قارئین حجاب اسلامی سے!

شمشاد حسین فلاحی

محترم قارئین حجابِ اسلامی! ہم ماہنامہ حجاب اسلامی کو بہتر بنانے اور خواتین اور اہل خانہ کو بہتر اور مفید مواد پیش کرنے کے لیے مسلسل کوشاں ہیں اور اللہ کے فضل و کرم سے حجاب اسلامی پہلے بھی پسند کیا جاتا رہا ہے اور اب بھی کیا جارہا ہے۔ اب جبکہ ہم نے اس میں آڈیو اور ویڈیو مواد بھی دینا گزشتہ ایک ڈیڑھ سال سے جاری کردیا ہے، اس کی مقبولیت اور افادیت میں اضافہ ہورہا ہے۔ اس پر ہم اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہیں اور ساتھ ہی قارئین اور محبانِ رسالہ کا بھی۔
اس ماہ ہم چاہتے ہیں کہ اپنے دو مسئلوں کے بارے میں آپ کو آگاہ کریں۔
اس وقت سب سے بڑا مسئلہ اور سب سے بڑا چیلنج حجاب اسلامی کو قارئین تک پہنچانے کا ہے۔ سب جانتے ہیں کہ رسالہ ڈاک کے ذریعہ بھیجا جاتا ہے اور ابھی تک یہی واحد ذریعہ ہے۔ گزشتہ دنوں، خصوصاً کووڈ کے بعد ڈاک کے نظام میں جو غیر ذمہ دارانہ روش نظر آرہی ہے، اس کے سبب رسالہ نہ ملنے کی شکایت بہت بڑھ رہی ہے۔ صورتِ حال یہ ہے کہ رجسٹرڈڈاک سے بھیجے گئے پیکٹ بھی ڈاک کے کارکنان لوگوں تک نہیں پہنچاتے اور بعض اوقات معروف پتوں پر بھی بھیجے گئے بنڈل واپس کردیتے ہیں۔ایسے میں ہمیں مالی نقصان تو ہوتا ہی ہے، رسالہ نہ ملنے کا نقصان کہیں زیادہ بڑا ہے۔
اس تحریر کے ذریعہ ہم اپنے قارئین تک یہ پیغام پہنچانا چاہتے ہیں کہ وہ رسالہ کے سلسلے میں ڈاک کے افراد سے رابطہ رکھیں اور نہ ملنے پر تحریری شکایت کریں اور اس کی کاپی ہمیں ارسال کریں۔ کئی بار ایسا ہوتا ہے کہ پوچھنے پر ڈاک کے لوگ کہہ دیتے ہیں کہ رسالہ نہیں آیا۔ پھر وہ لوگ ہم سے رابطہ کرتے ہیں، انہیں بارکوڈ اور رجسٹرڈ لیٹر نمبر بھیجا جاتا ہے اور وہ جب اصرار کے ساتھ ڈاک کے لوگوں سے بات کرتے ہیں تو وہ پیکٹ یا رسالہ انہیں دے دیتے ہیں۔ یہ تجربہ ہے جو آپ حضرات ہی ہمیں بتاتے ہیں۔ ایسے میں ایک باشعور شہری کی حیثیت سے آپ ہمارے ساتھ تعاون کریں اور شعبۂ ڈاک سے اپنا رسالہ وصول کریں۔
دوسری بات یہ ہے کہ کووڈ کے بعد ملک کی معاشی صورتِ حال کے سبب اشتہارات کا تناسب مسلسل کم ہورہا ہے جو تشویشناک ہے۔ ایسے میں حجاب اسلامی کے کارکنان کا تعاون کرتے ہوئے اشتہارات کے حصول میں تعاون فرمائیں اور لوگوں کو حجاب اسلامی میں اشتہار دینے کے لیے آمادہ کریں۔ یہ ایک مشن ہے۔ گھر گھر تعمیری اسلامی لٹریچر پہنچانے اور خاندان کو مستحکم اور اسلامی بنیادوں پر تشکیل دینے کا مشن۔ اس میں آپ کا تعاون درکار ہے۔
ہم امید کرتے ہیں کہ قارئین حجاب مذکورہ باتوں پر توجہ دے کر ہمارے ساتھ تعاون فرمائیں گے۔

مزید

حالیہ شمارے

ماہنامہ حجاب اسلامی ستمبر 2024

شمارہ پڑھیں

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ ستمبر 2023

شمارہ پڑھیں

درج بالا کیو آر کوڈ کو کسی بھی یو پی آئی ایپ سے اسکین کرکے حجاب اسلامی کو عطیہ دیجیے۔ رسید حاصل کرنے کے لیے، ادائیگی کے بعد پیمنٹ کا اسکرین شاٹ نیچے دیے گئے  وہاٹس ایپ پر بھیجیے۔ خریدار حضرات بھی اسی طریقے کا استعمال کرتے ہوئے سالانہ زرِ تعاون مبلغ 600 روپے ادا کرسکتے ہیں۔ اس صورت میں پیمنٹ کا اسکرین شاٹ اور اپنا پورا پتہ انگریزی میں لکھ کر بذریعہ وہاٹس ایپ ہمیں بھیجیے۔

Whatsapp: 9810957146