سونٹھ ہے کیا؟
سونٹھ کی گانٹھیں قدرے موٹی اور شاخ در شاخ ہوتی ہیں اور رنگت بالعموم زردی مائل خاکی۔ بیرونی سطح پر جھریاں یا نباتی ریشے صاف نظر آتے ہیں۔ اس کی سوکھی گرہ آسانی سے ٹوٹ جاتی ہے۔ معیاری اور عمدہ سونٹھ کی خوشبو خوشگوار اور ذائقہ چریرا ہوتا ہے۔
سونٹھ کی تجارتی اقسام
ہندی یعنی کوچینی سونٹھ، افریقی، جاپانی اور جمیکا کی سونٹھ۔ گو اطبا ہر قسم کی سونٹھ کو قابلِ اعتبار سمجھتے ہیں مگر جمیکا کی سونٹھ مستند سمجھی جاتی ہے۔ ایسی سونٹھ جس کی گرہوں کا بیرونی چھلکا کھرچ کر اسے دھوپ میں سکھا لیا گیا ہو، ان کے نزدیک مفید ہے۔
خالص سونٹھ کی پہچان: اگر اس کا سفوف جلایا جائے، تو راکھ چھ فیصد سے زائد نہیں ہونی چاہیے۔
افعال و خواص
یہ مقوی قلب، بھوک بڑھانے والی اور ہاضمے میں مددگار ہے۔ بلغم اور گھٹنوں کا درد رفع کرتی ہے۔ قے، دمے، قولنج، کھانسی، امراضِ قلب، فیل پا، بواسیر، نفخ، امراضِ شکم اور امراضِ ریح میں مفید ہے۔
سونٹھ چکنی، گرم مزاج اور ذائقے میں چریری ہوتی ہے۔ آوازصاف کرتی ہے اور خاصی حد تک ملین بھی ہے۔ ہاضمے، حافظے اور معدے کو قوت بخشتی ہے۔
بلغمی مزاج افراد کے لیے مفید اور قوت بخش غذا ہے۔ مروڑ پیدا کرنے والی ادویہ کے ساتھ شامل کی جائے، تو ان کی خامیاں دور کرتی ہے۔ ضعفِ معدہ، نسیان، ضعفِ باہ اور سیلان الرحم کے علاج میں مستعمل ہے۔
نقصانات
چونکہ سونٹھ کا مزاج گرم ہے لہٰذا گرم مزاج رکھنے والے افراد کو فائدے کے بجائے نقصان پہنچاتی ہے۔ حلق کے لیے مضر ہے۔
گھریلو استعمال
سونٹھ برصغیر پاک و ہند کی مشہور ادویہ میں سے ایک اور بطورِ مسالہ بکثرت مستعمل ہے۔ یہی وجہ ہے کہ بیشتر باورچی خانوں کا لازمی جزو ہوتی ہے۔ کیک، بسکٹ وغیرہ میں اس کی شمولیت سے نہ صرف خوشبو اور لذت آتی ہے بلکہ وہ غذا کو ہاضم بھی بنادیتی ہے۔
امراض کا علاج
قبض: دارچینی، سونٹھ اور زیرہ، تینوں ہم وزن لے کر پیس لیں۔ کھانا کھانے کے فوراً بعد آدھا چمچ چورن استعمال کریں۔
ملیریا بخار: نیازبو کے 15 عدد پتے، سیاہ مرچ 10 عدد اور چینی 2 چمچ، تینوں ایک پیالی پانی میں جوش دے کر جوشاندہ بنالیں۔ اس جوشاندے کی تین خوراکیں بناکر صبح، دوپہر اور شام استعمال کریں، افاقہ ہوگا۔
نزلہ زکام: سونٹھ، پیپل، کالی مرچ ہم وزن لے کر کوٹ لیں۔ اس میں سے ایک چٹکی شہد ملا کر چاٹیے۔
کھانسی: سونٹھ کا سفوف آدھا چمچ اور ایک الائچی کلاں کے دانے، دونوں پیس کر چورن بنالیں اور شہد کے ساتھ استعمال کریں۔
دمہ: ملیٹھی، سونٹھ اور گری، تینوں ہم وزن ایک پیالی پانی میں ابال لیں۔ شکر ڈال کر میٹھا کریں اور صبح و شام پیجئے۔
بے خوابی: سونٹھ کا جوشاندہ پینے سے اچھی اور پرسکون نیند آتی ہے۔
گٹھیا (جوڑوں کا درد): سونٹھ 25 گرام، سیاہ مرچ 10 گرام، لونگ 10 گرام، ثابت دھنیا 10 گرام اور اجوائن 10 گرام، یہ ساری اشیا پیس کر چورن بنالیں۔ اس میں سوندھا نمک 5 گرام ملائیں اور تین تین گرام چورن صبح شام نیم گرم پانی کے ساتھ استعمال کریں۔
کمر درد: سونٹھ کا سفوف آدھا چمچ صبح اور آدھا چمچ شام دودھ میں ڈال کر پیجئے۔
گھٹنے کا درد: سونٹھ 10 گرام، اجوائن 10 گرام کو 200 گرام کھانے کے تیل میں پکائیے۔ جب سونٹھ اور اجوائن سرخ ہوجائیں، تو چولہے سے اتار کر ٹھنڈا کرلیں۔ صبح شام اس نیم گرم تیل کی مالش کیجیے۔ درد والی جگہ کو گرم رکھئے۔