قدرتی اشیا سے حسن نکھاریں!

سیدہ نزہت فاطمہ

جیسے جیسے دنیا ترقی کررہی ہے۔ اس بات کی ضرورت شدید ہوتی جارہی ہے کہ انسان فطرت کی طرف پلٹے۔ میک اپ اور اعلیٰ قسم کی کاسمٹکس کے زمانے میں ’ہربل‘ چیزوں کے استعمال پر زور دیا جارہا ہے۔ اگر ایسا ہے تو آپ قیمتی بازاری کاسمٹکس کی اشیا کیوں خریدیں؟ کیوں نہ روز مرہ کے استعمال کی چیزوں سے حسن نکھاریںاور پیسہ بھی بچائیں۔ یہاں ہم کچھ ایسی چیزیں پیش کررہے ہیں جن کا استعمال آپ کے حسن کو دوبالا بھی کرے گا اور مصنوعی اشیا کے مضر اثرات سے آپ کی حفاظت بھی کرے گا۔

لونگ

لونگ ایک ایسا روایتی مصالحہ ہے جس کا استعمال تقریباً ہر ہندوستانی گھر میں کیا جاتا ہے۔ لونگ کا استعمال بیوٹی ماسک اور ٹونک بنانے کے لیے ہوتا ہے۔ جب بھی آپ سر درد میں مبتلا ہوں تو دس عدد لونگ گرائنڈ کرلیں اور اس کی پیٹس کو کنپٹیوں پر لگائیں۔ کیل مہاسوں سے پریشان خواتین کے لیے بھی لونگ کا استعمال مفید ہے۔ دس گرام لونگ، دو چمچے پودینہ پیسٹ، ایک چمچہ چنے کا آٹا لے کر ان سب اشیا کو ٹھنڈے پانے میں ملاکر چہرے پر لگائیں۔ جب سوکھ جائے تو فریج کے ٹھنڈے پانی سے چہرہ دھو ڈالیں۔ اس پیک کا استعمال ہر قسم کی جلد پر کیا جاسکتا ہے۔

کھیرا

کھیرا ایک قدرتی ٹونر ہے اور یہ جلد کو نکھارتا ہے۔ کھیرے کا جوس گرمی سے جھلسی ہوئی جلد کو راحت پہنچانے میں بے حد مفید ہے۔ کھیرا کو کچل کر چہرے پر لگانے سے جلد چکنی بنتی ہے، جھریاں دور ہوتی ہیں اور ہاتھوں پر لگانے سے جلد نرم و ملائم بنتی ہے۔ کھیرے کے گول ٹکڑے فریج میں رکھ کر ٹھنڈا کرلیں اور آنکھوں پر رکھیں دن بھر کی دوڑ بھاگ کے بعد یہ نسخہ آنکھوں کو ٹھنڈک پہنچاتا ہے اور جلن دور کرتا ہے۔ کھیرے کو کچل کر اس میں لیمو کا رس اور ملتانی مٹی ملاکر چہرے پر لگانے سے جلد چمکدار ہوتی ہے۔

لیمو

لیمو کی خوشبو اور بلیچنگ کی خوبیاں اسے ہر دلعزیز بناتی ہیں۔ ایک چائے کا چمچہ شکر اور لیمو کا نصف حصہ گھٹنوں اور کہنیوں پر رگڑنے سے ان اعضاء کی رنگت نکھر جاتی ہے۔ لیمو ایک بہترین قدرتی کنڈیشنر ہے۔ ایک گلاس چائے کے پانی میں ایک لیمو کا رس ملائیں اور شیمپو کے بعد کنڈیشنر کے طور پر استعمال کریں۔ یہ نسخہ بالوں کو چمکدار اور خوبصورت بناتا ہے۔ سگریٹ پینے یا طویل عرصے تک ناخنوں پر گہرے رنگ کی نیل پالش لگانے سے اکثر ناخن پیلے پڑجاتے ہیں۔ ایک مہینے تک روزانہ ناخنوں پر آدھا لیمو رگڑنے سے نہ صرف ناخن چمکدار ہوجاتے ہیں بلکہ ان کا قدرتی گلابی رنگ بھی لوٹ آتا ہے۔ لیمو کے چھلکے سکھا کر گرائنڈ کرلیں۔ اس سفوف میں آٹا اور بادام کا پاؤڈر ملاکر ایک موثر پیسٹ تیار کیا جاتا ہے۔

بادام

بادام میں وٹامن ای کثیر مقدار میں پایاجاتا ہے۔ بادام کا استعمال ہر طرح سے مفید ہے۔ اس کے تیل کی چند بوندوں سے آنکھوں کی مالش، آنکھوں کے گرد سیاہ حلقے دور کرتی ہے۔

انڈا

بالوں اور جلد کی خوبصورتی کے لیے انڈے کااستعمال بہت مفید ہے۔ اگر آپ کی آنکھوں کے گرد جھریاں پڑگئی ہیں تو اس جگہ پر انڈے کی سفیدی لگائیں۔ پوری طرح سوکھ جائے تو برف کے ٹھنڈے پانی سے دھودیں۔ ہر دوسرے دن یہ نسخہ آزمانے پر آپ دیکھیں گی کہ ایک مہینے میں جھریاں غائب ہورہی ہیں۔ انڈہ ایک بہترین کنڈیشنر ہے۔ دو انڈوں میں ایک چمچہ آنولا، شکاشکائی اور ریٹھا پاؤڈر ملا کر بالوں کی جڑوںپر لگائیں۔ ایک گھنٹے بعد شیمپو کرلیں۔ مہندی میں انڈا ملاکر بھی بالوں کو چمک بخشی جاسکتی ہے۔

پپیتہ

پپیتہ جلد کو صاف اور نرم ملائم بناتا ہے۔ سورج کی تمازت سے جھلسی ہوئی جلد کے لیے پپیتے کو کچل کر فریج میں رکھ کر ٹھنڈا کرلیں اور چہرے پر لگائیں۔

ٹماٹر

ٹماٹر جلد کی زائد چکنائی دور کرتا ہے۔ اس کے ٹکڑے چہرے پر ملنے سے جلد صاف ہوتی ہے اور black headsدور ہوتے ہیں۔

آلو

فریج میں رکھ کر ٹھنڈے کیے گئے آلو کے قتلے آنکھوں کے گرد سیاہ حلقے ہٹانے میں مفید ہیں۔ آلو کا جوس ایک بہترین ٹونر ہے جو جلد میں کساؤ پیدا کرتا ہے۔

مزید

حالیہ شمارے

ماہنامہ حجاب اسلامی ستمبر 2024

شمارہ پڑھیں

درج بالا کیو آر کوڈ کو کسی بھی یو پی آئی ایپ سے اسکین کرکے حجاب اسلامی کو عطیہ دیجیے۔ رسید حاصل کرنے کے لیے، ادائیگی کے بعد پیمنٹ کا اسکرین شاٹ نیچے دیے گئے  وہاٹس ایپ پر بھیجیے۔ خریدار حضرات بھی اسی طریقے کا استعمال کرتے ہوئے سالانہ زرِ تعاون مبلغ 600 روپے ادا کرسکتے ہیں۔ اس صورت میں پیمنٹ کا اسکرین شاٹ اور اپنا پورا پتہ انگریزی میں لکھ کر بذریعہ وہاٹس ایپ ہمیں بھیجیے۔

Whatsapp: 9810957146