قارئین حجاب اسلامی کے نام

شمشاد حسین فلاحی

ماہنامہ حجاب اسلامی دہلی سے اپنی اشاعت کے ۹ سال مکمل کرنے والا ہے۔ اس عرصہ میں اللہ کے فضل وکرم سے آپ کے اس ماہنامے نے اردو قارئین کے بڑے حلقے کو اپنا گرویدہ بنا لیا ہے۔ کئی بڑی اردو ریاستوں میں رسالہ گائوں، دیہات تک رسائی حاصل کرنے میں کامیاب ہوا ہے۔ قارئین حجاب کا حجاب اسلامی سے جو مضبوط تعلق ہے اسے دیکھ کر اندازہ ہوتا ہے کہ رسالہ نے لوگوں کے دلوں میں اور ہزاروں گھروں میں اپنی جگہ بنائی ہے۔

لیکن اس کے ساتھ ہی حجاب اسلامی کے چند بڑے ہی اہم اور سنگین مسائل بھی ہیں اور اس ماہ ایک مرتبہ پھر مجبور ہو کر ہم اپنے محترم قارئین کے ساتھ ان پر گفتگو کرنا چاہتے ہیں تاکہ وہ بھی ان مسائل کو اچھی طرح سمجھ لیں اور ادارے کے سلسلے میں کسی غلط فہمی کا شکار نہ ہوں۔

قارئین جانتے ہیں کہ دوسرے رسائل کی طرح ہمیں بھی حجاب اسلامی کو قارئین تک پہنچانے کے لیے ڈاک کے نظام کا ہی سہارا لینا پڑتا ہے۔اور ڈاک کا نظام کتنا چست درست ہے اس کا اندازہ لگانا مشکل نہیں۔ کئی مقامات پر ایسا ہوتا ہے کہ حجاب کا نمائندہ ڈاک خانے میں جا کر جب معلومات لیتا ہے تو پوسٹ آفس کے ایک کونے میں حجاب اسلامی اور دیگر رسائل کے دسیوں بنڈل اور سیکڑوں کاپیاں پڑی ہوئی ملتی ہیں۔ ایسا مہاراشٹر کے کئی مقامات پر ہوا۔

٭ ایک اور مسئلہ یہ ہے کہ رسالہ یہاں سے بھیجا جاتا ہے ۔ پتہ بھی درست ہوتا ہے مگر صرف اس وجہ سے کہ متعلقہ علاقے کے پوسٹ مین کو اسے گھر پہنچانے کی زحمت اٹھانی پڑے گی، وہ وہیں سے اسے Return to Sender لکھ کر پتہ سلپ نکال کر پھینک دیتا ہے۔ رسالہ تو ہمیں واپس مل جاتا ہے مگر یہ معلوم نہیں ہو پاتا کہ یہ رسالہ کیوں اور کہاں سے واپس آیا ہے۔

٭ بعض رسالے واپس آتے ہیں تو ان میں پتہ سلپ لگی تو ہوتی ہے۔ مگر جب ان پر ربط کی کوشش کی جاتی ہے تو اکثر موبائل نمبر پر ربط نہیں ہو پاتا۔ایسے میں ہم قارئین سے رابطہ کرنے میں ناکام ہو جاتے ہیں۔

ہم اپنے قارئین سے ہمیشہ درخواست کرتے رہے ہیں کہ رسالہ نہ ملنے کی صورت میں وہ فوراً ہم سے رابطہ کریں تاکہ رسالہ دوبارہ انھیں بھیجا جاسکے۔ مگر لوگ ایسا نہیں کرتے اور جب ہمارا نمائندہ تجدید خریداری کے لیے ان کے پاس جاتا ہے تو شکایت کرتے ہیں کہ ہمیں تو رسالہ سال بھر ملا ہی نہیں۔ ایسے میں بعض احباب کچھ زیادہ ہی غصے اور شدت کا مظاہرہ کرتے ہیں جو ہمارے اور ہمارے نمائندے کے لیے تکلیف دہ ہوتا ہے۔ حالانکہ اگر ہم رسالہ نہ بھیج رہے ہوتے یا ہم خریداروں سے پیسے لے کرغائب ہونے والے ہوتے تو اس طرح ہمارے نمائندے ہر سال آپ کے پاس تجدید خریداری کے لیے نہ آتے۔ ہم نے اپنے خریداروں کو جہاں بارہا اس بات کی طرف متوجہ کیا ہے

کہ وہ رسالہ نہ ملنے کی صورت میں ہم سے رابطہ کریں وہیں مسلسل رسالہ نہ ملنے کی صورت میں اپنے پوسٹ آفس میں تحریری شکایت درج کرنے کی اور اس کی کاپی ہمیں ارسال کرنے کی درخواست بھی کی ہے۔ لیکن کیوں کہ لوگ ایسا نہیں کرتے اس لیے ہم بھی اس شکایت کو اعلی حکام تک نہیں پہنچا پاتے۔
اس موقع پر حجاب اسلامی کے قارئین سے ایک بار پھر ہم دست بستہ درخواست کرتے ہیں کہ وہ ادارے کے ساتھ تعاون کرتے ہوئے ان باتوں پر توجہ دیں۔ ہم آپ کو یقین دلاتے ہیں کہ ادارہ اپنے قارئین کے زر تعاون کو امانت اور رسالہ کی ترسیل کو اپنا فرض اور ذمہ داری تصور کرتے ہوئے کام کرتا ہے۔
٭٭
گذشتہ جون میں ہم نے رسالے کا سائز اور کاغذ وغیرہ تبدیل کرکے اسے بہتر، خوبصورت اور پر کشش بنانے کی اپنی جانب سے کوشش کی تھی۔ اس پر قارئین حجاب اسلامی نے اپنی رائے کا اظہار کیا ہے۔ کچھ لوگوں نے اسے پسند کیا اور کچھ لوگوں نے پہلے والے سائز کی وکالت کی ۔ مگر کاغد اور طباعت کے اسی معیار کو باقی رکھنے کا مشورہ دیا۔گذشتہ شماروں میں ہم نے ’’سائز کیا ہو؟‘‘ کے موضوع پر اپنے قارئین سے رائے دینے کی درخواست کی تھی۔ جس کا حیرت انگیزنتیجہ برآمد ہوا۔ کئی جگہوں سے بہنوں کے اجتماعی خطوط آئے ، کئی نے اپنے حلقہ احباب کی نمائندگی کرتے ہوئے ای میل اور smsکئے۔ درجنوں لوگوں نے ٹیلیفون پر کال کرکے اپنی رائے دی۔ چند ایک خطوط تو ہم نے اس شمارے میں نمائندے کے طور شائع کیے ہیں مگر درجنوں خطوط ایسے ہیں جنھیں ہم شائع نہیں کر رہے۔
اس موقع پر ہمیں 173ایس ایم ایس، 56ای میل اور 70سے زیادہ فون کال موصول ہوئیں جن میں غالب اکثریت نے پہلے والے سائز کو ترجیح دینے کی بات کہی ہے۔ یہ خطوط ، ایس ایم ایس ، ای میل اور فون کالس ، دس ہزار کے قریب قارئین حجاب کی نمائندگی کرتے ہیں اور ہم ان کی رائے کا احترام کرنا اپنا فرض تصور کرتے یں۔ ہم اپنے قارئین کو یقین دلاتے ہیں کہ ہم آپ کے محبوب ماہنامے کو آپ کے مشورے کی روشنی میں بہتر بنانے کے لیے کوشاں ہیں اور رہیں گے۔ بس آپ کا ہم سے تعلق مضبوط تر ہونا چاہیے اورآپ کی تجاویز و مشورے ہمیں حاصل رہنے چاہئیں۔
ہم اللہ تعالی کا شکراداکرتے ہوئے اپنے تمام قارئین کے بھی شکر گزار ہیں جو حجاب اسلامی کو اپنا رسالہ سمجھتے ہوئے اس کے حق میں بہتر مشورے دیتے ہیں اور دیتے رہیں گے۔
شمشاد حسین فلاحی

 

مزید

حالیہ شمارے

ماہنامہ حجاب اسلامی ستمبر 2024

شمارہ پڑھیں

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ ستمبر 2023

شمارہ پڑھیں

درج بالا کیو آر کوڈ کو کسی بھی یو پی آئی ایپ سے اسکین کرکے حجاب اسلامی کو عطیہ دیجیے۔ رسید حاصل کرنے کے لیے، ادائیگی کے بعد پیمنٹ کا اسکرین شاٹ نیچے دیے گئے  وہاٹس ایپ پر بھیجیے۔ خریدار حضرات بھی اسی طریقے کا استعمال کرتے ہوئے سالانہ زرِ تعاون مبلغ 600 روپے ادا کرسکتے ہیں۔ اس صورت میں پیمنٹ کا اسکرین شاٹ اور اپنا پورا پتہ انگریزی میں لکھ کر بذریعہ وہاٹس ایپ ہمیں بھیجیے۔

Whatsapp: 9810957146