سیرت نبوی کا پیغام

مسعودہ عبدالمجید ڈانڈیکر

حضرت محمد مصطفی ﷺ کی سیرتِ پاک اور آپ کی زندگی کا نمونہ تمام انسانوں کے لیے مشعل راہ اور انسانیت کے تمام مسائل کا حل ہونے کے ساتھ ساتھ کامیابی کا ضامن بھی ہے۔

اگر موجودہ وقت کی انسانیت پر نظر ڈالیں تو پتہ چلتا ہے کہ آج ساری انسانیت عالمی سطح پر بے شمار پیچیدہ مسائل میں گھری ہوئی ہے، دہشت گردی نے آج پوری دنیا سے امن کا خاتمہ کردیا ہے اور نتیجتاً انسانی زندگیوں سے چین و سکون غارت ہوگیا ہے۔ ہر کوئی اس صورت حال سے پریشان اور متاثر نظر آتا ہے۔ ایشیا کے ترقی پذیر ممالک سے لے کر سپر پاور امریکہ تک دنیا کا کوئی خطہ ایسا نظر نہیں آتا جہاں امن و امان اور شہریوں کے لیے تحفظ کی کیفیت ہو۔ کسی بھی ملک کے باشندے اپنے ہاں کے حالات اور ماحول سے نہ خوش ہیں اور نہ مطمئن۔ علاقائی جنگوں نے پوری دنیا کے مستقبل کو غیر یقینی بناکر خطرات کے گھیرے میں پہنچا دیا ہے اور ان کی وجہ سے بے شمار بے گناہ جانیں قربان ہورہی ہیں۔ کروڑوں لوگ بے گھر ہوکر پناہ گزینوں کی زندگی گزارنے پر مجبور ہورہے ہیں۔ رنگ و نسل کا امتیاز معاشی جبرو استحصال امیر و غریب ممالک کے درمیان عدم مساوات، عدم تعاون، بے روزگاری، جہالت، غریبی، بیماری ، آوارہ گردی اور منشیات کا حد سے بڑھتا ہوا رجحان وہ مسائل ہیں جنھوں نے معاشرتی اعتبار سے دنیا کے نظام کو کھوکھلا کردیا ہے۔ عورتوں کے ساتھ نا انصافی ہورہی ہے، ترقی اور آزادی کا لالچ دے کر ان کا استحصال ہورہا ہے۔ جنسی بے لگامی، فحاشی، بے حیائی، عریانیت اور بے قید آزادی سے ماحول پراگندہ ہورہا ہے۔ ماحولیاتی مسائل نے پوری دنیا کے صحت مند وجود کو بڑے بڑے چیلنج پیش کردیے ہیں اور دنیا کے دانشوران مستقبل کا تصور کرکے پریشان ہوجاتے ہیں۔ اور یہ کیفیت ہے کہ :

ظَہَرَ الْفَسَادُ فِی الْبَرِّ وَالْبَحْرِ بِمَا کَسَبَتْ اَیْدِی النَّاسِ۔

’’لوگوں کی بداعمالیوں کے سبب خشکی و تری پر فساد برپا ہوگیا ہے۔‘‘

چودہ سو سال پہلے جب اللہ تعالیٰ نے حضور نبی کریم کو مبعوث فرمایا اس وقت کے معاشرہ کی صورت حال بھی یہی تھی جو مذکورہ آیت میں بیان ہوئی ہے۔ مگر آپ کے پیغام اور آپ کے احباب کی جدوجہد نے دیکھتے ہی دیکھتے دنیا کا نقشہ بدل ڈالا۔ آج کے امریکہ کی طرح اس وقت کی سپر طاقتیں جنھوں نے کمزور انسانیت پر ظلم و جبر کی انتہا کررکھی تھی ان کے قدموں میں گرگئیں اور دنیا سے ظلم و جبر اور نا انصافیوں کا خاتمہ ہوگیا۔

سماجی اور معاشرتی اعتبار سے ایک انقلاب برپا ہوگیا۔ شراب آج بھی عام ہے اور اس وقت بھی عام تھی مگر قرآن کے ایک ہی حکم امتناعی نے لبوں سے لگے جامو ںکو تڑوادیا اور گھروں میں رکھے شراب کے مٹکے نالوں میںالٹ دیے گئے۔ زندہ درگور کردی جانے والی بیٹی جنت کی ضمانت بن گئی اور غلاموں سے زیادہ مجبور ’’عورت‘‘ کو مرتبہ عظیم مل گیا۔ اور یہ سب ممکن ہو اللہ کے رسول اللہ ﷺ کے انقلابی پیغام اور مثالی زندگی کے ذریعہ۔ اللہ تعالیٰ فرماتا ہے:

لقد کان لکم فی رسول اللہ اسوۃ حسنۃ۔

’’تمہارے لیے رسول ﷺ کی زندگی بہترین نمونہ ہے۔‘‘

یعنی رسول ﷺ کی سیرتِ پاک کی پیروی ہی میں دنیا کے تمام مسائل کا حل اور کامیابی کا راز پوشیدہ ہے۔ اللہ پاک نے اپنے رسولؐ کی زندگی کو ہر معاملے میں نمونہ بنانے کا حکم دیا ہے اور تاکید کی ہے کہ رسولؐ کی اطاعت ہی کامیابی کی ضامن ہے۔

اور یہی وہ نکتہ ہے جو اللہ کے رسول ﷺ کی سیرت اور آپ کے پیغام قرآنی کو موجودہ حالات اور تقاضوں سے ہم آہنگ کرتا اور اس بات کا تقاضہ کرتا ہے کہ آپ کی زندگی اور آپ کے پیغام کو اپنایا جانا آج بھی ضروری ہے کیونکہ دنیا میں تاریکی آج بھی اسی طرح ہے جس طرح چودہ سو سال پہلے تھی۔ البتہ اس کی شکلیں تبدیل ہوگئی ہیں۔

مزید

حالیہ شمارے

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ ستمبر 2023

شمارہ پڑھیں

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ اگست 2023

شمارہ پڑھیں