صحت مند ناخن اور خوبصورت ہاتھ

فوزیہ سلطان

ہاتھ آپ کی شخصیت کی دلکشی میں نہایت اہمیت رکھتے ہیں۔ روز مرہ زندگی میں ہاتھوں کی اہمیت کو کسی بھی طرح نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔ اللہ تعالیٰ نے انسانی ہاتھوں کی بناوٹ جہاں بھر میں بسنے والے جانوروں کے پنجوں سے مختلف بنائی ہے۔ انسان کے علاوہ دنیا کا ہر جاندار اپنے پنجوں سے صرف گرفت کا کام لیتا ہے جب کہ انسان ہاتھوں کی گرفت سے مصافحہ کرتے ہوئے دوسرے انسان کے دل پر گرفت حاصل کرلیتا ہے اور اس کا بہترین درس ہمیں اپنے مذہبِ اسلام سے ملتا ہے۔ اسی فعل سے معاشرے میں بھائی چارے کو فروغ حاصل ہوتا ہے اور لوگ ایک دوسرے کے قریب ہوتے چلے جاتے ہیں۔
ہاتھوں کی اہمیت کے پیش نظر خواتین بالخصوص ہاتھوں کی سجاوٹ اور خوب صورتی پر خصوصی دیتی ہیں۔ فیس میک اپ خواہ کتنا ہی سلیقے سے کیا گیا ہو اگر ہاتھوں کو نظر انداز کردیا جائے تو ساری شخصیت بے معنی ہوکر رہ جاتی ہے۔ ہاتھوں کی خوبصورتی میں ہاتھوں کی ساخت اور جلد کے بعد جو چیز نمایاں ہوتی ہے وہ آپ کے ناخن ہیں۔
ناخن کترنا
بعض خواتین میں یہ نفسیاتی مسئلہ ہوتا ہے کہ وہ غصے یا ٹینشن کی حالت میں ہوں یا ویسے ہی عادتاً دانتوں سے ناخنوں کو کترتی رہتی ہیں جس کی وجہ سے ان کے ہاتھ کبھی بھی خوب صورت معلوم نہیں ہوتے۔ اگرآپ تھوڑی سی مضبوط قوتِ ارادری سے کام لیں تو اپنی اس بری عادت سے چھٹکارا حاصل کرسکتی ہیں اور آپ کے ناخن بھی دوسروں کی طرح خوب صورت اور پرکشش نظر آسکتے ہیں۔
آپ اپنے ذہن میں بار بار یہ دوہرائیں کہ آپ نے ناخن کترنا چھوڑ دیے ہیں۔ اگر آپ ایسا کرنے میں کامیاب ہوگئیں تو ہمیں یقین ہے کہ آپ ناخن کترنے کی بری عادت سے نجات پالیں گی۔
ناخنوں کے بڑھنے کے رفتار
ہاتھوں کے ناخن پاؤں کے ناخنوں کے مقابلے میں تیزی سے بڑھتے ہیں اور یہ ایک ہفتے میں ایک ملی میٹر تک بڑھ جاتے ہیں۔ ایک نئے ناخن کی تشکیل میں عموماً پانچ ماہ لگ جاتے ہیں۔
ناخنوں کی تراش
آج کل مصنوعی ناخنوں کے بجائے قدرتی ناخنوں پر زیادہ توجہ دی جارہی ہے اور چھوٹے ناخن رکھنے کا فیشن زور پکڑ رہا ہے۔ اسلام کا حکم اور فطری طریقہ بھی یہی ہے۔ اگر آپ کے ناخن خراب ہیں اور آپ انھیں نمایاں کرنے میں احساسِ کمتری محسوس کرتی ہیں تو تھوڑی سی توجہ کے بعد آپ مجوزہ خامیوں پر قابو پاسکتی ہیں۔ اگرناخنوں کی مناسب تراش خراش کی جائے تو بے حد بھلی لگتی ہے۔ اپنے ناخنوں کو کپڑے کے پیڈ سے رگڑا کریں تاکہ ان کی قدرتی چمک دمک اور رنگت اجاگر ہوسکے۔ اس عمل کو پف کرنا کہتے ہیں۔ پف کرنے سے ناخن کے نیچے موجود خون کی گردش میں تیزی آجاتی ہے، اس سے ناخن صحت مند اور شفاف نظر آئیں گے۔ یاد رکھیں پف ہمیشہ ہلکے انداز میں کریں، اگر پف کرتے وقت جلن کا احساس ہو تو اس کا صاف مطلب ہے کہ آپ گہرے انداز میں پف کررہی ہیں۔ ایسا کرنے کی صورت میں آپ کے ناخن ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوسکتے ہیں۔ اپنے ہاتھوں اور ناخنوں پر زیتون کا تیل یا ہینڈ کریم اچھی طرح ملیں۔ ہاتھوں پر دستانے چڑھائیں اور سوجائیں۔ اگرچہ یہ بڑا عجیب سا عمل ہے کہ رات بھر دستانے ہاتھوں پر رہیں، لیکن بہت جلد آپ اس کی افادیت سے آگاہ ہوجائیں گی۔ اس کے علاوہ مہندی ایک قدرتی ٹانک ہے۔ ناخنوں پر مہندی لگانے سے ان کی چمک دمک اور صحت بھی باقی رہتی ہے اور یہ ناخن پالش کا بہترین متبادل بھی ہے جس کا کوئی مضر اثر نہیں۔
——

مزید

حالیہ شمارے

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ ستمبر 2023

شمارہ پڑھیں

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ اگست 2023

شمارہ پڑھیں