گوشت فرائی:
اشیاء:گوشت آدھا کلو پتلے پتلے ٹکڑے، پیاز ایک عدد، ادرک ایک انچ کا ٹکڑا، ٹماٹر ۳،۴ عدد، گاجریں ۲۵۰ گرام، براؤن شوگر ۲ چھوٹے چمچ، گرم مصالحہ آدھا چھوٹا چمچ، لائٹ سویا ساس ۲ بڑے چمچ، سرکہ ایک بڑا چمچ، نمک حسب ذائقہ، پانی ۲ بڑے چمچ، آئل ۲ بڑے چمچ۔
ترکیب: برتن میں آئل گرم کریں اور گوشت تین چار منٹ تک فرائی کریں اب اس میں پیاز، ادرک، ٹماٹر اور گاجر ڈالیں اور دو تین منٹ تک بھونیں۔ اب اس میں سرکہ، چینی، گرم، مصالحہ، سویا ساس، پانی اور حسب ذائقہ نمک ڈال کر دھیمی آنچ پر آٹھ دس منٹ پکائیں۔ سلاد کے ساتھ پیش کریں۔
جھینگوں کا پلاؤ
اشیاء: جھینگے درمیانی سائز کے دو کلو صاف کیے ہوئے، لہسن اور نمک کے پانی سے اچھی طرح سے دھولیں۔ باسمتی چاول ایک کلو ، بیس منٹ کے لیے بھگودیں، ادرک لہسن پسا ہوا ایک کھانے کا چمچہ، ہری پیاز کے پتے ایک پیالی باریک کٹی ہوئی، دار چینی کا ٹکڑا ایک عدد بھون کر باریک پیس لیں، پیاز درمیانے سائز کی دو ڈلی باریک کٹی ہوئی، لیموں چار عدد، اجنیوموتو ایک چائے کا چمچہ، تیل ڈیڑھ پیالی۔
ترکیب: سب سے پہلے ایک دیگچی میں تیل ڈال کر پیازبراؤن کرلیں۔ جب براؤن ہوجائے تو اس میں جھینگے اور ادرک لہسن ڈال دیں۔ جب جھینگوں کا پانی خشک ہونے لگے تو پسی ہوئی دار چینی اور پیاز کے پتے ڈال کر اچھی طرح بھونیں پھر چاول اور اجنیو موتو ڈال کر تھوڑی دیر اور بھون کر پانچ پیالی پانی ڈال دیں۔ نمک ملاکر اچھی طرح سے چمچہ چلائیں اور ڈھکن سے ڈھانک دیں۔ جب پانی سوکھنے لگے تو ہلکی آنچ میں دم پر رکھ دیں۔
زعفرانی بریانی
اشیا: گوشت ایک کلو، گھی ۲۵۰ گرام، لونگ ۳۰ گرام، الائچی ۳۰ گرام، زعفران ۳ گرام، کالا زیرہ تھوڑا سا، پیازہ ۱۲۵ گرام، ادرک ۱۰ گرام، دودھ آدھا کلو، نمک لاہوری ۳۰ گرام، کالی مرچ ۲۰ گرام، سفید زیرہ تھوڑا سا۔
ترکیب: گوشت پر نمک، ادرک اور پیاز کا پانی مل کر رکھ دیں۔ پھر دہی میں زعفران، سیاہ مرچیں اور الائچیاں پیس کر ملانے کے بعد گوشت کی بوٹیوں کو اس میں مکس کردیں۔ دیگچے میں زیرہ ڈال کر بوٹیوں کی تہہ جمادیں اور ا وپر سے لونگیں ڈال کر آدھا گھی ڈال دیں۔ چاولوں کو ابال لیں۔ ۱۰۰ گرام چاول اور ایک پیالی پانی ڈال دیں اور دیگچے کو چولہے پر چڑھا دیں اس کے نیچے تیز آنچ کردیں۔ باقی چاول بھی اس میں ڈال کر اوپر سے باقی گھی بھی ڈال دیں اور دیگچے کا منہ آٹے سے بند کردیں اور آنچ تیز کردیں۔ کچھ دیر بعد بریانی کا پانی خشک ہوجائے گا اور گھی کی آواز آنے لگے گی اس وقت دیگچے کے نیچے سے آگ ہٹا کر اسے دم دیں اور زیادہ سے زیادہ بیس منٹ تک لگائے جائیں پھر بریانی چولہے سے اتار لی جائے۔
بگھارے ٹماٹر
اشیاء: ۵۰ گرام ٹماٹر پانی میں ڈال کر چھلکا اتار لیں۔ ۲۵۰ گرام گھی یا مکھن، ثابت زیرا ایک چمچہ،کلونجی ایک چمچہ، میتھی دانہ ایک چمچہ، کڑی پتا ایک چمچہ، لہسن کا پیسٹ ایک چمچہ، تل پسا ہوا ایک چمچہ، زیرا پاؤڈر ایک چمچہ، لال مرچ پاؤڈرایک چمچہ، ۲۵۰ گرام ٹماٹر کی پیوری، ٹماٹر کو ابال کر چھلکا اتار کر پیس لیں (بازار میں ٹن بھی دستیاب ہے) ثابت گول مرچ پانچ عدد، ۵۰ گرام املی کا پانی، نمک حسب ذائقہ۔
ترکیب: مکھن کو گرم کرکے کڑی پتا، ثابت لال مرچ، زیرا، میتھی، دانے اور کلونجی ڈال دیں۔ لہسن،تل، زیرا پاؤڈر اور لال مرچ پاؤڈر کا پیسٹ بنا کر ڈال دیں۔ ٹماٹر کا رس (پیوری) اور املی کا پانی ڈال کر دو تین منٹ پکالیں۔ گریوی کو ٹماٹر پر ڈال کر سرو کریں۔ سجاوٹ کے لیے ہرا دھنیا کاٹ کر ڈال دیں۔
سیب کا حلوہ
اشیا: سیب ایک کلو، بالائی ایک پاؤ، شکر آدھا کلو، تیل آدھا کلو، دودھ آدھا کلو، کیوڑہ چار تولہ، پستہ بادام حسب منشا۔
ترکیب: پہلے سیبوں کے چھلکے اتار کر اندر کا حصہ نکال کر پانی میں خوب گلا لیں اور گلا کر ململ کی صافی سے چھان لیں۔ پھر آدھ پاؤ تیل میں سیب کو بھون کر شکر ڈال دیں۔ دس منٹ بعد بالائی ڈال دیں۔ بھوننے کے لیے تیل ڈالتے رہیں۔ جب ذرا سرخی آنے لگے اور حلوہ تیل چھوڑنے لگے تو تین بار دودھ سے بھون کر میٹھا چکھ کر کسی گہرے برتن میں نکال کر اوپر سے پستہ اور بادام کی ہوائی ڈال کر چاندی کے ورق ڈال دیں۔
بٹر پیسٹری
اشیا: میدہ پچاس گرام، بیکنگ پاؤڈر ڈیڑھ چائے کا چمچہ، کھانے کا سوڈا ایک چائے کا چمچہ، شکر ایک پیالی، مکھن ایک پیالی، انڈے چار عدد، وائٹ بٹر ایک پیالی، فوڈ کلر ایک چٹکی، آئسنگ شوگر کھانے کے دو چمچے۔
ترکیب: ایک پیالی شکر میں مکھن ڈال کر پھینٹ لیں۔ شکر میں انڈے ایک ایک کرکے ڈال کر پھینٹتی جائیں۔ اب میدہ تھوڑا تھوڑا کرکے ملائیں۔ اس آمیزے میں دو کھانے کے چمچے پانی ڈال کر اچھی طرح ملائیں۔ پیپر کپ میں تیل لگا کر تھوڑا خالی چھوڑ دیں۔ شکر کا آمیزہ بھر دیں۔ اسے اوون میں ۱۸۰ ڈگری سینٹی گریڈ پر پندرہ منٹ کے لیے بیک کریں۔ اب وائٹ بٹر میں فوڈ کلر اور آئسنگ شوگر ملا کر پیسٹری پر لگا کر فریج میں رکھ دیں۔ ٹھنڈی ہوجائے تو نوش فرمائیں۔
شکر قندی پڈنگ
اشیا: شکر قندی ابلی اور کسی ہوئی ۲ کپ، دودھ آدھا لیٹر (فل کریم) شکر ۳ بڑے چمچے، سجانے کے لیے چار پانچ بادام اور پستہ کٹا ہوا۔
ترکیب: سب سے پہلے دودھ کو ابالیں اب اس میں شکر قندی ڈال کر تھوڑا اور پکائیں کیونکہ شکر ڈالنے سے آمیزہ پتلا ہوجاتا ہے اب اس پر بادام پستہ ڈال کر ٹھنڈا کرکے پیش کریں۔
ویجی ٹیبل برگر
آلو ۲ عدد ، ملی جلی سبزیاں، پتہ گوبھی، مٹر فرنچ بین، گاجر اور پھول گوبھی (سب کٹی ہوئی) باریک کٹی ہری مرچ ایک عدد، چاٹ مسالہ ایک چھوٹا چمچہ، گرم مسالہ آدھا چمچہ، بریڈ سلائس ۲، ہرا دھنیا (باریک کٹا ہوا) ۲ بڑے چمچے، نمک حسب ذائقہ، مکھن ۵۰ گرام، برگر بن چھوٹے ۴ عدد، ٹماٹر پیاز اور کھیرے کے سلائس تھوڑے سے، ریفائنڈ تیل ۳ بڑے چمچے۔
ترکیب: آلو کو چھیل کر لمبائی میں چار ٹکڑے کرلیں اب ایک پریشر پین میں ایک بڑا چمچہ تیل گرم کریں اس میں آلو اور ملی جلی سبزیاں ڈالیں۔ دو منٹ دھیمی آنچ پر پکائیں، نمک ڈال دیں ، اب ایک بڑا چمچہ پانی ڈال کر پین کا ڈھن کا بند کردیں۔ سیٹی آنے کے بعد گیس دھیمی کردیں۔ تین منٹ اور پکائیں۔ گیس بند کردیں تو ڈھکن کھول دیں سب سبزیو ںکو میش (ملائیں) کریں۔ اگر پانی ہو تو گیس پر سکھا لیں اب اس میں ہری مرچ چاٹ مسالہ، گرم مسالہ ، ہرا دھنیا اور پانی میں بریڈ کو بھگو کر اور نچوڑ کر ملا دیں۔ بن کے سائز کے حساب سے چھوٹی چھوٹی ٹکی بنائیں اور تھوڑے تیل میں نان اسٹک توے پر کراری ہونے تک تلیں۔ اب بن کو بیچ سے کاٹنے پر ایک طرف کنارے پر تھوڑا جڑا رہنے دیں توے پر مکھن لگا کر بن کو دبا کر ہلکا براؤن کریں۔ ایک بن پرٹکی رکھیں اس پر ٹماٹر پیاز کھیرے کے سلائس رکھیں اور آدھے حصے سے ڈھک دیں۔ نیپکن کو ترچھا موڑ کر اس میں بن کو لپیٹ دیں۔ بچوں کو کبھی کبھار بنا کر لنچ پاکس میں ٹومیٹو ساس کے ساتھ دیں۔