قربانی

محشر جہاں بنت طاہر علی

قربانی کی حقیقی روح
قربانی کا جو طریقہ حضور ﷺ نے سکھایا وہ یہ تھا کہ عیدالاضحی کی دوگانہ نماز ادا کرنے کے بعد قربانی کی جائے اور جانور ذبح کرتے وقت یہ کہا جائے:
إِنِّیْ وَجَّہْتُ وَجْہِیَ لِلَّذِیْ فَطَرَ السَّمٰوٰتِ وَالْأَرْضَ حَنِیْفاً وَّمَا أَنَا مِنَ الْمُشْرِکِیْنَ۔ إِنَّ صَلٰوتِیْ وَ نُسُکِیْ وَمَحْیَایَ وَمَمَاتِیْ لِلّٰہِ رَبِّ الْعَالَمِیْنَ لَا شَرِیْکَ لَہٗ وَبِذٰلِکَ أُمِرْتُ وَأَنَا أَوَّلُ الْمُسْلِمِیْنَ0أَللّٰہُمَّ مِنْکَ وَلَکَ۔
’’میں نے ہر طرف سے یکسو ہوکر اپنا رُخ اُس پاک ذات کی طرف پھیر لیا ہے جس نے آسمانوں اور زمین کو بنایا ہے اور میں مشرکوں میں سے نہیں ہوں۔ یقینا میری نماز اور میری عبادت اور میرا جینا اور مرنا سب اُس اللہ کے لیے ہے جو تمام جہانوں کا پروردگار ہے۔ جس کا کوئی شریک نہیں۔ اسی کا مجھے حکم دیا گیا ہے اور میں سب سے اوّل فرماں بردار ہوں۔ اے میرے اللہ! یہ تیری طرف سے ہے اور تیرے ہی لیے ہے۔‘‘
ان الفاظ پر غور کیجیے۔ ان میں وہ تمام وجوہ شامل ہیں، جن کی بنیادپر قرآنِ مجید میں قربانی کا حکم دیا گیا ہے۔ ان میں اس بات کا اعلان ہے کہ دیوتاؤں کے لیے قربانیاں کرنے والے مشرکین کے برعکس ہم صرف خدائے وحدہٗ لاشریک کے لیے قربانی کی عبادت بجالارہے ہیں۔ان میں اس بات کا اعلان بھی ہے کہ اپنے پیدا کیے ہوئے جانوروں سے فائدہ اٹھانے کی جو نعمت اللہ تعالیٰ نے ہمیں بخشی ہے اس کا شکریہ ادا کرنے کے لیے نذر ہم اس کے حضور پیش کررہے ہیں۔ ان میں یہ اعلان بھی ہے کہ اس مال کے اصل مالک ہم نہیں ہیں، بلکہ یہ اللہ کے جانور ہیں، جن پر اس نے ہمیں تصرف کا اختیار بخشا ہے، اور اس کی کبریائی کے اعتراف میں یہ نذرانہ ہم اس کے حضور گزران رہے ہیں۔ اس میں یہ اظہار بھی ہے کہ جس طرح ہمیں حکم دیا گیا تھا ٹھیک اسی طرح ہم ابھی صرف اللہ کے لیے نماز ادا کرکے آئے ہیں اور اب خالصاً اسی کے لیے قربانی کے فرمان کی تعمیل کررہے ہیں۔ پھر، ان سب سے بڑھ کر، ان الفاظ میں اللہ تعالیٰ کے ساتھ یہ عہد وپیمان بھی ہے کہ ہماری نماز اور قربانی ہی نہیں، ہمارا مرنا اور جینا بھی صرف اسی کی ذاتِ پاک کے لیے ہے۔ اور یہ عہد و پیمان اس تاریخی دن میں کیا جاتا ہے جس دن اللہ کے دو بندوں نے اپنے عمل سے بتایا تھا کہ جینا اور مرنا اللہ کے لیے ہونے کا مطلب کیا ہے۔
تکبیر تشریق
اللّٰہ اکبر اللّٰہ اکبر لا الـٰہ الاَّ اللہ واللّٰہ اکبر، اللّٰہ اکبر وللّٰہ الحمد۔
’’اللہ سب سے بڑا ہے، اللہ سب سے بڑا ہے، اس کے سوا کوئی معبود نہیں اور اللہ سب سے بڑا ہے، اللہ سب سے بڑا ہے، اور تمام تعریفیں اللہ کے لیے ہیں۔‘‘
مسئلہ
ذوالحجہ کی نویں تاریخ کی نمازِ فجر سے لے کر تیرہویں تاریخ کی عصر تک ہر فرض نماز کے بعد بآواز بلند ایک بار تکبیرِ تشریق کہنا واجب ہے۔ امام بھول جائے تو مقتدی خود شروع کردیں، اس کا انتظار نہ کریں۔ عورتوں پر بھی اس تکبیر کا پڑھنا واجب ہے، لیکن وہ آہستہ آواز سے پڑھیں۔
ذبح سے پہلے قربانی کی دعا
إِنِّیْ وَجَّہْتُ وَجْہِیَ لِلَّذِیْ فَطَرَ السَّمٰوٰتِ وَالْأَرْضَ حَنِیْفاً وَّمَا أَنَا مِنَ الْمُشْرِکِیْنَ۔ إِنَّ صَلٰوتِیْ وَ نُسُکِیْ وَمَحْیَایَ وَمَمَاتِیْ لِلّٰہِ رَبِّ الْعَالَمِیْنَ لَا شَرِیْکَ لَہٗ وَبِذٰلِکَ أُمِرْتُ وَأَنَا أَوَّلُ الْمُسْلِمِیْنَ0
’’میں نے ہر طرف سے یکسو ہوکر اپنا رُخ اُس پاک ذات کی طرف پھیر لیا ہے جس نے آسمانوں اور زمین کو بنایا ہے اور میں مشرکوں میں سے نہیں ہوں۔ یقینا میری نماز اور میری عبادت اور میرا جینا اور مرنا سب اُس اللہ کے لیے ہے جو تمام جہانوں کا پروردگار ہے۔ جس کا کوئی شریک نہیں۔ اسی کا مجھے حکم دیا گیا ہے اور میں سب سے اوّل فرماں بردار ہوں۔‘‘
اس کے بعد أَللّٰہُمَّ مِنْکَ وَلَکَ بِسْمِ اللّٰہِ اَللّٰہُ أَکْبَرُ۔’’اے میرے اللہ! یہ تیری ہی طرف سے ہے اور تیرے ہی لیے ہے۔ اللہ کے نام سے۔ اللہ سب سے بڑا ہے۔‘‘ کہہ کر جانور کو قبلہ رخ لٹا کر ذبح کریں۔
قربانی کے بعد یہ دعا پڑھیں
أَللّٰہُمَّ تَقَبَّلْ مِنِّیْ کَمَا تَقَبَّلْتَ مِنْ خَلِیْلِکَ إِبْرَاہِیْمَ وَحَبِیْبِکَ مُحَمَّدٍ عَلَیْہِمَا الصَّلوٰۃُ وَالسَّلَامُ۔
’’اے اللہ! میری طرف سے اسے قبول فرما جیسا کہ تو نے اپنے خلیل ابراہیم (علیہ السلام) اور اپنے حبیب محمد(ﷺ) کی طرف سے قبول فرمایا۔‘‘
اگر قربانی کے جانور میں سات لوگ شریک ہوں تو مِنِّیْ کے بجائے مِنْ کے بعد ان ساتوں حصہ داروں کے نام لیے جائیں۔
——

 

 

 

مزید

حالیہ شمارے

ماہنامہ حجاب اسلامی ستمبر 2024

شمارہ پڑھیں

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ ستمبر 2023

شمارہ پڑھیں

درج بالا کیو آر کوڈ کو کسی بھی یو پی آئی ایپ سے اسکین کرکے حجاب اسلامی کو عطیہ دیجیے۔ رسید حاصل کرنے کے لیے، ادائیگی کے بعد پیمنٹ کا اسکرین شاٹ نیچے دیے گئے  وہاٹس ایپ پر بھیجیے۔ خریدار حضرات بھی اسی طریقے کا استعمال کرتے ہوئے سالانہ زرِ تعاون مبلغ 600 روپے ادا کرسکتے ہیں۔ اس صورت میں پیمنٹ کا اسکرین شاٹ اور اپنا پورا پتہ انگریزی میں لکھ کر بذریعہ وہاٹس ایپ ہمیں بھیجیے۔

Whatsapp: 9810957146