رنگ برنگے پکوان

ماخوذ

کھجور اور دال کا پلاؤ

اجزا: آدھا کلو عمدہ لمبے چاول، ایک کپ سرخ مسور کی دال دھلی ہوئی۔ ۲۵۰ گرام گھی یا مکھن، ایک چھوٹی پیاز، ایک کپ گرم پانی، ایک پاؤ تازہ کھجوریں گٹھلی نکال کر، آدھا کپ چھلکا اترے بادام، آدھا پاؤ خشک خوبانیاں، آدھا کپ کشمش۔

ترکیب: پانی میں ہلکا نمک ڈال کر چاول ابال لیں۔ (قدرے سخت رہیں) دال کو نمک ملاکر اتنا پانی ڈال کر پکائیں کہ گل تو جائے مگر بالکل نرم نہ ہونے پائے۔ آدھا مکھن یا گھی ایک کپ گرم پانی میں ڈال کر پگھلالیں۔ بقایا آدھے میں پیاز بادامی رنگت کا کرلیں اور کھجوریں، خوبانیاں، کشمش اور بادام کی گریاں ڈال کر بھونیں اور مکھن ملے پانی کاآدھا حصہ ایک اوون پروف بڑے پیالے میں ڈالیں۔ اوپر پکے ہوئے چاولوں کی ایک تہہ پھر کھجوروں والے مرکب کی ایک تہہ پھر دال کی ایک تہہ پھر دوبارہ چاول، کھجوریں اور دال یکے بعد دیگرے لگادیں اب بقایا مکھن ملے پانی کو اوپر چھڑک دیں اور ڈھکن بند کرکے تقریباً آدھا گھنٹہ ہلکی آنچ پر رکھ کر دم کریں۔ کھلے منہ کے دیگچے میں بھی دم دے کر اسے پھر ڈش میں نکال کر پیش کرسکتے ہیں۔

ویج بریانی

اجزا: آلو تین عدد درمیانی سائز کے چپس کی طرح کاٹ لیں اور نمک کے پانی میں بھگودیں۔ مٹر پاؤ بھر تقریباً ایک پیالی، گاجر دو عدد، درمیانے سائز کی گول گول ٹکڑے کرلیں۔ گوبھی کا پھول ایک عدد، اس کے پھول بھی الگ کرلیں۔ سیم کی پھلی آدھا پاؤ چھوٹے چھوٹے ٹکڑے کرلیں۔ انڈے دو عدد ابلے ہوئے، ادرک لہسن پسا ہوا ایک کھانے کا چمچہ۔ لیموں دو عد رس والے، پیاز دو ڈلی درمیانے سائز کی باریک کٹی ہوئی، تھوڑا سا گرم مصالحہ ثابت ملا جلا، چاول باسمتی ایک کلو، نمک حسب ذائقہ، پکانے کے لیے تیل ڈیڑھ پیالی، دہی آدھی پیالی۔

ترکیب: سب سے پہلے سب سبزیوں کو الگ الگ تل کر ایک برتن میں رکھتی جائیں۔ پھر ایک دیگچی میں تیل ڈال کر پیاز براؤن کرلیں جب براؤن ہوجائے تو آدھی نکال کر کسی اخبار پر رکھ دیجیے۔ باقی پیاز میں دہی، ادرک، لہسن، تلی ہوئی سبزیاں اور گرم مصالحہ ڈال دیں۔ اوپر سے لیموں کا رس ڈال دیں۔ اب دوسری دیگچی میں چاول ابالیں۔ ساتھ میں گرم مصالحہ اور سرکہ بھی ڈال دیں۔ جب تین کنی چاول ابل جائیں تو چھان لیں پھر چاولوں کو دیگچی میں آدھے چاول کہ تہہ بچھائیں۔ اس پر تلی ہوئی سبزیاں ڈال دیں، پھر باقی چاول انڈے باریک کاٹ کر اوپر ڈال دیں۔ ساتھ میں براؤن پیاز بھی ڈال دیں، پھر توے کے اوپر دم پر رکھ دیں۔ تھوڑی دیر آنچ تیز پھر ہلکی کردیں۔

کشمیری بیگن کا بھرتہ

اجزاء: بیگن ۵۰۰ گرام، نمک حسب ذائقہ، سرخ مرچ حسب ذائقہ، ہری مرچ حسب ذائقہ، ہرا دھنیا، حسب پسند، گھی ۲۵ گرام، پیاز ایک گڈی۔

ترکیب: بیگنوں کو ابال کر چھلکا اتار لیں۔ سل پر باریک پیس لیں پھر ان میں پسی ہوئی مرچیں اور نمک ملادیں۔ اب ایک پتیلی میں پیاز کے لچھے لال کرکے پسے ہوئے بیگن ڈال کر بیس منٹ تک بھونیں پھر اتارلیں۔ اوپر ہری مرچیں اور ہرا دھنیا کاٹ کر ڈال دیں۔ زیادہ مرچوں کے شوقین ہیں تو زیادہ ڈال دیں۔

انڈوں کا لذیذ حلوا

اجزاء: انڈے ۷ عدد، گھی ۱۰۰ گرام، سبز الائچی ۶ عدد، چینی ۱۰۰ گرام، بادام کی گری ۶ عدد، چاندی کے ورق حسب ضرورت، پستہ پانچ عدد۔

ترکیب: ایک برتن میں انڈے توڑ کر پھینٹ لیں، پھر ان میں چینی ملاکر خوب اچھی طرح مکس کریں۔ الائچی کے دانے، گھی اور بادام کی گری چھلکا اتار کر ڈال دیں۔ اب اس برتن کو چولہے پر رکھیں اور ہلکی آنچ پر ۱۰ منٹ تک پکائیں۔ اس کے بعد چولہے سے نیچے اتارلیں اور پلیٹ میں ڈال کر چاندی کے ورق لگائیں اور پستے کی گری کتر کی چھڑک دیں۔

گاجر کا حلوا

اجزا: سرخ گاجریں ڈیڑھ کلو گرام، گھی ۱۰۰ گرام، کھویا ۱۰۰ گرام، کٹا ہوا ناریل ۲۵ گرام، بادام کی گری ۵۰ گرام، چاندی کے ورق حسب ضرورت، دودھ ایک لیٹر، چینی ۲۵۰ گرام، پستہ ۲۰ گرام۔

ترکیب: سب سے پہلے گاجریں دھوکر صاف کریں اور چھیل کر کدو کش کرلیں۔ اس کے بعد ایک برتن میں کدوکش کی ہوئی گاجریں ڈال کر ہلکی آنچ پر پانی میں پکائیں جب گاجر گلنا شروع ہوں تو گھی ڈال کر ملادیں۔ پھر اس میں کھویا مسل کر ڈالیں اور ساتھ ہی چینی ملادیں۔ دو منٹ بعد دودھ شامل کریں اور خوب اچھی طرح بھونیں۔ اتارنے سے پہلے کٹا ہوا ناریل، بادام کی گری ڈال کر خوب اچھی طرح مکس کرلیں۔ نیچے اتار کر پلیٹ میں ڈالیں اور اوپر چاندی کے ورق لگائیں۔

گلاب جامن

اجزاء: خشک دودھ ایک پیالی، سوجی آدھی پیالی، میدہ آدھی پیالی، پھیکا کھویا آدھی پیالی، بیکنگ پاؤڈر چوتھائی چائے کا چمچہ، تیل دو کھانے کے چمچے، ان سب چیزوں کو اچھی طرح ملا کر آٹے کی طرح گوندھ لیں، پانچ منٹ کے لیے رکھ دیں، پھر چھوٹے چھوٹے پیڑے بنالیں۔ شیرا بنانے کے لیے چینی دو پیالی، پانی ایک پیالی، چھوٹی الائچی آٹھ عدد، دانے نکال کر باریک پیس لیں۔

ترکیب: چینی میں پانی ملا کر ہلکی آنچ میں شیرا بنا لیں۔ جب شیرا بننے لگے تو الائچی ڈال کر اتارلیں۔ ایک کڑھائی میں گھی گرم کریں، گھی تقریباً دو پیالی ہونا چاہیے تاکہ گلاب جامن اچھی طرح تلے جاسکیں۔ جب گھی تیز گرم ہوجائے تو ہلکی آنچ کرکے پیڑے تلنا شروع کردیں، جب براؤن ہوجائیں تو نکال کر شیرے میں ڈال دیں۔

مزید

حالیہ شمارے

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ ستمبر 2023

شمارہ پڑھیں

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ اگست 2023

شمارہ پڑھیں