شامی کباب

رفعت جہاں صابری

پہلی ترکیب

جنس اور وزن:گوشت کا باریک روکھا قیمہ آدھ سیر۔ سرکہ ایک تولہ، ادرک دو تولہ، پیاز آدھ پاؤ، رائی چھ ماشہ، سیاہ مرچ چھ ماشہ، بادام ایک چھٹانک، گھی ایک چھٹانک، زعفران نصف ماشہ، دہی ایک چھٹانک، انڈے تین عدد، نمک ذائقہ کے مطابق۔

ترکیب: اول پیاز کے باریک لچھے کاٹ کر گھی میں تل لیں۔ جب ہلکی سرخ ہوجائے تو باہر نکال لیں، رائی، ادرک، سیاہ مرچ اور نمک کو سرکے میں پیس کر ملالیں۔ پانی بالکل نہ ڈالیں۔ پھر مسالہ قیمہ میں ڈال کر چولہے میں رکھ دیں۔

اتنا پانی ڈالیں کہ اس میں جذب ہوجائے۔جب ابل جائے تو دہی ڈال کر باریک پیس لیں اور ٹکیاں بنالیں۔ پھر ان پر بسکٹ یا ڈبل روٹی باریک پیس کر چھڑک دیں اور فرائی پان میں تل لیں۔ بہت مزیدار ہوتی ہیں۔

دوسری ترکیب

جنس اور وزن:قیمہ آدھ سیر، پیاز ایک پاؤ، سرخ مرچ ڈیڑھ تولہ، دھنیا خشک ایک تولہ۔ نمک حسب ذائقہ ایک چھٹانک، چنے کی دال بریاں، لہسن ایک گرہ، زیرہ سیاہ نصف تولہ۔

ترکیب: قیمہ کو دھوکر پاؤ ڈیڑھ پاؤ پانی میں ڈال کر مسالہ اور گرم مسالہ پیس کر ڈال دیں اور چولہے پر چڑھا دیں جب پانی خشک ہوجائے تو چمچے سے تھوڑی دیر ہلاکر اتارلیں۔ اب چنے کی دال اور گوشت کو سل پر خوب باریک پیس لیں اور ایک طباق میں رکھ کر ٹکیاں بنا بنا کر ہرا مسالہ، سبزدھنیا مرچیں اور ادرک، ان میں بھر لیں، اس کے بعد گھی یا تیل میں تل لیں۔ جب دونوں طرف سے سرخ ہوجائیں تو اتارلیں۔

آلو کے قیمہ بھرے کباب:

جنس اور وزن:قیمہ باریک ایک پاؤ، بڑے اور سفید آلو آدھ سیر، بھنا ہوا بیسن تین تولہ

ترکیب: پہلے گھی میں آدھی پیاز کے لچھے کتر کر سرخ کرکے نکال لیں۔ پھر لہسن کے چار جوے، پیاز کی آدھی گنٹھی، کالی مرچ، لونگ، الائچی خورد ایک ماشہ، زیرہ بھنا ہوا ایک ماشہ، دھنیا بھنا ہوا دو تولہ، ادرک ایک گرہ، نمک حسب ضرورت، ایک جگہ پیس لیں اور قیمہ کو گھی میں بھونیں اس کے بعد مسالہ ڈال کر بھونیں۔ پھر تھوڑا پانی ڈال کر پکائیں کہ قیمہ خوب گل جائے لیکن پانی قیمہ میں باقی نہ رہنا چاہیے اب اسے چولہے سے اتار کر ہرا دھنیا یا پودینہ تھوڑی سی ادرک اور ہری مرچ باریک کاٹ کر ملادیں اور اس مرکب کو الگ رکھ لیں۔اسی میں پیاز کے تلے ہوئے لچھے بھی پیس کر بلادیجئے۔ اب آلوؤں کو جوش دے کر ابال لیجیے، پھر انہیں چھیل کر ہاتھوں سے اچھی طرح مل کر بھرتے کی طرح بنالیں اس کے بعد بیسن اس میں ملا کر ٹکیاں بنالیں۔ اور قیمہ کو ان میں تھوڑا تھوڑا بھردیں اور فرائی پان میں ذرا ذرا سا گھی ڈال کردو۔ دو چار ٹکیاں ہلکی آنچ پر پکاتے جائیں جب سرخ ہوجائیں تو نکال لیں۔

دہی کے کباب

جنس اور وزن:میٹھا دہی ایک سیر، تال مکھانا ایک پاؤ، پیاز، نمک مرچ وغیرہ حسب ذائقہ۔

ترکیب: دہی کو کسی کپڑے میں باندھ کر لٹکا دیں تاکہ اس کا پانی ٹپک ٹپک کر نکل جائے۔ اس کے بعد مکھانے خوب باریک پیس کر دہی میں ملادیں۔ پھر سب مسالے پیس کر اس دہی میں ملادیں اور لوہے کی سیخوں پر سیخ کے کبابوں کی طرح چڑھادیں اور دھیمی دھیمی آنچ پر پکائیں۔ نہایت لذیذ ہوتے ہیں۔

انڈے کے کباب

انڈوں کی سفیدی اور زردی کو الگ الگ کرکے خوب حل کرلیں پھر نمک، مرچ، پیاز، (تلی ہوئی) اور پودینہ ایک ساتھ پیس کر زردی اور سفیدی کو ایک جگہ ملا کر حل کردیں۔ پھر ایک مرکب کو انڈوں کے خالی چھلکوں میں بھر کر منہ کو آٹے سے بند کردیا جائے اور پانی میں ابال لیا جائے اس کے بعد چھلکا صاف کرکے گھی میں تل لیں۔

مزید

حالیہ شمارے

ماہنامہ حجاب اسلامی ستمبر 2024

شمارہ پڑھیں

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ ستمبر 2023

شمارہ پڑھیں

درج بالا کیو آر کوڈ کو کسی بھی یو پی آئی ایپ سے اسکین کرکے حجاب اسلامی کو عطیہ دیجیے۔ رسید حاصل کرنے کے لیے، ادائیگی کے بعد پیمنٹ کا اسکرین شاٹ نیچے دیے گئے  وہاٹس ایپ پر بھیجیے۔ خریدار حضرات بھی اسی طریقے کا استعمال کرتے ہوئے سالانہ زرِ تعاون مبلغ 600 روپے ادا کرسکتے ہیں۔ اس صورت میں پیمنٹ کا اسکرین شاٹ اور اپنا پورا پتہ انگریزی میں لکھ کر بذریعہ وہاٹس ایپ ہمیں بھیجیے۔

Whatsapp: 9810957146