بٹر پیسٹری
اشیا: میدہ پچاس گرام، بیکنگ پاؤڈر ڈیڑھ چائے کا چمچہ، کھانے کا سوڈا ایک چائے کا چمچہ، شکر ایک پیالی، مکھن ایک پیالی، انڈے چار عدد، وائٹ بٹر ایک پیالی، فوڈ کلر ایک چٹکی، آئسنگ شوگر کھانے کے دو چمچے۔
ترکیب: ایک پیالی شکر میں مکھن ڈال کر پھینٹ لیں۔ شکر میں انڈے ایک ایک کرکے ڈال کر پھینٹتی جائیں۔ اب میدہ تھوڑا تھوڑا کرکے ملائیں۔ اس آمیزے میں دو کھانے کے چمچے پانی ڈال کر اچھی طرح ملائیں۔ پیپر کپ میں تیل لگا کر تھوڑا خالی چھوڑ دیں۔ شکر کا آمیزہ بھر دیں۔ اسے اوون میں ۱۸۰ ڈگری سینٹی گریڈ پر پندرہ منٹ کے لیے بیک کریں۔ اب وائٹ بٹر میں فوڈ کلر اور آئسنگ شوگر ملا کر پیسٹری پر لگا کر فریج میں رکھ دیں۔ ٹھنڈی ہوجائے تو نوش فرمائیں۔
شکر قندی پڈنگ
اشیا: شکر قندی ابلی اور کسی ہوئی ۲ کپ، دودھ آدھا لیٹر (فل کریم) شکر ۳ بڑے چمچے، سجانے کے لیے چار پانچ بادام اور پستہ کٹا ہوا۔
ترکیب: سب سے پہلے دودھ کو ابالیں اب اس میں شکر قندی ڈال کر تھوڑا اور پکائیں کیونکہ شکر ڈالنے سے آمیزہ پتلا ہوجاتا ہے اب اس پر بادام پستہ ڈال کر ٹھنڈا کرکے پیش کریں۔
ویجی ٹیبل برگر
آلو ۲ عدد ، ملی جلی سبزیاں، پتہ گوبھی، مٹر فرنچ بیبن، گاجر اور پھول گوبھی (سب کٹی ہوئی) باریک کٹی ہری مرچ ایک عدد، چاٹ مسالہ ایک چھوٹا چمچہ، گرم مسالہ آدھا چمچہ، بریڈ سلائس ۲، ہرا دھنیا باریک کٹا ہوا ۲ بڑے چمچے، نمک حسب ذائقہ، مکھن ۵۰ گرام، برگر بن چھوٹے ۴ عدد، ٹماٹر پیاز اور کھیرے کے سلائس تھوڑے سے، ریفائنڈ تیل ۳ بڑے چمچے۔
ترکیب: آلو کو چھیل کر لمبائی میں چار ٹکڑے کرلیں اب ایک پریشر پین میں ایک بڑا چمچہ تیل گرم کریں اس میں آلو اور ملی جلی سبزیاں ڈالیں۔ دو منٹ دھیمی آنچ پر پکائیں، نمک ڈال دیں ، اب ایک بڑا چمچہ پانی ڈال کر پین کا ڈھن کا بند کردیں۔ سیٹی آنے کے بعد گیس دھیمی کردیں۔ تین منٹ اور پکائیں۔ گیس بند کردیں تو ڈھکن کھول دیں سب سبزیو ںکو میش (ملائیں) کریں۔ اگر پانی ہو تو گیس پر سکھا لیں اب اس میں ہری مرچ چاٹ مسالہ، گرم مسالہ ، ہرا دھنیا اور پانی میں بریڈ کو بھگو کر اور نچوڑ کر ملا دیں۔ بن کے سائز کے حساب سے چھوٹی چھوٹی ٹکی بنائیں اور تھوڑے تیل میں نان اسٹک توے پر کراری ہونے تک تلیں۔ اب بن کو بیچ سے کاٹنے پر ایک طرف کنارے پر تھوڑا جڑا رہنے دیں توے پر مکھن لگا کر بن کو دبا کر ہلکا براؤن کریں۔ ایک بن پرٹکی رکھیں اس پر ٹماٹر پیاز کھیرے کے سلائس رکھیں اور آدھے حصے سے ڈھک دیں۔ نیپکن کو ترچھا موڑ کر اس میں بن کو لپیٹ دیں۔ بچوں کو کبھی کبھار بنا کر لنچ پاکس میں ٹومیٹو ساس کے ساتھ دیں۔
چپلی کباب
اشیا: قیمہ ایک کلو، بیسن ۱۲۵ گرام، پیاز ۱۲۵ گرام، گھی ایک چمچہ بڑا ، ثابت دھنیا ایک چائے کا چمچہ، انار دانہ ایک چمچہ، انڈا ایک عدد، نمک حسب ذائقہ، سرخ مرچ آدھا چمچہ پاؤڈر۔
ترکیب: پیاز کو باریک کاٹا، ثابت دھنیا اور انار دانہ موٹا پیس کر مرچ نمک سب قیمے میںاچھی طرح ملا لیں اب ان کے گولے بنائیں ان کو ہتھیلی پر پھیلا کر چپٹے یا لمبوترے کرلیں۔ انڈے کو پھینٹ کر الگ رکھیں کباب کو اس میں ڈبو کر تیل یا گھی میں سرخ تل کر نکالیں اب پیاز کو تیل میں سرخ کرکے نکال لیں۔ تلی ہوئی پیاز اور انار دانہ کی چٹنی کے ساتھ کھائیں۔
ادرک لہسن کا اچار
اشیا: لہن آدھا پاؤ، ادرک آدھا پاؤ۔
ترکیب: ادرک کو چھیل کر باریک کاٹیں، لہسن چھیل کر ثابت رکھیں، اس میں ۴ لیمو کا رس ڈالیں، نمک لال مرچ ہلدی ڈالیں، تیل گرم کرکے ٹھنڈا کرکے ڈالیں۔ جب گل جائے تو شوق سے کھائیے یہ اچار گیس، بدہضمی کو دور کرتا ہے۔ بھوک بڑھاتا ہے۔
گاجر گوبھی کا اچار
گاجرایک کلو، گوبھی ایک پھول، دھوکر گاجر انگلی کے سائز کی کاٹی گوبھی کے چھوٹے ٹکڑے کرلیجیے۔ ان دونوں کو ہلکا سا ابال کر پانی سکھالیں۔ ہلدی مرچ سرخ پاؤڈر ، نمک، رائی، سونف، زیرا سوکھا پیس کر ڈالیں۔ تیل گرم کرکے ٹھنڈا کرکے ڈالیں۔ اچار تیار ہے چند روز رکھنے کے بعد استعمال کیا جاسکتا ہے۔
قمامی سوئیاں
اشیا: ایک کلو سوئیاں، ایک کلو شیرہ، ۳۰۰ گرام گھی، کھویا ۵۰۰ گرام، بادام ۵۰ گرام، کاجو، ۵۰ گرام، ناریل ایک گولا، پستہ ۵۰ گرام، چھوہارا ۱۰۰ گرام، کشمش ۵۰ گرام۔
طریقہ: ایک بھگونے میں گھی ڈال کر الائچی پیس کر ڈال دیں۔ پھر ایک کلو شکر میں ڈیڑھ گلاس پانی یا دودھ ڈال کر رنگِ زعفران گھول کر ڈالیں۔ جب کھول جائے تو آدھا کھویا ڈال دیں۔ (سب میوے کو کاٹ کر گھی میں تل کر نکال لیں) آدھا میوا ڈالیں اب تھوڑا پکنے دیا جائے۔ پھر سوئیاں ڈال دیں اچھی طرح چلادیں۔ ہلکی آنچ پر ۱۰ منٹ تک رکھیں اس کے بعد دیکھیں کہ گل گئی ہوں تو ٹھیک نہیں گلی ہوں تو دودھ کا چھینٹا دیں اور ڈھک دیں گلنے پر آدھا میوا اور بچا ہوا کھویا ڈال دیں۔ لذیذ قمامی سوئیاں تیار ہیں۔
حلیم
ایک کلو گوشت چکنا یا قیمہ، گرم مسالہ ، گیہوں پاؤ بھر مونگ دال، کالی مسور چنے کی دال، سب ڈالیں آدھا کلو چاول، ۲۰۰ گرام، ۲۵۰ گرام تیل، پیاز ۲۰۰ گرام ، لہسن ایک پوتھی، ادرک چھوٹا سا ٹکڑا۔ دھنیا پسا پاؤڈر ۳ چمچے، مرچ ایک چمچہ، ہلدی پاؤڈر ۲ چمچے، دھنیا ہرا ایک گڈی، ہری مرچ لیمو نمک پودینہ وغیرہ۔
ترکیب: ۱۵۰ گرام تیل میں آدھا پیاز کتر کر تلا گوشت یا قیمہ تلیں، پسا لہن دھنیا مرچ ہلدی ذرا سا نمک ادرک سب مسالے ڈال کر بھون کر پانی ڈالی کر گلا لیں۔ اب الگ برتن میں رات کے بھیگے گیہوں چاول سب ڈالیں۔ ہلدی دو چائے کے چمچے ، نمک ڈال کر ابالیں۔ جب گل جائے تو اچھی طرح مکس کردیں۔ اب اس میں پکا قیمہ یا گوشت ڈالیں، پھر گھونٹیں جتنا گاڑھا رکھنا ہو گرم پانی ڈال کر پکائیں۔ چولہے سے اتار کر رکھ لیں۔
اب باقی تیل میں بچی پیاز چھلے دار کاٹ کر سرخ کریں، حلیم کو بگھار دیں۔ اب گرم مسالہ زیرا، ۱۰ چائے کے چمچے، کالی مرچ ۱۵ دانے، لونگ ۱۰ عدد، چھوٹی الائچی ۱۰ عدد، بڑی الائچی دو عدد، جاوتری آدھا چمچہ چائے کا، دار چینی ۲ انچ کا ٹکڑا سب سوکھا پیس کر ڈالیں۔ ہلکی آنچ پر ۲۰ منٹ پکائیں۔ پودینا،کٹا دھنیا، ہری مرچ اورلیمو کے ساتھ نوش فرمائیں ساتھ ہی پڑوسیوں کو بھیجیں۔