غزل

رشید کوثر فاروقیؔ

برتو، پرکھو، دیکھو، بھالو

موند کے آنکھیں دل نہ لگالو

کچھ دھوکے دانستہ کھالو

نیکی کرو، دریا میں ڈالو

شہر میں کچھ مفتی رہتے ہیں

حق گویو! دستار سنبھالو

واعظ اور پیامِ محبت

توبہ توبہ، نامِ خدا لو

اندھی محبت، بہری نفرت

دونوں کانٹے دل سے نکالو

چہرے کے دھبوں کی خبر لو

آئینے کو پونچھنے والو

تم ہو مصلحتوں کے پجاری

جان کو کیوں جوکھم میں ڈالو

دھرتی پر آنا ہی پڑے گا

خوش خوابو، رنگین خیالو

بستی بستی آگ لگی ہے

دوڑو دوڑو جنگل والو

جیتے جی فانی ہی رہو گے

مر کے امر ہوجاؤ جیالو

بحثیں اور بھی الجھادیں گی

تم کو اے معصوم سوالو

دشمن کوئی اور نہیں ہے

مجھ کو مرے سائے سے بچالو

رقص کرو کوثرؔ کی دھن پر

دشتِ غزل کے مست غزالو

مزید

حالیہ شمارے

ماہنامہ حجاب اسلامی ستمبر 2024

شمارہ پڑھیں

درج بالا کیو آر کوڈ کو کسی بھی یو پی آئی ایپ سے اسکین کرکے حجاب اسلامی کو عطیہ دیجیے۔ رسید حاصل کرنے کے لیے، ادائیگی کے بعد پیمنٹ کا اسکرین شاٹ نیچے دیے گئے  وہاٹس ایپ پر بھیجیے۔ خریدار حضرات بھی اسی طریقے کا استعمال کرتے ہوئے سالانہ زرِ تعاون مبلغ 600 روپے ادا کرسکتے ہیں۔ اس صورت میں پیمنٹ کا اسکرین شاٹ اور اپنا پورا پتہ انگریزی میں لکھ کر بذریعہ وہاٹس ایپ ہمیں بھیجیے۔

Whatsapp: 9810957146