سونف

ڈی کے دانش

سونف، فارسی میں بادیان اور انگریزی میں فینل فروٹ کہلاتی ہے اور ہمارے ہاں بکثرت استعمال ہوتی ہے۔ اسے منہ کو خوشبودار بنانے کے علاوہ کھانے پینے کی مختلف اشیا مثلاً اچار، میٹھی ٹکیوں اور ٹھنڈائی یا سردائی وغیرہ میں بھی شامل کیا جاتا ہے۔ یہ پان سپاری سے بھی بہتر اور مفید ثابت ہوتی ہے۔

سونف ہاضم اور کاسر ریاح ہے۔ پیٹ بھاری ہو تو اسے چبا کر نگلنے سے کھانا آسانی سے ہضم ہوجاتا ہے اور پیٹ کی گرانی دور ہوجاتی ہے۔ اسے ہاضم سفوف یا چورنوں میں اسی لیے شامل کرتے ہیں۔

چھ گرام سونف کو پانی میں جوش دے کر پلانے سے بچوں کے پیٹ کی ریاح اور بدہضمی دور ہوجاتی ہے۔ اسی لیے اسے بھی سویا کی طرح مشہور زمانہ گرائپ واٹر کی تیاری میں شامل کرتے ہیں۔

سونف اور دھنیے کو ہم وزن لے کر کوٹ چھان کر سفوف بنائیں۔ پھر دونوں کے برابر چینی ملالیں۔ کھانا کھانے کے بعد نو نو گرام یہ سفوف کھانے سے طبیعت کا بھاری پن دور ہوجاتا ہے۔ ہاتھ یا پیر جلتے ہوں تو اس کے استعمال سے فائدہ ہوتا ہے۔ صبح صرف سونف کا سفوف روزانہ کھانے سے معدہ قوی ہوجاتا ہے۔

طبِ ہندی (آیورویدک) کے ماہرین سونف کے ’’گھریتا‘‘ کو بینائی اور دماغ کی تقویت کے لیے بے حد مفید قرار دیتے ہیں۔ جس کی ترکیب یہ ہے کہ گائے کے دودھ سے تیار کردہ اصلی گھی میں تازہ سونف کا ہم وزن رس یا جوشاندہ شامل کرکے ہلکی آنچ پر پکاتے ہیں۔ اس کے ختم ہونے پر جو گھی بچتا ہے وہی گھریتا کہلاتا ہے۔ اس گھی میں شامل حیاتین الفؔ اور دؔ کے ساتھ سونف کے شفائی اثرات اسے زیادہ مفید بنادیتے ہیں۔ اس گھی کو ۱۲؍گرام کی مقدار میں تازہ گرم دودھ میں شامل کرکے پینے سے آنکھوں، دماغ اور جسم کو تقویت حاصل ہوتی ہے۔

سونف کا صدیوں کا آزمایا ہوا یہ نسخہ بھی بے حد مفید ہے۔ ’’نئی سونف ۲۵۰؍گرام صاف کرکے شیشے یا چینی کے برتن میں ڈالیں اور اس پر تازہ گاجروں کا رس ۲۵۰ گرام ڈال کر صاف کپڑے سے ڈھک دیں۔ یہ رس سوکھ جائے تو پھر اتنا ہی رس ڈال کر خشک کریں۔ یہ عمل کم از کم تین بار اور زیادہ سے زیادہ سات مرتبہ کریں۔ اس خشک سونف کے ہم وزن مصری یا چینی ملاکر احتیاط سے رکھیں اور روزانہ سوتے وقت ۱۲؍گرام یہ سونف اچھی طرح چباکر کھالیں، اوپر سے دودھ پی لیں۔

اسی طرح سونف ۱۰۰؍گرام، میٹھے بادام کی گری ۵۰ گرام، کالی مرچ ۲۵ گرام اور مصری ۱۰۰ گرام کو پیس کریہ سفوف دودھ کے ساتھ کھانے سے دماغ اور آنکھوں کی قوت میں حیرت انگیز اضافہ ہوجاتا ہے۔

۲۵۰؍گرام نئی سونف صاف کرکے اس میں میٹھے تازہ بادام ۱۲۵؍گرام کالی مرچ ۵۰؍گرام اور اسی مقدار میں چینی شامل کرکے گرائنڈر میں پیس کر رکھ لیں۔ روزانہ صبح ۲؍چائے کے چمچے یہ سفوف کھا کر اوپر سے دودھ پی لیں۔ اسی طرح سوتے وقت استعمال کریں۔ تقویتِ دماغ اور نظر کا یہ ایک آزمودہ نسخہ ہے۔ اس سے آنکھ کی کئی تکالیف بھی دور ہوجاتی ہیں۔

خالص سرمہ ۵۰ گرام لے کر اسے ایک ہفتے تک ہری سونف کے پتوں وغیرہ کے رس میں کھرل کریں۔ خشک ہونے پر چھان کر رکھیں اور صبح و شام سلائی سے آنکھوں میں لگائیں۔ آنکھوں کی کمزوری کے لیے یہ سرمہ بہت مفید ہے۔

سونف کے علاوہ اس کی جڑ بھی بہت مفید ہوتی ہے۔ طبی ماہرین سونف اور اس کی جڑ کو معدے، جگر اور گردوں کے عوارض کے علاوہ دیگر کئی تکالیف کے لیے مختلف طریقوں سے استعمال کرتے رہے ہیں۔

سونف کو اصلی گھی میں بھون پیس کر اس میں شکر شامل کرلیں۔ صبح و شام نو، نو گرام اسے کھانے سے دست آنارک جائیں گے۔ اگر اس کے ساتھ بیل گری بھی ہم وزن ملا لی جائے تو دست روکنے کی ایک بڑی قوی اور زود اثر دوا بن جاتی ہے۔

٭ ۶؍گرام سونف، ۷؍عدد مغز بادام اور الائچی ۳؍عدد کو آدھا کلو پانی میں پیس کر مصری شامل کرکے کپڑے میں چھان لیں۔ یہ شربت دماغی کمزوری ، آنکھوں کے گرد اندھیرا چھانے اور دماغ میں گرمی کے عوارض میں پلائیں۔ ۱۲۰؍ گرام سونف اور ۱۲۰؍گرام مصری ہم وزن لے کر باریک پیس لیں اور اس میں سے ۳۶؍گرام سونف رات کو سونے سے پہلے دودھ یا سادے پانی میں ملاکر پئیں۔ ہر قسم کے سر درد کے ازالہ اور مقوی دماغ کے لیے آزمودہ نسخہ ہے۔

٭ ۱۲؍گرام سونف کو آدھا کلو پانی میں ہلکی آنچ پر جوش دیں، جب پانی کی مقدار آدھی رہ جائے تو اتار لیں اور ٹھنڈا ہونے پر چھان لیں۔ ۱۲؍گرام پانی میں چینی ملا کر صبح و شام پئیں۔ پرانے سر درد اور ہر قسم کے سر درد کے لیے مفید ہے۔

٭ سر چکرانے کے لیے سونف ۱۲۰؍گرام، مصری ۶۰؍گرام، خوب باریک پیس کر سفوف بنالیں، اسے کسی صاف شیشے کے برتن میں محفوظ کرلیں۔ اب یہ سفوف ۹؍گرام کی مقدار میں صبح و شام گرم دودھ کے ساتھ پئیں۔

مزید

حالیہ شمارے

ماہنامہ حجاب اسلامی ستمبر 2024

شمارہ پڑھیں

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ ستمبر 2023

شمارہ پڑھیں