موسم کی تبدیلی کے ساتھ ہی لوگوں کی غذا میں بھی تبدیلی آجاتی ہے۔ اور اس سلسلے میں یہ بات بھی کہی گئی ہے کہ ’’وہی غذا بہتر اور اچھی ہے جو ہر موسم میں صحت کو بہتر بنانے میں معاون ہو۔‘‘
سردی بڑھنے کے ساتھ ساتھ کئی قسم کی بیماریاں بھی اپنے پیر پسار لیتی ہیں۔ اس لیے اگر آپ بھی کسی بیماری کا شکار ہیں تو اپنی غذا کا خاص خیال رکھیں۔ تاکہ سردیوں میں بھی صحت مند رہ سکیں۔
سردیوں کا موسم صحت کے اعتبار سے کافی خوشگوار اور فائدہ مند ہے۔ اطباء کے مطابق سردی کا موسم جسم کی حفاظتی قوت کو بڑھانے اور مضبوط کرنے کے لیے اچھا ہوتا ہے۔ سردی آتے ہی ہمارے جسم کا اچھی طرح سے کام کرنے کا طریقہ کافی کم ہوجاتا ہے۔ سردیوں میں بھوک زیادہ لگتی ہے اور ایسے حالات میں قدرتی طور پر ہماری خوراک بڑھ جاتی ہے۔ اس طرح یہ کھانے پینے کا موسم تو ضرور ہے لیکن کیا کھائیں؟ کیا نہ کھائیں یہ سوال اہم ہے۔ اگر کھانے پینے میں تھوڑا سا خیال رکھا جائے تو یہ موسمِ سرما صحت کے لیے ایک نعمت ثابت ہوسکتا ہے۔
کھائیں سنگھاڑے اور شکر قندی
ایسی غذائیں جن میں کاربو ہائیڈریٹس کی مقدار بہت زیادہ نہ ہو۔ سنگھاڑے اور شکر قندی سردیوں میں کافی مقدار میں مل جاتی ہیں، ان سے ہمیں اسٹارچ کے ساتھ ساتھ کیلشیم، فاسفورس، آئرن اور میگنیز بھی ملتا ہے، جو ہمارے جسم کے لیے از حد ضروری اشیا ہیں ان کو ابال کر چاٹ کی شکل میں استعمال کریں۔
فائبر ملا ہوا جوس لیں (بغیر چھنا ہوا)
سردیوںمیں بھی جوس فائدے مند ہوتا ہے لیکن جوس بنا چھانے پئیں۔ اس سے جسم کو فائبر بھی ملتا ہے۔ بازار میں ملنے والے پیک جوس سے نقصان بھی ہوتا ہے۔ چھان کر جوس پینے سے ایک تو اس میں فائبر بالکل نہیں رہتا، دوسرے اس میں کیلوریز بھی زیادہ ہوتی ہیں۔
جسم کی قوت مدافعت بڑھائیں
وٹامن ’سی‘ سے بھرپور سنترا، موسمی، امرود، آنولہ، لیمو وغیرہ اس موسم کے خاص تحفے ہیں۔ وٹامن ’سی‘ جسم کی قوت مدافعت کو بڑھاتا ہے اور جسم کو مضبوط و طاقت ور بناتا ہے۔ جسم کے اندرونی اعضا کو قوت پہنچاتا ہے اور سردیوں کی عام پریشانیوں زکام، کھانسی سے بچاؤ کرتا ہے۔
ہری سبزیوں کا استعمال بڑھائیں
پالک، سرسوں، بتھوا، گاجر، شلجم وغیرہ ہری موسمی سبزیوں کا استعمال زیادہ کریں۔ بے موسمی سبزیوں کا استعمال نہ کریں، کیونکہ یہ کیمیکل سے تیار کی جاتی ہیں، جو کہ صحت کو نقصان پہنچاتی ہیں۔ ہری سبزیوں میں وٹامن کی مقدار کافی ہوتی ہے۔
Junk Food سے دور رہیں
جنک فوڈ سے دور رہنا چاہیے۔ Pizza, Noodles, Berger اور زیادہ میدے والی غذاؤں میں کیلوری اور چربی زیادہ ہوتی ہے۔ جس سے زیادہ تر لوگوں کے جسموں کا وزن بڑھ جاتا ہے۔ انہیں ہضم کرنا مشکل ہوتا ہے۔
تلی غذاؤں سے پرہیز کریں
سردیوں میں لوگ اکثر تلے ہوئے اور چٹپٹے کھانوں کو ترجیح دیتے ہیں۔ ایسی غذاؤں کا زیادہ استعمال صحت کو نقصان پہنچاتا ہے۔ ان سے جسم میں کیلوریز اور چربی کی مقدار بڑھ جاتی ہے، جو دل کی نلیوں میں رکاوٹ پیدا کرتی ہے۔ ایسی غذاؤں سے بدہضمی اور قبض کی پریشانی بھی زیادہ رہتی ہے۔ موٹاپا بھی بڑھ جاتا ہے۔
گرم اشیا سے راحت پائیں
سردیوں میں گرم سیال چیزوں کی ہم زیادہ ضرورت محسوس کرتے ہیں۔ جیسے گرم سوپ، گن گنا پانی، کافی، چائے وغیرہ کا زیادہ استعمال کریں۔
ان سے راحت ملتی ہے۔ استھما کے مریضوں کی تکلیف زیادہ بڑھ جاتی ہے۔ انہیں تلی ہوئی چیزیں کھانے سے پرہیز کرنا چاہیے۔ تلی ہوئی چیزیں کھانے سے دمے کے مریضوں کی تکلیف اور بڑھ جاتی ہے۔
——