رنگ برنگے پکوان

ماخوذ

شکر قندر کا زردہ
جنس اور وزن: شکر قند ایک کلو، گھی ڈیڑھ پاؤ، دودھ ایک پاؤ
اول شکر قند کو چھیل کر کدوکش کرلیا جائے، پھر اسے زعفران کا رنگ دیتے ہوئے پانی میں اس طرح ابالا جائے جس طرح زردے کے چاول ابالے جاتے ہیں۔ پھر اس کا پانی نتھار کر سایے میں خشک کرلیا جائے اور پھر گھی میں سوئیوں کی طرح بھون کر اس میں حسب منشا شکر ملادیں اور دودھ ڈال کر زردہ ہی کی طرح دم کرلیں۔
تیاری کے بعد پسند کے مطابق خشک میوہ جات سے سجا کر پیش کیا جائے۔ خوشبو کے لیے کیوڑا بھی استعمال کرسکتی ہیں۔
پالک کا سوپ
جنس اور وزن: ادرک ایک چائے کا چمچہ، لہسن ½چائے کا چمچہ، دو یا تین ہری مرچ، نمک اور سیاہ مرچ حسب ذائقہ۔
ہری مرچ اور لہسن کو باریک کاٹ لیں۔ پالک کو اچھی طرح دھوکر ذرا سے پانی میں ابال کر پیس لیں۔ ایک فرائی پان میں تھوڑا سا مکھن یا گھی ڈال کر ادرک لہسن اور ہری مرچ ڈال کر فرائی کریں۔ اور اب اس میں پسا ہوا پالک ڈالیں۔ اس کے بعد تھوڑا سا پانی ڈال کر نمک اور سیاہ مرچ ڈال دیں۔ دو تین منٹ پکانے کے بعد مکھن ڈال کر پیش کریں۔
ٹماٹر کا سوپ
جنس اور وزن: ادرک ایک چائے کا چمچہ، لہسن ½ چائے کاچمچہ، دو تین ہری مرچ، ۳ بڑے ٹماٹر، ۲ پیاز، ۲ شملہ مرچ، سلاد پتہ، ایک دو الائچی،ایکچائے کا چمچہ میدہ، ٹماٹر پیوری، ٹماٹر کیچ اپ، سیاہ مرچ، و نیگر، کری پتہ، ایک چمچہ شکر، نمک حسب ذائقہ۔
ادرک، ہری مرچ اور لہسن کو باریک کاٹ کر گھی یا مکھن میں فرائی کریں۔ اس کے بعد تھوڑا سا میدہ ڈال کر بھونیں اور تھوڑا سا پانی ملادیں۔ اب کٹے ہوئے ٹماٹر، پیاز، شملہ مرچ، سلاد پتہ کو آدھا گھنٹہ تک الگ سے پکائیں۔ پھر اس میں ٹماٹر پیوری ملادیں اور پکائیں اور چھلنی سے چھان لیں۔ اب تمام چیزوں کو ایک ساتھ اچھی طرح ملادیں۔ اور ٹماٹر کیچ اپ، وینگر، شکر اورسیاہ مرچ بھی شامل کرلیں، گرم گرم پیش کریں۔
میتھی پلاؤ
جنس اور وزن: چاول ایک سیر، میتھی ایک چھٹانک، ادرک دو تولہ، پیاز دو چھٹانک، گرم مسالہ حسب ضرورت، لہسن کی دو آنڈی، گھی ڈیڑھ پاؤ، نمک ذائقہ کے مطابق۔
ترکیب:میتھی کو رات کو پانی میں بھگودیا جائے، صبح کو پہلے میتھی کو گھی میں بھون کر اس میں گرم مسالہ، ادرک وغیرہ ڈال کر پانی ڈال دیا جائے۔ جب پانی پکنے لگے تب بھیگے ہوئے چاول ڈالے جائیں غرض یہ کہ جس طرح پلاؤ تیار کیا جاتا ہے اسی طرح تیار کرکے کچا گھی شامل کرکے ناشتہ کیا جائے۔ ٹھنڈا ہونے سے بدمزہ ہوجاتا ہے۔بعض آدمیوں کو اس پلاؤ میں کچھ تلخی محسوس ہوتی ہے لیکن کچے گھی سے اس کی تلخی دور ہوجاتی ہے۔ کمر کے درد کے واسطے بہت مفید ہے۔
مٹر بھرے پراٹھے
جنس اور وزن: مٹر چھلے ہوئے آدھا کلو، انار دانہ تین کھانے کے چمچے، تھوڑی دیر بھگو کر باریک پیس لیں، ہری مرچ چار عدد باریک کٹی ہوئی، ہرا دھنیا ایک گٹھی باریک کٹا ہوا، پیاز درمیانی ڈالی ایک عدد، آملیٹ کی طرح کٹی ہوئی، سویا ایک گٹھی باریک کٹا ہوا، لال مرچ کٹی ہوئی آدھا چائے کا چمچہ، نمک حسب ذائقہ، آٹا ایک کلو، گھی دو پیالی۔
ترکیب: سب سے پہلے مٹر ابال کر باریک پیس لیں پھر ایک دیگچی میں دو کھانے کے چمچے تیل ڈال کر سارا مصالحہ ہلائیں، اس میں مٹر ڈال کر تھوڑا سا بھونیں اور اتار کر ٹھنڈا کرلیں۔ آٹا، نمک ڈال کر گوندھ لیں۔ ایک پیڑا بنائیں اس کو ذرا سا پھیلا کر پسے ہوئے مٹر پر پھیلا کر رکھ دیں۔ دوسرا پیڑا اس کے برابر لیں اس کو بھی پھیلا کر اس کے اوپر رکھ دیں۔ کناروں کو اچھی طرح سے دبا کر بند کردیں، آہستہ آہستہ روٹی کی طرح بیل کر توے کے اوپر ڈال دیں۔ توا تیز آنچ پر گرم کریں، پراٹھا ڈالتے وقت آنچ ہلکی کردیں۔ جب روٹی کی طرح سک جائے تو لکڑی کے چمچے سے دونوں طرف گھی لگا کر ہلکا سا الٹ پلٹ کر اتار لیں اور اخبار پر رکھتے جائیں تاکہ گھی جذب ہوجائے۔
حلیم
اجزاء: کُٹے ہوئے گیہوں آدھا کلو، ڈیڑھ گھنٹے کے لیے بھگودیں، گوشت ڈیڑھ کلو، پیاز درمیانی ڈلی تین عدد، ادرک لہسن پسا ہوا دو کھانے کے چمچے، گرم مصالحہ پسا ہوا ایک چائے کا چمچہ، ہلدی آدھا کھانے کا چمچہ، لال مرچ پسی ہوئی دو چائے کے چمچے، پسا ہوا دھنیہ ڈیڑھ کھانے کا چمچہ، چنے کی دال ایک پیالی (ابال کر باریک پیس لیں)، میٹھا سوڈا چوتھائی چائے کا چمچہ، نمک حسب ذائقہ، گھی ڈیڑھ پیالی۔
حلیم کے اوپر ڈالنے والے مصالحے: پودینہ ایک گٹھی (پتے الگ کرکے باریک کاٹ لیں) ہرا دھنیا ایک گٹھی باریک کٹا ہوا، ہری مرچ چھ عدد باریک کٹی ہوئی، سفید زیرہ بھنا ہوا ایک کھانے کا چمچہ باریک پیس لیں، گرم مصالحہ پسا ہوا ایک کھانے کا چمچہ، ادرک درمیانی سائز کے ٹکڑے دو عدد لمبی لمبی کاٹ لیں، لیموں چار عدد چار چار ٹکڑے کرلیں، گھی دو پیالی
ترکیب: سب سے پہلے ایک دیگچی میں گوشت گھی اور مصالحے ڈال کر ہلکی آنچ پر چڑھا دیں، گیہوں کو ایک الگ دیگچی میں بہت سا پانی ڈال کر ابالنے رکھ دیں۔ تھوڑی تھوڑی دیر بعد چمچہ سے چلا تے رہیں، جب گیہوں میں لیس آنا شروع ہوجائے تو میٹھا سوڈا ڈال دیں۔ اس سے گیہوں اندر تک گل جائیں گے۔ جب گیہوں اندر تک گل جائیں تو گوشت میں ملا دیں۔ ہلکی آنچ میں پکنے دیں۔ جب دونوں چیزیں یک جان ہوجائیں تو پسی ہوئی دال میں دو پیالی پانی ڈال کر گوشت میں ملا دیں۔ اچھی طرح سے چلا کر توے پر دم پر رکھ دیں۔ حلیم کے اوپر تھوڑا ہرا مصالحہ، ادرک گرم مصالحہ بھی ڈال دیں، حلیم جتنی دیر بھی پکے گا اتنا ہی مزیدار ہوگا۔ ایک چھوٹی سی دیگچی میں گھی ڈال کر پیاز ڈال دیں، جب پیاز براؤن ہوجائے تو نکال کر اخبار پر پھیلادیں۔ جب حلیم کھانے کے لیے نکالنا ہو تو سارے مصالحے تلی ہوئی پیاز اور بہت تیز گرم گھی کے ساتھ اس میں ڈال دیں۔

مزید

حالیہ شمارے

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ ستمبر 2023

شمارہ پڑھیں

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ اگست 2023

شمارہ پڑھیں