علاج بذریعہ تربوز

؟؟

تربوز ایک پھل ہے، جو مزاج کے لحاظ سے سرد تر درجہ سوم میں ہے۔ یہ بہت فوائد کا حامل ہے۔ مسکن پیاس و صفرا، مدر بول اور ملین طبع ہے۔ تپ صفراوی، تپ محرقہ، سوزش بول، یرقان اور اسہال صفراوی میں نہایت مفید ہے۔

درد سر

درد سر کی بے شمار قسمیں ہیں جن میں سے ایسا سردرد جو گرمی کی وجہ سے ہو اس کے لیے نیچے لکھے ہوئے نسخہ جات فائدہ مند ہیں۔ صرف یہ دیکھ لیا جائے کہ مریض میں یہ علامات پائی جاتی ہیں یا نہیں یعنی اگر مریض کے سر پر ہاتھ لگانے سے گرم معلوم ہو یا مریض کو سر درد کی شکایت آگ پر بیٹھنے یا دھوپ میں چلنے پھرنے سے شروع ہوئی ہو تو یہ نسخے مفید ہیں:

(۱) تربوز کا گودا لے کر اس کو ململ کے باریک اور صاف کپڑے میں ڈال کر اس کا پانی نچوڑ لیں ا ور اس کو شیشہ کے عمدہ گلاس میں ڈال کر قدرے مصری ملاکر صبح کے وقت پلادیا کریں۔ آرام ہوگا۔

(۲) مغز تربوز لے کر ان کو کونڈی میں ڈال کر اور پانی ملاکر خوب گھوٹیں یہاں تک کہ مکھن کی طرح کا ملائم لیپ بن جائے۔ اس کو مریض کے سر اور پیشانی پر مل دیں۔ اس سے درد سر کو فوری آرام ہوگا۔

وہم اور جنون

اگر مریض کو وہم کی زیادتی کی وجہ سے جنون (پاگل پن) کا خدشہ ہورہا ہو، دن بھر طرح طرح کے خیالات ستاتے رہتے ہوں، نیند بہت کم آتی ہو تو نیچے لکھے ہوئے نسخہ جات استعمال کریں۔ اس کے متواتر ۲۱ روز کے استعمال سے یہ بیماری دور ہوکر مریض کی طبیعت درست ہوجاتی ہے۔

(۱) تربوز کے گودے کو نچوڑ کر نکالا ہوا رس پاؤ بھر، گائے کا دودھ پاؤ بھر، مصری اڑھائی تولہ ایک سفید بوتل میں ڈال کر رات کو چاند کی روشنی میں کسی کھونٹی وغیرہ پر لٹکا دیں اور صبح نہار منھ ہی مریض کو پلادیں۔ اسی طرح ۲۱؍روز تک پلاتے رہیں دن بدن وہم مٹتا جائے گا۔

قے

اگر کھانا کھانے کے بعد کلیجہ جلنے لگتا ہو اور پھر قے ہوجاتی ہو مگر قے میں کھانا وغیرہ زردی مائل ہوکرنکلتا ہو تو اس کے لیے تربوز ایک بہترین شے ہے۔ ترکیب یہ ہے کہ روزانہ صبح کے وقت ۲ تولہ تربوز کا پانی قدرے مصری ملاکر پی لیا کریں۔ اس سے معدہ کی اصلاح ہوکر قے کی شکایت رفع ہوجائے گی۔

تربوز ایک شیریں اور لذیذ پھل ہے لیکن اگر اس پر مرچ سیاہ، زیرہ سیاہ اور نمک پیس کر اور چھڑک کر کھایا جائے تو نہ صرف یہ کہ اس کی لذت میں اضافہ ہوجاتا ہے بلکہ ہاضمہ کی بہترین دوا بھی بن جاتا ہے۔ اس کے کھانے میں ڈکار مسلسل آکر بھوک چمک اٹھتی ہے۔

پیاس کی زیادتی

جس شخص کوبار بار پیاس لگتی ہو اور وہ بار بار پانی پی کر بھی سیر نہ ہوتا ہو اس کے لیے تربوز ایک بہترین تریاق ثابت ہوتا ہے کیونکہ اس سے دل کو فرحت حاصل ہوکر تسکین ہوجاتی ہے۔ ترکیب یہ ہے کہ تربوز کا پانی حسبِ خواہش نکال کر شیشے کا گلاس بھر لیں اور پھر اس میں قدرے مصری یا سکنجبین ملاکر پلائیں۔ اگر پیاس کی شکایت عارضی ہو تو دو یا تین بار دیں، ورنہ پرانی ہونے کی حالت میں متواتر سات آٹھ روز تک پلاتے رہنے سے بالکل آرام ہوجاتا ہے۔

اختلاجِ قلب

دل کی دھڑکن کا علاج بھی تربوز میں موجود ہے۔ مغز تربوز ایک تولہ پانی میں گھوٹ چھان کر مصری سے میٹھا کرکے دن میں دو تین مرتبہ پئیں۔ دن بدن اس کا فائدہ محسوس ہوگا۔ اس سے دل کی دھڑکن اور دل کی کمزوری کو قطعی طور پر آرام ہوجاتا ہے۔

گرمی قلب کے لیے

اس نسخہ کی جس قدر بھی تعریف کی جائے کم ہے۔ مجرب اور آزمودہ دوا ہے جس کے لیے ایک ہفتے متواتر استعمال کرنے سے جملہ امراض قلب کا شرطیہ طور پر خاتمہ ہوجاتا ہے۔ تخم تربوز دو تولہ کو رات کے وقت پانی میں بھگودیں، صبح چینی ملاکر چھان کر پی لیں۔

قبض

اس عالمگیر بیماری کے لیے بھی تربوز کا کئی روز تک استعمال کرنا مفید ہے تربوز کھانے سے پیشاب جاری ہوتا ہے۔ متواتر ۱۰؍روز کھا کر دیکھیں، قبض سے افاقہ ہوگا۔

چند پھل اور ان کی خصوصیات

آلو بخارہ: خشکی اور پیاس کو دور کرتا ہے۔ صفراوی بخاروں، صفرا کی حدت اور خون کے جوش کو تسکین دیتا ہے۔

آم: مقوی بدن ہے، خون پیدا کرتا ہے۔ دل ، دماغ، جگر کو طاقت بخشتا ہے، قبض کو دور کرتا ہے اور چہرے کو نکھارتا ہے۔

امرود: قبض کو دور کرتا، دل کی دھڑکن، بواسیر، آنتوں کی گرمی میں مفید ہے۔

انار: دل و جگر کو طاقت بخشتا، خون پیدا کرتا، دل کی دھڑکن، یرقان اور پیاس کی زیادتی میں مفید ہے۔

انجیر: قبض کشا، گردے کی کمزوری، کھانسی، مرگی اور تلی کے امراض میں مفید ہے۔

انگور: دل و دماغ اور جگر کو طاقت بخشتا ہے، خون کی کمی اور بخاروں کی شدت میں مفید ہے۔

انناس: مفرح و مقوی قلب ہے۔ اس سے پیشاب کھل کر آتا، خشکی و پیاس کو دور کرتا ہے۔

پپیتا: آنتوں اور جگر کی صفائی کرتا، بھوک بڑھاتا ہے ۔ جگر کے لیے خاص طور سے مفید ہے۔

جامن: ذیا بیطس میں خاص طور سے مفید ہے، جگر کے امراض اور دستوں کو فائدہ دیتا ہے۔

خوبانی: خون کی حدت، صفرا کی زیادتی اور پیاس کو دور کرتی ہے۔ غذائیت بخشتی ہے۔

رس بھری: گرمی اور صفراوی بخاروں میں مفید ہے۔ پیاس کی زیادتی کو رفع کرتی ہے۔

خربوزہ: بدن کو غذائیت بخشتا، قبض اور خشکی کو دور کرتا ہے، پیشاب صاف لاتا ہے۔

سنگترہ: معدہ، آنتوں کی کمزوری، بخاروں کی گرمی، خون کی خرابی میں مفید ہے، دل کی دھڑکن کو دور کرتا ہے۔

سیب: دل و دماغ، معدہ وجگر کو طاقت دیتا، چہرے کو نکھارتا اور خون پیدا کرتا ہے۔ مثل مشہور ہے ’’جو روزانہ ایک سیب کھاتا ہے وہ ڈاکٹر سے بچا رہتا ہے۔‘‘

شہتوت: پیاس کو دور کرتا اور نزلے، کھانسی میں مفید ہے۔

فالسہ: صفرا کی حدت، پیاس کی شدت اور جگر کی گرمی کو دور کرتا ہے۔

کھجور: کمزوری کو دور کرتی ہے، جوڑوں کے درد میں مفید ہے، مقوی بدن اور خون پیدا کرتی ہے۔

لوکاٹ: پیاس کو دور کرتا، صفراوی بخاروں اور پیشاب کی سوزش میں مفید ہے۔

لیچی: مفرح و مقوی قلب ہے۔ پیاس کو تسکین دیتی ہے۔

لیموں: قے، متلی کو دور کرتا اور خشکی، صفرا کی حدت کو ختم کرتا ہے۔

موسمی: دستوں کے بعد کی کمزوری، دل کی دھڑکن، گٹھا میں مفید ہے۔ خشکی اور پیاس کو دور کرتی ہے۔ بخاروں اور کمزوری کو دور کرتی اور پیشاب کی جلن میں مفید ہے۔

مزید

حالیہ شمارے

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ ستمبر 2023

شمارہ پڑھیں

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ اگست 2023

شمارہ پڑھیں