گھر کی چیزوں میں بہت سی ایسی چیزیں ہوتی ہیں جن کی خاص صفائی پر بعض خواتین توجہ نہیں دیتیں اور پھر کثرتِ استعمال سے ان کی رنگت بھی بدل جاتی ہے اور میل بھی جم جاتا ہے۔ ذیل میں ہم گھر کے استعمال کی اشیاء کی صفائی کے سلسلے کی کچھ خاص باتیں پیش کرتے ہیں:
پتیل کے برتن صاف رکھنا
٭پتیل کے برتن یا گلدان صاف کرنے کے لیے کھٹا سنترہ یا لیموںکاٹ کر ملنے سے ان پر جمی میل اتر جائے گی اور وہ پھر سے چمکنے لگیں گے۔
٭تھوڑی سی املی پانی میں بھگو کر اچھی طرح مل لیں، کچھ دیر بعد اس پانی سے پیتل کے برتن دھوئیں تو وہ چمک اٹھیں گے۔
المونیم کے برتن صاف کرنا
٭لیموں کے رس میں کپڑا بھگو کر المونیم کے برتن کو صاف کریں اور پانی سے دھو ڈالیں تو وہ چمکدرا ہوجائیں گے۔
٭المونیم کے برتن سے جلی ہوئی چیزیں اتارنے کے لیے پیاز کاٹ کر برتن میں ڈالیں اور پانی ملا کر ابال لیں، برتن صاف ہوجائے گا۔
٭المونیم کے برتنوں کو دھان کا کھردرا اور سوکھا بھوسا لے کر صاف کرنے کے بعد صابن اور پانی سے اچھی طرح دھولیں تو برتن صاف اور چمکدار ہوجائیں گے۔
تانبے کے برتنوں کی صفائی
٭نمک کے پانی میں سرکہ ملا کر تانبے کے برتن صاف کرنے سے ان کا میل دور ہوجائے گا۔
٭پانی میں کپڑے دھونے کا سوڈا ڈال کر ابال لیں اور پھر اس سے تانبے کے برتن دھوئیں تو وہ صاف ستھرے ہوجائیں گے۔
٭سرکے میں کپڑے دھونے کا سوڈا اور چونا ملا کر بھی تانبے اور جست کے برتن صاف کیے جاسکتے ہیں۔
٭برتنوں سے دھوئیں کے داغ دور کرنے کے لیے انھیں گیلے کپڑے اور نمک سے رگڑیں۔
شیشے اور چینی کے برتن چمک دار بنانا
٭ شیشے کے برتنوں کو لیموں کا عرق یا نمک اور سرکے سے دھونے سے برتن چمکدار ہوجائیں گے۔
٭ شیشے اور چینی کے برتن صرف نمک یا سرکہ کے ساتھ دھونے سے بھی صاف ہوجاتے ہیں۔
اسٹینلیس اسٹیل کے برتن چمکدار بنانا
٭ نرم کپڑا بیکنگ پاؤڈر میں نم کرکے برتنوں پر ملیں تو وہ صاف ہوجائیں گے۔
اوون کے برتن سے داغ اتارنا
٭ دو بڑے چمچے بورک وم میں ملالیں۔ پھر تھوڑے سے پانی میں گھول لیں۔ یہ آمیزہ کپڑے سے برتن پر لگائیں۔ آدھے گھنٹے بعد کپڑے پر وم لگا کر اچھی طرح دھولیں، برتن کے داغ صاف ہوجائیں گے۔
٭ اوون کے برتن سے داغ اتارنے کے لیے نمک اور سرکہ لگائیں تو داغ کم ہوجائیں گے۔ بار بار ایسا کرنے سے داغوں کی مکمل صفائی ہوجائے گی۔
پلاسٹک کے برتن صاف کرنا
٭ گرم پانی میں تھوڑا سا نمک اور کپڑے دھونے والا سوڈا ڈالیں، برتن اس پانی میں بھگوکر صاف کرلیں۔ پلاسٹک کے برتنوں سے داغ جاتے رہیں گے۔
٭ نائیلون کے برش پر وم لگا کر رگڑیں اور پھر صابن لگا کر دھولیں، بعد میں کپڑے سے اچھی طرح پونچھ لیں۔ پلاسٹک کے برتن اور ٹوکریاں صاف ہوجائیں گی۔
٭ پانی میں نمک ملا کر دھونے سے بھی پلاسٹک کے برتن اور دوسری اشیاء صاف ہوجائیں گی۔
فرش سے دھبے دور کرنا
٭ فرش پر اگر سفیدی کے دھبے پڑجائیں تو انھیں دور کرنے کے لیے کپڑے دھونے کا سوڈا اور سرسوں کا تیل تھوڑا تھوڑا لے کر حسبِ ضرورت پانی میں حل کرلیں اور پھر اس میں کپڑا بھگو کر فرش پر رگڑیں تو فرش صاف ہوجائے گا۔
٭ چونے کے داغوں کو فوری طور پر تازہ پانی سے اور خشک داغوں کو سرکے اور گرم پانی کے محلول سے بھی صاف کیا جاسکتا ہے۔
٭ کپڑے دھونے کا سوڈا، نمک اور پھٹکری صابن ملے گرم پانی میں ڈال کر فرش دھونے سے بھی داغ دھبے دور ہوجاتے ہیں اور فرش میں چمک پیدا ہوتی ہے۔
٭ فرش پر روغن گر جائے تو اسے مٹی کے تیل سے صاف کیا جاسکتا ہے۔
٭ فرش پر سبز کائی جم جائے تو اس پر سفیدی چھڑک دیں پھر چند گھنٹوں بعد جھاڑو سے اچھی طرح رگڑ کر پانی سے دھولیں، کائی اتر جائے گی۔
٭ سنگِ مرمر کا فرش صاف کرنے کے لیے گرم پانی میں چند قطرے ایمونیا ملا کر دھویا جائے تو وہ بہتر طور پر صاف ہوگا۔
باورچی خانے کی صفائی
٭ باورچی خانے کی نالیوں میں گھی یا چکنائی جم جائے تو ان میں مٹھی بھر کپڑے دھونے کا سوڈا گرائیں اور اس کے اوپر آدھی پیالی سرکہ ڈال دیں، پانچ دس منٹ بعد گرم پانی سے نالی دھوڈالیں۔
٭ لکڑی پر سے دھوئیں یا کالک کے داغ دور کرنے کے لیے نوشادر ملا مٹی کا تیل لکڑی پر لگائیں تو داغ دور ہوجائیں گے۔
٭ ریت اور برتن دھونے کا پاؤڈر ملاکر اس سے بیسن مانجھیں تو وہ خوب صاف ہوجائے گا۔
٭ لوہے کا توا یا کڑاہی دھونے کے بعد تیل لگالیں تو زنگ نہیں لگے گا، انھیں صاف کرنے کے لیے نمدار کپڑے کے ساتھ سوڈا لگا کر ملیں اور دھولیں۔
٭ چھری، کانٹے اور چمچوں کو واشنگ پاؤڈر سے دھونے کے بعد کپڑے سے صاف کریں، چاقو چھریوں کو نمک سے دور رکھیں اور اگر ان پر زیتون کا تیل لگالیں تو وہ دیر تک چمک دار رہیں گے۔ چھری کانٹوں کے دھونے کے لیے سیال بیلچنگ ہرگز استعمال نہ کریں۔ چاقو چھریوں کے دستے لیمن جوس اور نمک ملا کر صاف کریں۔ پلاسٹک کے دستوں کو لیمن جوس اور پانی کے محلول سے صاف کیا جاسکتا ہے۔
فرنیچر کی صفائی
٭ کپڑے یا روئی کو اسپرٹ میں بھگو کر فرنیچر کا میل صاف کیا جاسکتا ہے۔
٭ تارپین کا تیل، السی کا تیل، اسپرٹ اور سرکہ ہم وزن لے کر بوتل میں بھرلیں۔ پھر کسی سوتی کپڑے کو اس محلول میں بھگوکر فرنیچر پر لگائیں، بعد میں خشک کپڑے سے رگڑ کر صاف کرلیں، فرنیچر چمک اٹھے گا۔
٭ گہرے یا سیاہی مائل فرنیچر پر سے خراشوں کے نشانات دور کرنے کے لیے ہارڈ ویئر کی دکانوں سے خصوصی پالش خرید کر استعمال کی جاسکتی ہے۔ ٹنکچر آئیوڈین سے بھی داغ صاف کیے جاسکتے ہیں۔ آبنوس یا ساگوان کی لکڑی کا فرنیچر ساگوان کے تیل سے صاف کریں۔
فریج کی صفائی
٭ فریج گندا ہوجائے تو گرم پانی میں تھوڑا سا سوڈا بائی کارب (کھانے کا سوڈا) ڈال کر اس میں نرم کپڑا بھگو کر صفائی کریں۔
٭ خشک کھانے یا ایسی اشیاء جو ایک دوسرے کی خوشبو جذب کریں انھیں پلاسٹک کے بیگوں میں بند کرکے رکھیں۔
٭ اگر فریج میں ایک چھوٹا پیاز رکھ دیں تو فریج میں سے پھلوں کی بو نہیں آئے گی۔
——