کیاآپ نے کبھی غور کیا ہے طلوع ہونے سے لے کر غروب ہونے تک سورج اپنا رنگ بدلتا رہتا ہے خاص طور پر جب سورج صبح طلوع ہوتا ہے یہ ایک لال گولہ کی مانند نظر آتا ہے۔ جیسے جیسے دن چرھتا جاتا ہے اس کا رنگ سفید ہوتا جاتا ہے۔ مگر شام کے وقت اس کا رنگ دوبارہ لال ہوجاتا ہے۔ کیا آپ جانتے ہیں کہ ایسا کیوں ہوتا ہے؟
زمین سورج کے چاروں طرف گردش کرتی ہے۔ زمین کے جس حصے پر سورج کی روشنی پڑتی ہے اس حصہ میں دن ہوتا ہے اور ہم یہ جانتے ہیںکہ سورج کی سفید روشنی دراصل سات رنگوں کا مجموعہ ہوتی ہے۔ ہرا، اودھا، پیلا، زعفرانی، بنفشی، نیلگوں اور لال۔ صبح و شام میں سورج جب افق کے قریب ہوتا ہے تو سورج کی شعاعوں کو زمین کی سطح تک پہنچنے کے لیے فضا میں نسبتاً ایک لمبا سفر طے کرنا پڑتا ہے۔ اور آبی بخارات دھول کے ذرات، اور فضا میں موجود دیگر ملاوٹیں وغیرہ روشنی کی ان شعاعوں کو مختلف رنگوں میں منتشر کردیتے ہیں۔ ان رنگوں میں سب سے زیادہ منتشر ہونے والا رنگ بنفشی ہوتا ہے جب کہ لال رنگ سب سے کم منتشر ہوتا ہے جس کی وجہ سے لال روشنی ہماری آنکھوں تک بہت زیادہ مقدار میں پہنچتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ہم کو طلوع اور غروب آفتاب کے وقت سورج لال نظر آتا ہے۔