھ دو سیر، شکر آدھ سیر، چاول آدھ پاؤ، کھویا ایک پاؤ
ترکیب: کیلے کو چھیل کر ہاتھوں سے مل ڈالیے۔ پھر چاولوں کو دھوکر دودھ میں ڈال دیجیے، اور خوب پکائیے جب چاول بالکل گل جائیں تو کھویا اور کیلے کا ملغوبہ ڈال کر خوب گھونٹئے اور بعد میں شکر ملا کر ایک جوش دے کر اتار لیجیے۔ مٹی کی سکوریوں میں جما لیجیے اور نوش کیجیے۔
ادرک کا مربہ
ادرک کی بڑی بڑی گرہیں لے کر انھیں چاقو سے چھیلئے پھر کونچے یا چاقو سے کونچ کر پانی میں چونا گھول کر نتھار لیں اور نتھرے ہوئے پانی میں چھ گھنٹے تک انہیں بھگا کر رکھیں اس کے بعد نکال کر پانی میں سہاگہ چوکیہ، سجی گلابی اور ذرا سی شکر ڈال کر خوب جوش دیں جب گل جائیں تو نکال کر کسی صاف کپڑے پر پھیلا کر خوب خشک کرلیں۔ پانی باقی نہ رہے آخر میں شکر کا ایک تار کا قوام تیار کرکے اس میں ادرک کی ان گرہوں کو پھر پکائیں تاکہ قوام اور گاڑھا ہوجائے پھر تھوڑا سا لیموکا عرق بھی قوام میں ڈال دیں اور ٹھنڈا ہوجانے پر کسی مرتبان میں احتیاط سے رکھ لیں اور بقدر ضرورت استعمال کریں۔
ادرک کا مربہ ریاحی امراض کے لیے نہایت فائدہ مند ہے۔ کھانا کھانے کے بعد اس کا استعمال بہت مفید ثابت ہوا ہے۔