ریفریجریٹر

افشین ظفر

گرمی کے برعکس خنکی یا ٹھنڈک سے متعلق تاثر عام ہے کہ یہ زندگی، صحت اور تحرک کی علامت ہے۔ یوں ہمارے اکثر مرد بیگمات کی نسبت ریفریجریٹر کو زیادہ مفید شمار کرتے ہیں۔ ایسا شاید اس لیے ہے کہ بیوی کی سرد مہری سے باہمی تعلق کے ذخیرے کی بہتر چیزیں سڑجاتی ہیں، جب کہ ریفریجریٹر کی ’’سردمہری‘‘ دیرپا تازگی (تعلقات کی نہیں) کی ضامن ہے۔

بہرکیف، بے شمار دیگر چیزوں کی طرح ریفریجریٹر بھی گھر کی بنیادی ضرورت بن چکا ہے۔ یہ اشیائے خوردونوش کی تازگی و غذائیت کو تادیر برقرار رکھنے کے ساتھ ساتھ باورچی خانے کی سجاوٹ کا کام بھی دیتا ہے۔ اس کی روز افزوں افادیت کے پیش نظر کچھ متعلقہ و مفید معلومات قارئین کی نذر کی جارہی ہیں اس یقین کے ساتھ کہ کام آئیں گی۔

٭… اگر آپ ریفریجریٹر خریدنے جارہے ہیں تو ’’پھرتی کے انتخاب‘‘ سے گریز کریں۔ یعنی اگر رنگ، ڈیزائن یا سیلز مین کا انداز آپ کو بھا گیا ہے تو فریج خریدنے کے لیے یہ بالکل ناکافی بنیاد ہے۔ خریداری کے لیے اولین نکتہ آپ کی گھریلو ضرورت ہے۔ اہلِ خانہ کی تعداد، کچن اور ریفریجریٹر کی گنجائش، ٹیکنالوجی مثلاً وہ ڈی فراسٹ ہو اور اس میں مختلف اشیائے خوردونوش کی ناپسندیدہ بو دور کرنے کے لیے ایبزاربر یا وینٹی لیٹر کی سہولت ہونی چاہیے، وغیرہ وغیرہ۔

٭… فریج کا بار بار کھلنا یا تادیر بند رہنا دونوں ٹھیک نہیں۔

٭… فریج کو ہموار اور سخت جگہ پر فکس کریں اور خیال رکھیں کہ جگہ بہت زیادہ پیک یا تنگ نہ ہو۔

٭… سوئچ، پاور کورڈ یا وائرنگ میں گڑبڑ کی صورت میں فریج بند رکھیں۔ بار بار فریج کی جگہ بدلنا بھی درست نہیں۔ علاوہ ازیں اگر اسے روزانہ صاف کرلیں تو کیا ہی بات ہے، تاہم یہ ممکن نہ ہو تو ہفتہ وار صفائی لازمی ہے۔

٭… فریج کی ٹمپریچر سیٹنگ درست رکھیں، بہت زیادہ تعداد میں اور زیادہ گرم چیزیں اسٹور کرنے سے گریز کریں۔

٭… بجلی کی موجودگی میں بھی اگر فریج کام نہیں کررہا ہے تو پہلے سوئچز اور وائرنگ چیک کریں، اگر ان میں خرابی نہ ہو تو سمجھ لیں کہ کمپریسر یا کیپسیٹر میں گڑبڑ ہے۔ علاوہ ازیں اگر ٹمپریچر سیٹنگ اور کمپریسر ٹھیک ہونے کے باوجود فریج کولنگ نہ کرے تو جان لیں کہ گیس لیک ہورہی ہے۔

٭… پکی ہوئی اور فریش اشیاء علاحدہ علاحدہ رکھیں۔ گھی، مکھی، پنیر یا اس قسم کی دیگر چکنی چیزوں کو پلاسٹک بیگ یا گریس پروف پیپر میں لپیٹ کر رکھیں۔ یہی احتیاط جو س یا دیگرمائع اشیاء میں بھی ملحوظ رکھا کریں، کیوں کہ اس طرح آپ مضر صحت جراثیم کا سدِ باب کرسکتے ہیں۔

٭… اشیاء کو اس طرح ترتیب دیں کہ فریج کی کولنگ ہر طرف بآسانی پہنچ سکے۔ کوشش کیجیے کہ تمام کمپارٹمنٹ مناسب انداز میں استعمال ہوں۔

٭… کھانے پینے کی اشیاء مہینوں فریج میں نہ رکھیں اس سے فوڈ پوائزننگ کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ اگر کوئی پرانی رکھی ہوئی غذا استعمال کررہے ہیں تو دھیان رکھیں کہ یا تو وہ بہت زیادہ ٹھنڈی نہ ہو یا پھر اسے بہت زیادہ گرم کرلیا جائے تاکہ فوڈ پوائزن کا احتمال نہ رہے۔

٭… بغیر پکی اشیاء مثلاً قیمہ، چکن اور مچھلی وغیرہ کو فریج میں احتیاط کے ساتھ انتہائی کولنگ والی جگہوں پر رکھنا چاہیے۔ مزید برآں اس قسم کی اشیاء کو کسی پلیٹ وغیرہ میں رکھا جائے۔

٭… پھلوں اور سبزیوں کو ایک ساتھ رکھنے میں کوئی مضائقہ نہیں ، کیوں کہ ان کی بو ایک دوسرے میں منتقل نہیں ہوتی۔

مزید

حالیہ شمارے

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ ستمبر 2023

شمارہ پڑھیں

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ اگست 2023

شمارہ پڑھیں