رنگ برنگے پکوان

ادارہ

مچھلی کے نفیس شامی کباب

مچھلی کو اچھی طرح صاف کرنے کے بعد بیسن سے خوب دھو ڈالیے تاکہ مچھلی کی بدبو جاتی رہے۔ اس کے بعد مچھلی کو نکال کر چھوٹے چھوٹے قتلے کرنے چاہئیں پھر پتیلی میں پانی ڈال دیجیے اور پتیلی کے منہ پر باریک صاف کپڑا لپیٹ کر اس پر مچھلی کے قتلے رکھ دیجیے اور برتن سے اس کو ڈھک دیجیے۔ جب قتلے گل جائیں تو ان کو کاٹئے، الگ کر کے پیس کر تھوڑا سا بھنے چنے کا بیسن ملا دینا چاہیے اور پیاز، ہری مرچ، نمک، گرم مسالہ حسب خواہش ملا کر کبابوں کی ٹکیہ بنا لیجیے اور انڈے کی سفیدی لے کر ان ٹکیوں پر ہلکی ہلکی لگائیے اور فرائی پین میں گھی یا تیل ڈال کر سرخ یکرلیجیے۔ مزیدار کباب مچھلی کے تیار ہوں گے۔

حلوا خشخاش

اشیا: خشخاش ایک پاؤ، انڈے۸ عدد، شکر ایک پاؤ، خرما، ناریل آدھ آدھ پاؤ، دیگر مغزیات حسب ضرورت۔

ترکیب

خشخاش کو ایک گھنٹہ پانی میں بھگو دو۔ بعد ازاں پانی نتھار کر سل بٹے پر باریک پیس لو۔ پیسنے کے بعد گھی میں سرخ بھون لو۔

تھوڑے سے گھی میں علیحدہ علیحدہ ناریل، خرما، بھون لو۔ پھر بقیہ گھی میں خشخاش و دیگر لوازمات شکر ڈال کر ہلکا سرخ ہونے تک بھون لو پھر انڈے اور پاؤ بھر دودھ ڈال کرہلاکر چند منٹوں کے بعد جب کہ وہ جمنے کے لائق ہوجائے اتار کر پلیٹ میں جمالو۔

بھرے ہوئے ٹنڈے

اشیاء: ٹنڈے بڑے بڑے ایک کلو، قیمہ آدھ کلو، پیاز تین عدد۔ ادرک ایک تولہ، مرچ سرخ چار عدد۔ دھنیا دو چمچہ۔ گھی پاؤ بھر۔ دہی آدھ پاؤ، نمک گرم مصالحہ حسب مرضی۔

ترکیب

سب مصالحہ باریک پیس لیجئے۔ پیاز ایک عدد پیسئے باقی کاٹ لیجیے۔

کٹی ہوئی پیاز اور آدھا پسا ہوا مصالحہ ڈال کر آدھے گھی میں قیمہ بگھار کر چڑھا دیجئے۔ جب قیمہ گل جائے تو آدھا دہی ڈال کر خوب بھون کر اتار لیجیے۔ اب ٹنڈوں کو چھیل کر ان میں گول ٹکڑے ڈھکنے کی طرح کاٹ لیجیے، اور باقی ٹنڈے کے حصہ میں سے بیج اور گودا چاقو سے نکال کر پیالے کی طرح خالی کرلیجیے۔ جب سب صاف کرلیں تو ان کے ڈھکنے الگ رکھ کر ٹنڈوں کو تھوڑے گھی میں تل لیجیے۔ اب ٹنڈوں میں بھونا ہوا قیمہ بھر کر ان پر ڈھکنے رکھ کر دھاگہ لپیٹ کر ڈھکنوں کو مضبوطی سے بند کردیجیے۔ اب گھی میں پیاز داغ کر باقی مصالحہ اور دہی ڈال کر خوب بھون کر ٹنڈے ڈال دیجیے اور چار پیالی پانی ڈال کر دھیمی آنچ پر پکائیے۔ بہت لذیذ ہوں گے۔

نوٹ: ٹنڈوں کو پکتے وقت چمچے سے بالکل مت چلائیے۔ ورنہ ٹوٹ جائیں گے۔

ٹماٹر کا کٹ

اشیاء: ٹماٹر ایک کلو، انڈے حسب خواہش، تیل آدھ پاؤ، سرخ مرچ، ادرک، لہسن، نمک حسب ضرورت۔ چرونجی، خشخاش تھوڑی سی۔

ترکیب

انڈوں کو اُبال لیں۔ ٹماٹروں کو اچھی طرح گلائیں اور خوب مسل لیں۔ اس کے بعد مصالحہ، سب مصالحے پسے ہوئے ملا کر چھان لیں۔ اس میں پانی اتنا ڈالیں کہ پکنے پر حسب خواہش باقی رہے۔ جب وہ گاڑھا ہوجائے تو اتارلیں اور زیرہ لہسن، سرخ مرچ سے بگھار دیں۔ ڈش میں نکال لینے پر ابلے ہوئے انڈوں کی چکتیاں یا نصف نصف کٹے ہوئے ٹکڑے خوبصورتی سے جما دیں۔ یہ کھانے میں بہت لذیذ ہوتا ہے۔

انگور کا مربّہ

اشیاء: انگور بڑے بڑے ایک کلو، شکر دو کلو، پھٹکری دو ماشہ، زعفران دو ماشہ، کیوڑہ حسب ضرورت۔

ترکیب

انگور کو اچھی طرح صاف کر کے دھولیں اس کے بعد پھٹکری کے پانی میں انگور ڈال کر خفیف سا جوش دیں۔ اب دو سیر شکر میں ایک سیر پانی ملا کر چاشنی تیار کریں اور اس میں جوش کھائے ہوئے انگور ڈال کر تھوڑی دیر پکائیں پھر اتار کر زعفران اور کیوڑہ ڈال کر برتن کو اچھی طرح ڈھک دیں تاکہ انگور میں خوشبو اچھی طرح آجائے۔ ٹھنڈا ہوجانے کے بعد مرتبان میں رکھ دیں۔ دو تین دن میں بہت عمدہ مربہ تیار ہوجائے گا۔lll

مزید

حالیہ شمارے

ماہنامہ حجاب اسلامی ستمبر 2024

شمارہ پڑھیں

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ ستمبر 2023

شمارہ پڑھیں

درج بالا کیو آر کوڈ کو کسی بھی یو پی آئی ایپ سے اسکین کرکے حجاب اسلامی کو عطیہ دیجیے۔ رسید حاصل کرنے کے لیے، ادائیگی کے بعد پیمنٹ کا اسکرین شاٹ نیچے دیے گئے  وہاٹس ایپ پر بھیجیے۔ خریدار حضرات بھی اسی طریقے کا استعمال کرتے ہوئے سالانہ زرِ تعاون مبلغ 600 روپے ادا کرسکتے ہیں۔ اس صورت میں پیمنٹ کا اسکرین شاٹ اور اپنا پورا پتہ انگریزی میں لکھ کر بذریعہ وہاٹس ایپ ہمیں بھیجیے۔

Whatsapp: 9810957146